اسلام ٹائمز 10 May 2021 گھنٹہ 1:49 https://www.islamtimes.org/ur/news/931729/افغانستان-بیت-المقدس-میں-دہشتگردی-کی-مذمت-کرتے-ہیں-علامہ-ساجد-نقوی -------------------------------------------------- ٹائٹل : افغانستان و بیت المقدس میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں، علامہ ساجد نقوی -------------------------------------------------- اپنے ایک بیان ایس یو سی کے سربراہ نے میں مسجد اقصیٰ اور افغانستان میں تعلیمی ادارے پر الگ الگ حملوں پر اپنے ردعمل میں کہا کہ صیہونیت اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے امہ کو متحد ہونا ہوگا۔ متن : اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے فلسطین میں نمازیوں اور افغانستان میں تعلیمی ادارے پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے، عالمی اداروں کو متوجہ کرتے ہوئے ظلم کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے مسجد اقصیٰ اور افغانستان میں تعلیمی ادارے پر الگ الگ حملوں پر اپنے ردعمل میں کہا کہ صیہونیت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلم امہ کو متحد ہونا ہوگا، آئے روز اسرائیلی مظالم بڑھ رہے ہیں، اقوام متحدہ اور او آئی سی کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر قابض اسرائیلی فوج کا حملہ ظلم کی انتہاء ہے۔ انہوں نے افغانستان میں طالبات کے تعلیمی ادارے پر شرپسندوں کی طرف سے ہونے والے حملے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبات پر حملہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائیں، افغانستان حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے، استعمار نے افغانستان کو تباہ کرنے کے بعد انخلا کا اعلان کیا ہے مگر یہ اعلان فی الوقت صرف زبانی کلامی ہے اور اپنے قبضے کو دوام بخشنے کے لئے مختلف بہانے تراشے جا رہے ہیں، جب سے انخلا بارے خبریں آنا شروع ہوئیں، ایک مرتبہ پھر افغانستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوگیا، جو کہ تشویش ناک ہے۔ انہوں نے مسجد اقصٰی اور افغان طالبات کے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔