اسلام ٹائمز 3 Feb 2012 گھنٹہ 10:20 https://www.islamtimes.org/ur/news/135077/عالمی-میلاد-کانفرنس-مینار-پاکستان-کے-سبزہ-زار-میں-ہو-گی-طاہر-القادری-خطاب-کریں-گے -------------------------------------------------- ٹائٹل : عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہو گی، طاہر القادری خطاب کریں گے -------------------------------------------------- اسلام ٹائمز: مینار پاکستان میں ہونے والی کانفرنس 12 ربیع الاول کی صبح نماز فجر تک جاری رہے گی جس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کریں گے۔ متن : اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کی 28 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہو گی۔ اس کانفرنس کے انتظامات آخری مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ سعودی عرب، انڈیا، کویت، بحرین، UAE ،UK، ہالینڈ، فرانس، سپین، امریکہ، جاپان اور مصر سمیت دنیا کے دیگر ممالک سے وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جبکہ کشمیر سمیت پانچوں صوبوں کے سو سے زائد اضلاع سے لاکھوں عشاق رسول ص شب ربیع الاول آقا دو جہاں ص کی ولادت کی خوشی منانے اور انکی ذات مقدسہ سے عہد وفا کے لئے جمع ہونگے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کریں گے۔ جامعة الازہر مصر کے وائس چانسلر ڈاکٹر اسامہ محمد العبد مہمان خصوصی ہونگے۔ عالمی میلاد کانفرنس کی مرکزی کمیٹی کے سیکرٹری محمد جواد حامد نے تیاریوں کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میلاد کانفرنس میں دیگر مذاہب کے رہنماﺅں، تمام مسالک کے علماء، مشائخ عظام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور سیاسی و سماجی شخصیات شرکت کریں گی۔ مینار پاکستان میں ہونے والی یہ کانفرنس 12 ربیع الاول کی صبح نماز فجر تک جاری رہے گی اور لاکھوں مرد، خواتین اور بچے شدید سردی میں کھلے آسمان تلے کانفرنس میں شریک رہ کر دنیا کو پیغام دیں گے کہ حضور ص سے محبت اور عشق ان کی سب سے بڑی متاع ہے۔