0
Wednesday 30 Jul 2014 15:14
دہشتگردی کیخلاف جنگ ملکی بقاء کی جنگ ہے

دہشتگردوں نے بندوق کی نوک پر ملک کو یرغمال بنا رکھا تھا، شہباز شریف

وزیرستان متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا
دہشتگردوں نے بندوق کی نوک پر ملک کو یرغمال بنا رکھا تھا، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے بندوق کی نوک پر ملک کو یرغمال بنا رکھا تھا، آپریشن قوم کو دہشتگردی سے نجات دلانے کیلئے شروع کیا گیا۔ وزیراعلٰی شہباز شریف بنوں میں شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کے ساتھ عید منانے کیلئے بنوں پہنچے اور متاثرین کے ساتھ عید ملے، متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے متاثرین کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے بندوق کی نوک پر ملک کو یرغمال بنا رکھا تھا۔ وزیراعلٰی پنجاب نے بتایا کہ وزیراعظم نے قوم کو دہشتگردی سے نجات دلانے کیلئے آپریشن کا فیصلہ کیا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی قیات میں ضرب عضب شروع کیا گیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم سب قوم کو جوابدہ ہیں اور یوم آزادی پر قوم ہم سے حساب مانگے گی، وزیراعلٰی پنجاب نے مزید کہا کہ موجودہ حالات ہمارے اپنے پیدا کردہ ہیں، دشمن ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں کرپشن نہ ہوتی تو آج پیسوں کی کمی نہ ہوتی۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اور گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی بھی وزیراعلٰی پنجاب کے ساتھ بنوں پہنچے۔ اس موقع پر مہمانوں کو پختونوں کی روایتی پگڑی بھی پہنائی گئی۔

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف متاثرین شمالی وزیرستان کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے بنوں پہنچ گئے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اپنی حالت بدلنے کیلئے پوری قوم کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا، شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں ہسپتال، یونیورسٹی اور دانش سکول بنانے کا اعلان بھی کر دیا۔ شہباز شریف، وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اور گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی کے ہمراہ آئی ڈی پیز کیمپ پہنچے۔ شمالی وزیرستان کے عمائدین نے مہمانوں کو روایتی کلے بھی پہنائے۔ متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ ملکی بقاء کی جنگ ہے، دہشگردوں نے اپنا نظریہ بندوق کے زور پر نافذ کرنے کی کوشش کی، افواج پاکستان کا مکا پڑے گا تو دشمن کہیں نظر بھی نہیں آئے گا۔ وزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ امن کی خاطر ہجرت کا دکھ جھیلنے والوں نے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی پوری قوم ان کے ساتھ ہے، متاثرین کیلئے جو کچھ بھی کیا فرض سمجھ کر کیا، آئی ڈی پیز کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں جدید ترین ہسپتال، یونیورسٹی، دانش سکول اور ماڈل بستی کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی کا کہنا تھا کہ قوم امن کیلئے گھر بار چھوڑنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے، متاثرین کو نقصان کا پورا معاوضہ دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 402185
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش