اسلام ٹائمز 2 Jul 2022 گھنٹہ 12:58 https://www.islamtimes.org/ur/news/1002318/ایرانی-وزیر-خارجہ-حسین-امیر-عبداللہیان-دمشق-روانہ-ہوگئے -------------------------------------------------- ٹائٹل : ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان دمشق روانہ ہوگئے -------------------------------------------------- اپنے بیان میں ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ دو طرفہ تعلقات میں وسعت، علاقائی پیشرفت اور بین الاقوامی مسائل کے حوالے سے شام کے اعلیٰ حکام سے ملاقات اور بات چیت کیلئے کیا گیا ہے۔ متن : اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ شام کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کے لئے دمشق روانہ ہوگئے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان شام کے حکام سے ملاقات اور بات چیت کے لیے آج (ہفتہ) دو جولائی کی صبح تہران سے دمشق کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے حسین امیر عبداللہیان کے دورہ دمشق کا شبِ جمعہ سرکاری طور پر اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپنے علاقائی دورہ کے سلسلے میں ترکی کے بعد اب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان دو جولائی بروز ہفتہ دمشق جائیں گے۔ کنعانی کا کہنا تھا کہ اس دورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لینا، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ یہ دورہ دو طرفہ تعلقات میں وسعت، علاقائی پیشرفت اور بین الاقوامی مسائل کے حوالے سے شام کے اعلیٰ حکام سے ملاقات اور بات چیت کے لیے کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ عہدہ سنبھالنے کے بعد امیر عبداللہیان کا دمشق کا یہ چوتھا دورہ ہے۔ گذشتہ ہفتے امیر عبداللہیان نے اپنے ترک ہم منصب مولود چاووش اوغلو کی دعوت پر انقرہ کا دورہ کیا، جس میں ترکی کے صدر رجب طیب اردغان اور وزیر خارجہ چاووش اوغلو سے ملاقات اور باہمی مسائل مخصوصاََ شام کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔ ایرانی نیوز ذرائع کا حسین عبداللہیان کے شام کے دورے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہنا ہے کہ پہلا دورہ گذشتہ ستمبر میں عراق کی حمایت میں ہونے والی علاقائی کانفرنس میں شرکت کے لیے بغداد جانے کے بعد عمل میں آیا تھا، جس میں شام کے صدر بشار الاسد اور وزیر خارجہ فیصل المقداد سے ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ شام کا دوسرا دورہ انہوں نے گذشتہ سال اکتوبر میں کیا تھا، جبکہ حالیہ سال مارچ میں انہوں نے دمشق کا تیسری مرتبہ سفر کیا تھا۔ دوسرے دورے کی تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ حسین امیر عبداللہیان گذشتہ سال اکتوبر کو ماسکو اور بیروت کا دورہ کرنے اور ان ممالک کے حکام سے مشاورت کے بعد اپنے سفر کی تیسری منزل شام کے دارالحکومت دمشق گئے۔ وہ اپنا عہدہ سنبھالنے کے ڈیڑھ ماہ سے بھی کم عرصہ میں دوسری مرتبہ راہی دمشق ہوئے تھے، جس میں انہوں نے شام کے صدر بشار الاسد اور اپنے شامی ہم منصب فیصل المقداد سے ملاقات اور مختلف مسائل پر گفتگو کی۔ ایران کے وزیر خارجہ نے دمشق میں شام کے وزیر خارجہ فیصل المقداد کو دورہ تہران کی دعوت دی اور شام کو ایران کا اسٹریٹیجک اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم مشکل وقت میں اپنے اتحادیوں اور دوستوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اسی طرح ڈپلومیٹک ادارے کے سربراہ مارچ میں تیسری مرتبہ شام گئے اور وہاں کے حکام سے ملاقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔