اسلام ٹائمز 27 Mar 2020 گھنٹہ 20:40 https://www.islamtimes.org/ur/news/853016/مردان-گھر-سے-لاپتہ-9-سالہ-بچی-کی-بوری-بند-لاش-برآمد -------------------------------------------------- ٹائٹل : مردان، گھر سے لاپتہ 9 سالہ بچی کی بوری بند لاش برآمد -------------------------------------------------- والد کے مطابق جمعرات کے روز دوپہر کو وہ اپنی 9 سالہ بچی ماہا کو اپنے ساتھ دوکان لے گئے اور گھر کیلئے صابن دے کر گلی میں گھر کی طرف رخصت کیا، کافی دیر بعد گھر واپس آکر پتہ چلا کہ بچی گھر نہیں آئی اور گلی سے غائب ہوگئی۔ متن : اسلام ٹائمز۔ مردان میں گذشتہ روز گھر سے لاپتہ ہونے والی 9 سالہ بچی کی بوری بند لاش برآمد ہوگئی، پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ پولیس تھانہ شیخ ملتون کے عملے کے مطابق مردان نوشہرہ روڈ پر علاقہ جان آباد کے رہائشی محمد اقبال نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ جمعرات کے روز دوپہر کو وہ اپنی 9 سالہ بچی ماہا کو اپنے ساتھ دوکان لے گئے اور گھر کیلئے صابن دے کر گلی میں گھر کی طرف رخصت کیا، کافی دیر بعد گھر واپس آکر پتہ چلا کہ بچی گھر نہیں آئی اور گلی سے غائب ہوگئی۔ والد کے مطابق قریبی رشتہ دار اور نزدیکی علاقے میں کافی تلاش کے بعد بھی ماہا کا کوئی سراغ نہیں ملا اور جمعہ کی صبح نواحی علاقہ سرخ ڈھیری میں موجود تالاب میں بوری بند لاش مل گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں۔ پولیس کے مطابق بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ بچی کے ساتھ جنسی تشدد اور وجہ قتل معلوم کرنے کیلئے لاش بعدازاں خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور منتقل کر دی گئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہوسکے گا کہ بچی کے ساتھ جنسی تشدد ہوا ہے یا نہیں۔ یاد رہے کہ باچاخان میڈیکل کالج مردان میں بھی فرانزک لیب دستیاب ہے لیکن چند ماہ پہلے قتل کی گئی اقراء نامی بچی کے پوسٹ مارٹم کے دوران میڈیکل کالج کے عملے نے جنسی تشدد ہونے کی رپورٹ دی تھی جس سے مردان پولیس مطمئن نہیں تھی۔