اسلام ٹائمز 25 Sep 2022 گھنٹہ 16:10 https://www.islamtimes.org/ur/news/1016090/ونزوئلا-اریٹیریا-کے-وزرائے-خارجہ-کیساتھ-امیر-عبداللہیان-کی-ملاقات -------------------------------------------------- ٹائٹل : ونزوئلا و اریٹیریا کے وزرائے خارجہ کیساتھ امیر عبداللہیان کی ملاقات -------------------------------------------------- اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے ونزوئلا و اریٹیریا کے اپنے ہم منصبوں کیساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں جنمیں باہمی تعاون کی دستخط شدہ مفاہمتوں پر جلد از جلد عملدرآمد و باہمی تعلقات کی توسیع پر اتفاق کیا گیا متن : اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ونزوئلا و اریٹیریا کے اپنے ہم منصبوں کارلس فاریا و عثمان صالح کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔ کارلس فاریا کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جبکہ اپنی گفتگو میں حسین امیر عبداللہیان نے ونزوئلا کے صدر نکولس میڈورو کے آخری دورہ تہران کو اہم قرار دیتے ہوئے تاکید کی کہ اس موقع پر دونوں سربراہان مملکت کے درمیان دستخط ہونے والی باہمی تعاون کی مفاہمتوں کو عملی جامہ پہنانا تہران کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقتصادی کمیشن کا انعقاد مفاہمت کی مذکورہ قراردادوں پر عملدرآمد میں تیزی لا سکتا ہے۔ دوسری جانب ونزوئلا کے وزیرخارجہ نے بھی دونوں ممالک کے درمیان جاری گوناگوں باہمی تعاون کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اپنی گفتگو کے آخر میں کارلس فاریا نے ایران کے ساتھ تعلقات کی توسیع پر مبنی ونزوئلا حکام کے عزم پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کے سربراہان کے باہمی رابطے اور دوطرفہ دوروں کی شرح میں اضافے پر بھی تاکید کی۔ ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق حسین امیر عبداللہیان نے اریٹیریا کے اپنے ہم منصب عثمان صالح کے ساتھ ملاقات میں دوطرفہ امور کے ساتھ ساتھ خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور براعظم افریقہ کے ممالک کے ساتھ تعلقات کی توسیع پر مبنی ایرانی حکومت کی خارجہ پالیسی پر زور دیا اور مزاحمت و خودمختاری کی جدوجہد پر مبنی اریٹیریا کے عوام کے درخشان ماضی پر تاکید کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک باہمی اقدار کے احترام کے ساتھ ساتھ جلد ہی تکنیکی و اقتصادی تعاون کو بھی فروغ دیں گے۔ دوسری جانب عثمان صالح نے اس ملاقات کے اہتمام پر حسین امیر عبداللہیان کا شکریہ ادا کیا اور خطے کے اہم جغرافیائی شراکتداروں خصوصا ایران کے ساتھ تعلقات کی توسیع پر مبنی اریٹیریا کی سیاست پر تاکید کی۔