اسلام ٹائمز 8 Jun 2021 گھنٹہ 22:57 https://www.islamtimes.org/ur/news/937014/انتہاپسندی-کو-قابو-کرنے-کیلئے-اقوام-عالم-مشترکہ-حکمت-عملی-اپنانا-ہوگی-بلاول-بھٹو-زرداری -------------------------------------------------- کینیڈا میں مسلم خاندان کے قتل پر بلاول بھٹو کی مذمت ٹائٹل : انتہاپسندی کو قابو کرنے کیلئے اقوام عالم کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی، بلاول بھٹو زرداری -------------------------------------------------- چیئرمین پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا کہ کینڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا اسلاموفوبیا کے شکار افراد کے خلاف پیغام حوصلہ افزا ہے تاہم انہیں حملے کے مرتکب فرد کو دہشت گرد قرار دینا ہو گا، مسلمان ہونے کی وجہ سے لاہور کے ایک خاندان کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نشانہ بنانے والے دہشت گرد کے نظرئیے کا تدارک کرنا کینڈین حکومت کیلئے ایک امتحان ہے۔ متن : اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے شہر لندن میں اسلاموفوبیا کے تحت ہونے والے جان لیوا حملے کی مذمت کی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ماں، بیٹا، بہو اور بیٹی سمیت چار افراد پر مشتمل تین نسلوں کو انتہا پسندی کے نظرئیے کے تحت موت کے حوالے کر دینا ایک افسوسناک سانحہ ہے۔ انہوں نے لاہور کے سلمان افضل اور ان کی ضعیف والدہ، مدیحہ سلمان اور یمنیٰ سلمان کے جاں بحق ہونے پر لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا کے شکار نیتھانیئل ویلٹ مین نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسلم خاندان کو ٹرک سے کچل کر موت کے حوالے کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کینڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا اسلاموفوبیا کے شکار افراد کے خلاف پیغام حوصلہ افزا ہے تاہم انہیں حملے کے مرتکب فرد کو دہشت گرد قرار دینا ہو گا، مسلمان ہونے کی وجہ سے لاہور کے ایک خاندان کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نشانہ بنانے والے دہشت گرد کے نظرئیے کا تدارک کرنا کینڈین حکومت کیلئے ایک امتحان ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا بھر میں بڑھتی انتہاپسندی کو قابو کرنے کے لئے اقوام عالم کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔