اسلام ٹائمز 20 Jul 2021 گھنٹہ 21:58 https://www.islamtimes.org/ur/news/944393/عیدالاضح-ی-کے-موقعہ-پر-انجمن-شرعی-شیعیان-صدر-ا-غا-سید-حسن-کا-ہدیہ-تہنیت -------------------------------------------------- ٹائٹل : عیدالاضحٰی کے موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن کا ہدیہ تہنیت -------------------------------------------------- انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے کہا کہ جذبہ قربانی خدا کی بندگی اور انسانی اقدار کا روشن ترین پہلو ہے، نظام قدرت بھی بنیادی طور پر جذبہ قربانی سے ہی قائم و دائم ہے۔ متن : اسلام ٹائمز۔ آغا سید حسن موسوی نے کہا کہ عیدالاضحٰی کے موقعہ پر فرزندان توحید کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے دنیائے بشریت کی امن و سلامتی اور عالم اسلام کی سربلندی کے لئے دعاگو ہوں۔ عید قربان سیدنا حضرت ابراہیم (ع) کے جذبہ ایثار و قربانی، ان کے فرزند سعادت مند سیدنا حضرت اسماعیل (ع) کے جذبہ صبر و رضا اور ان کی مادر گرامی حضرت حاجرہ کے خدا پرستانہ کردار و عمل کی یاد تازہ کرتے ہوئے تقرب الٰہی کے لئے عظیم قربانیوں کی اہمیت اور ضرورت کو اجاگر کرتی ہے۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پدر و پسر اور مادر کے اس جذبہ عشق و عرفان الٰہی سے راضی ہو کر اسے مراسم حج کی صورت میں رہتی دنیا تک زندہ و جاوید رکھا۔ آغا سید حسن نے کہا کہ حج اللہ تعالٰی کی طرف بازگشت اور کفر و شرک سے اظہار برائت کا علامتی مظاہرہ ہے اور امت مسلمہ کا سب سے بڑا دینی و سیاسی اجتماع ہونے کے ساتھ ساتھ جسد واحدہ کی ایک عملی علامت بھی ہے۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے کہا کہ جذبہ قربانی خدا کی بندگی اور انسانی اقدار کا روشن ترین پہلو ہے، نظام قدرت بھی بنیادی طور پر جذبہ قربانی سے ہی قائم و دائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی سال کا آغاز بھی قربانی اور اختتام بھی قربانی ہے ہمیں اللہ تعالیٰ کے دین کے تحفظ و بقا کے لئے ہمہ وقت قربانیوں کے لئے آمادہ رہنا چاہیئے یہی عید الاضحٰی کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وبائی صورتحال میں اگلے محاذوں پر لڑائی لڑنے والے ڈاکٹر صاحبان طبی عملے اور دیگر محکمہ جات کے اہلکاروں کی خدمات ایک بے لوث جذبہ قربانی ہے جو ہر لحاظ سے قابل تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انجمن شرعی شیعیان کی کیو آر ٹی ٹیموں نے گزشتہ تین سال کے دوران قابل تعریف خدمات انجام دی انکے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، اب جبکہ وبائی صورتحال میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں ہمیں احتیاتی تدابیر سے لا پرواہ نہیں ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عید سادگی سے منائی جائے اور قربانیوں کے دوران بھی احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھا جائے، محتاج و مساکین کی مدد و معاونت کرکے جذبہ ایثار اور اخوت اسلامی کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی عید قربان کے طفیل عالم بشریت کو ہر قسم کے آفات سے محفوظ و مامون فرمائیں۔