اسلام ٹائمز 18 Mar 2023 گھنٹہ 5:42 https://www.islamtimes.org/ur/news/1047276/جی-بی-پولیس-کے-2-سو-اہلکار-زمان-پارک-میں-تعینات-ہیں-امجد-حسین-ایڈووکیٹ -------------------------------------------------- ٹائٹل : جی بی پولیس کے 2 سو اہلکار زمان پارک میں تعینات ہیں، امجد حسین ایڈووکیٹ -------------------------------------------------- اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی نے ایک بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان پولیس کو اسلحہ، آنسو گیس اور آنسو گیس سے بچاو کے ماسک اور جیمر گاڑیوں سمیت بنی گالہ میں بھی تعینات کیا گیا ہے۔ متن : اسلام ٹائمز۔ قائدِ حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی صدر پیپلز پارٹی امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے سابق آئی جی اور ڈی آئی جی سپیشل برانچ کی ملی بھگت سے جی بی پولیس کے تقریباً 200 جوان غیر سرکاری طور پر زمان پارک میں ڈیوٹی پر مامور کئے ہوئے ہیں۔ نئے آئی جی پولیس اس معاملے کی چھان بین کریں۔ گلگت بلتستان پولیس کو اسلحہ، آنسو گیس اور آنسو گیس سے بچاو کے ماسک اور جیمر گاڑیوں سمیت بنی گالہ میں بھی تعینات کیا گیا ہے۔ یہ پولیس جوان وزیر اعلیٰ اور وزراءکی سیکورٹی کے علاوہ ہیں جنہیں غیر قانونی طور پر وہاں تعینات کیا گیا ہے۔    جن کا روزنامچوں تک میں اندارج نہیں ہے۔ ان جوانوں کو جی بی ہاوس کے نام پر تعینات کیا گیا ہے۔ امجد حسین ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ اس حوالے سے وہ اتوار کو ایک تفصیلی پریس کانفرنس کریں گے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان عمران نیازی کی چوکیداری میں مکمل طور پر اندھے ہوچکے ہیں اور غیر قانونی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ریاستی وسائل کو ریاست اور عدالت کے خلاف استعمال کرنا سنگین نوعیت کا جرم ہے، وزیر اعلیٰ کو اس کے نتائج بھگتنے پڑیں۔