اسلام ٹائمز 9 May 2021 گھنٹہ 1:01 https://www.islamtimes.org/ur/news/931589/اب-کوئی-والدین-کو-گھر-سے-نہیں-نکال-سکے-گا-نیا-آرڈیننس-جاری -------------------------------------------------- ٹائٹل : اب کوئی والدین کو گھر سے نہیں نکال سکے گا، نیا آرڈیننس جاری -------------------------------------------------- ذرائع کا کہنا ہے کہ آرڈیننس کے تحت والدین کو گھروں سے نکالنا قابل سزا جرم ہوگا، والدین کو گھروں سے نکالنے پر ایک سال تک قید و جرمانہ یا دونوں سزائیں ایک ساتھ دی جاسکیں گی۔ متن : اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آرٹیکل 89 کے تحت تحفظ والدین آرڈیننس 2021 جاری کردیا ہے، آرڈیننس کا مقصد اولاد کی طرف سے والدین کو زبردستی گھروں سےنکالنے پر تحفظ دینا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آرڈیننس کے تحت والدین کو گھروں سے نکالنا قابل سزا جرم ہوگا، والدین کو گھروں سے نکالنے پر ایک سال تک قید و جرمانہ یا دونوں سزائیں ایک ساتھ دی جاسکیں گی۔ گھر اولاد کی ملکیت ہونے یا کرائے پر ہونے پر بھی والدین کو نہیں نکالا جاسکے گا جبکہ گھر والدین کی ملکیت ہونے کی صورت والدین کو اولاد کو گھر سے نکالنے کا اختیار ہوگا۔ والدین کے بچوں کو تحریری نوٹس دینے کی صورت میں گھر خالی کرنا لازمی ہوگا، وقت پر گھر خالی نہ کرنے کی صورت میں 30 دن تک جیل اور جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوں گی۔ بچوں کی جانب سے گھر نہ چھوڑنے کی صورت ضلعی ڈپٹی کمشنر کو کارروائی کا اختیار ہوگا، ڈپٹی کمشنر والدین کی جانب سے شکایت پر کارروائی کا مجاز ہوگا۔ اسکے علاوہ والدین کی شکایت موصول ہونے پر پولیس کو بغیر وارنٹ گرفتاری کا اختیار حاصل ہوگا، آرڈیننس کے تحت گرفتار افراد کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا، آرڈیننس کے تحت والدین اور بچوں کو اپیل کا حق حاصل ہوگا۔