اسلام ٹائمز 27 Jun 2022 گھنٹہ 14:40 https://www.islamtimes.org/ur/video/1001354/مقبوضہ-کشمیر-میں-باقر-العلوم-ع-تعلیمی-کانفرنس-کا-انعقاد -------------------------------------------------- ٹائٹل : مقبوضہ کشمیر میں باقر العلوم (ع) تعلیمی کانفرنس کا انعقاد -------------------------------------------------- اسلام ٹائمز: جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے ضلع بڈگام کے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں دوسری باقر العلوم (ع) تعلیمی کانفرنس منعقد ہوئی۔ متن : رپورٹ: جاوید عباس رضوی جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں باقر العلوم (ع) تعلیمی کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کی۔ نظامت کے فرائض سید ذوالفقار علی جعفری نے انجام دیئے، جن علمائے دین نے کانفرنس میں اپنے زریں خیالات کا اظہار کیا، ان میں مولانا غلام محمد گلزار، مولانا بشیر احمد بٹ شامل ہیں جبکہ مولانا سید حسین، مولانا سید یوسف الموسوی، مولانا محمد عباس متو، آغا سید محمد عقیل الموسوی الصفوی، آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی اور مولانا سید محمد صفوی وغیرہ کانفرنس میں موجود تھے۔ مقررین نے حضرت امام محمد باقر (ع) کے علمی کمالات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ تمام ائمہ معصومین (ع) علم و حکمت کے بحر بیکران تھے، تاہم زمانے کی ستم ظریفیوں کی وجہ سے اکثر ائمہ معصومین (ع) کو اپنے علمی کمالات کا مظاہرہ کرنے کا موقع میسر نہ آسکا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام محمد باقر (ع) ائمہ معصومین میں وہ واحد شخصیت ہیں، جنہیں اپنے علمی کمالات اور درس و تدریس کا تھوڑا سا موقع حاصل ہوا اور اسی کم مدت میں امام محمد باقر (ع) نے علم و حکمت کے ایسے دریا بہا دیئے، جن سے تشنگان علم رہتی دنیا تک سیراب ہوتے رہیں گے۔ اس موقعہ پر مولانا محبوب الحسن نے شاخہائے مکاتب کی تدریسی کارکردگی پر مبنی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدر مولانا آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے باقر العلوم (ع) کانفرنس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام محمد باقر (ع) کی علمی عظمت اور خدمات تاریخ اسلام کا زریں باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام محمد باقر (ع) کی سیرت و کردار کا سب سے روشن پہلو امام (ع) کی علمی خدمات ہیں، آپ (ع) کی علمی عظمت علمائے اسلام سے پوشیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور سرور کائنات (ص) نے امام محمد باقر (ع) کو باقر العلوم کا لقب عطا فرما کر آپ (ع) کی علمی عظمت کو واضح کیا۔ اس موقعہ پر آغا سید حسن موسوی نے شاخہ ہائے باب العلم کے لئے مصروفِ خدمت معلمین و معلمات کے تربیتی پروگرام میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے درجہ پنجم، ششم و ہفتم میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طلاب کو توصیفی اسناد سے بھی نوازا۔ کانفرنس کی ویڈیو رپورٹ پیش خدمت ہے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)  https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial