اسلام ٹائمز 11 Aug 2022 گھنٹہ 23:55 https://www.islamtimes.org/ur/news/1008716/خیبر-پختونخوا-کے-حالات-سازش-تحت-خراب-کیے-جارہے-ہیں-سراج-الحق -------------------------------------------------- ٹائٹل : خیبر پختونخوا کے حالات سازش کے تحت خراب کیے جارہے ہیں، سراج الحق -------------------------------------------------- جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے ملک کا ہر پانچواں فرد ڈپریشن کا شکار ہے، نوجوان بے روزگار اور مستقبل سے خوفزدہ ہیں کیوں کہ موجودہ حکومت کے چند ماہ میں مہنگائی میں 43 فیصد اضافہ ہوا۔ متن : اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خیبر پختونخوا میں حالات کشیدہ ہونے کو سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ جل رہا اور وزیراعلیٰ کے پی بنی گالہ میں بانسری بجا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک مرتبہ پھر حالات ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی کے میں امن و امان کی صورت حال شدید خراب ہے۔ سازش کے تحت کے پی کے حالات بگاڑے جا رہے، صوبہ جل رہا اور وزیراعلیٰ کے پی بنی گالہ میں بانسری بجا رہا ہے، اب عوام اب خاموش نہیں بیٹھے گی۔ امیر جماعت اسلامی کا بڑھتی ہوئی مہنگائی سے متعلق کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے معاشی تباہی اور امن کی پامالی کی بنیاد ڈالی تو پی ڈی ایم نے جلتی پر تیل کا کام کیا، اب عام آدمی بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہونے کے ساتھ ساتھ عدم تحفظ کا بھی شکار ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے ملک کا ہر پانچواں فرد ڈپریشن کا شکار ہے، نوجوان بے روزگار اور مستقبل سے خوفزدہ ہیں کیوں کہ موجودہ حکومت کے چند ماہ میں مہنگائی میں 43 فیصد اضافہ ہوا۔