اسلام ٹائمز 1 Jul 2021 گھنٹہ 12:12 https://www.islamtimes.org/ur/news/940983/چین-کی-کمیونسٹ-پارٹی-کا-تربیتی-نظام-کسی-بھی-انتخابی-جمہوریت-سے-بہتر-ہے-عمران-خان -------------------------------------------------- ٹائٹل : چین کی کمیونسٹ پارٹی کا تربیتی نظام کسی بھی انتخابی جمہوریت سے بہتر ہے، عمران خان -------------------------------------------------- چینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جلد گوادر کا دورہ کروں گا تاکہ سی پیک کے منصوبوں کی رفتار کا معائنہ کر سکوں، جلد چین کا بھی دورہ کروں گا۔ متن : اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان کے مستقبل کی اقتصادی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔چینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جلد گوادر کا دورہ کروں گا تاکہ سی پیک کے منصوبوں کی رفتار کا معائنہ کرسکوں، جلد چین کا بھی دورہ کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کے دورے میں پاکستان اور چین کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر بات کروں گا۔چین کی کمیونسٹ پارٹی کی عوام دوست پالیسی اور چین کی ترقی میں کردار کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مغربی جمہوریت کسی بھجی معاشرے کی ترقی کا بہترین نظام ہے تاہم چین کی کمیونسٹ جماعت (سی پی سی) نے ایک متبادل نظام دیا ہے جس نے تمام مغربی جمہوریتوں کو مات دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس معاشرے میں حکمران طبقے کا احتساب ہو اور میرٹ ہو وہ کامیاب ہوتا ہے، اب تک یہ خیال تھا کہ جمہوریت کے ذریعے میرٹ پر حکمران منتخب ہوتے ہیں اور پھر اس قیادت کا احتساب بھی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’تاہم سی پی سی نے انتخابی جمہوریت کے بغیر تمام مقاصد زیادہ بہتر طریقے سے حاصل کیے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کمیونسٹ پارٹی کے ہیڈکوارٹر کے دورے کے دوران دیکھا کہ انکا ٹیلنٹ کی تلاش اور پھر اس کی تربیت کرنے کا نظام کسی بھی انتخابی جمہوریت سے بہتر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیسری بات یہ ہے کہ یہ بہت لچکدار نظام ہے، جب وہ کوئی چیز تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو یہ نظام اس کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے اور یہاں تک کہ مغربی جمہوریتوں میں کسی نظام میں تبدیلی بہت مشکل ہے، آپ ہمیشہ وہ نہیں کرسکتے جو معاشرے کے لیے بہتر ہو۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے اس لیے اتنی تیزی سے ترقی کی کہ وہ اپنے نظام میں تیزی سے تبدیلی لاتے ہیں، جب وہ سمجھتے ہیں کہ کوئی نظام کام نہیں کر رہا وہ اسے تبدیل کر دیتے ہیں۔