اسلام ٹائمز 20 Feb 2021 گھنٹہ 0:20 https://www.islamtimes.org/ur/news/917241/جون-تک-ایران-اور-افغانستان-بارڈرز-پر-باڑ-کا-کام-مکمل-ہو-جائیگا-شیخ-رشید -------------------------------------------------- ٹائٹل : جون تک ایران اور افغانستان بارڈرز پر باڑ کا کام مکمل ‏ہو جائیگا، شیخ رشید -------------------------------------------------- وزیر داخلہ نے پاک ایران بارڈر کا جائزہ لیا، انہوں ‏نے گوادر، تربت، مند اور ریدیگ کے سرحدی علاقوں کا فضائی معائنہ کیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے رمدان گبد پاکستان ایران ٹریڈ گیٹ وے کا بھی دورہ کیا۔ متن : اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جون تک ایران اور افغانستان بارڈرز پر باڑ کا کام مکمل ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاک ایران بارڈر کا جائزہ لیا، وزیر داخلہ نے گوادر، تربت، مند اور ریدیگ کے سرحدی علاقوں کا فضائی معائنہ کیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے رمدان گبد پاکستان ایران ٹریڈ گیٹ وے کا بھی دورہ کیا۔ آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ میجر جنرل آئمان بلال بھی ہمراہ تھے۔ شیخ رشید نے تجارتی سامان کی ترسیل سے متعلق سہولتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ بارڈر پر باڑ لگانے کا کام 40 فیصد مکمل ہوچکا، پاک ایران 928 کلومیٹر بارڈر پر باڑ کا کام جون تک مکمل ہو جائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاک افغان بارڈر پر بھی باڑ کا 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور جون تک ایران اور افغانستان بارڈز پر باڑ کا کام مکمل ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بارڈر مینجمنٹ کو جدید بنا رہے ہیں، ملکی سلامتی یقینی بنائیں گے جبکہ تجارت کے فروغ اور لوگوں کی آمد و رفت کو آسان بنائیں گے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید چار روزہ دورے پر بلوچستان پہنچے ہیں۔