اسلام ٹائمز 24 Nov 2020 گھنٹہ 22:30 https://www.islamtimes.org/ur/news/899749/معصوم-بچوں-پر-تشدد-بل-ایوان-میں-پیش-کرنے-کیلئے-توجہ-دلاؤ-نوٹس-کے-پی-اسمبلی-جمع -------------------------------------------------- ٹائٹل : معصوم بچوں پر تشدد، بل ایوان میں پیش کرنے کیلئے توجہ دلاؤ نوٹس کے پی اسمبلی میں جمع -------------------------------------------------- نوٹس میں ایم پی اے نگہت اورکزئی نے موقف اپنایا ہے کہ کمیٹیوں میں کیا گیا کام محکمہ قانون سے مکمل کرکے بل کی صورت میں ایوان میں پیش کیا جائے اور آئے روز بچوں کے قتل اور جنسی تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے باقاعدہ بل کی صورت میں منظور ی دی جائے۔ متن : اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی خاتون رکن خیبر پختونخوا اسمبلی نگہت اورکزئی نے معصوم بچوں پر تشدد کے حوالے سے بنائی جانیوالی کمیٹیوں کی رپورٹس پر محکمہ قانون سے مشاورت کرکے بل کی صورت میں ایوان میں پیش کرنے کیلئے توجہ دلاؤ نوٹس اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادیا ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ آئے روز معصوم بچوں کیساتھ انتہائی ظالمانہ وقعات ہو رہے ہیں جس کے بارے میں متعدد بار اسمبلی فلور پر بات ہوئی اور اس حوالے سے قرارداد اور پوائنٹ آف آرڈر پر بھی بات کی گئی، اس کے بعد تین کمیٹیاں بنائی گئیں اور ان کمیٹیوں نے اپنی رپورٹ بھی ایوان میں جمع کرانا تھی۔ نگہت اورکزئی کا کہنا تھا کہ مذکورہ کمیٹیوں نے اس پر تقریباً دو ماہ تک کام کیا اور مین کمیٹی کو اپنی رپورٹس جمع کرائیں لیکن تاحال نہ تو وہ کمیٹیاں سامنے لائی گئیں اور نہ ہی اس پر کوئی خاطر خواہ کام کیا گیا ہے، لہذا اس معزز ایوان کی وساطت سے مطالبہ کرتی ہوں کہ مذکورہ کمیٹیوں میں کیا گیا کام محکمہ قانون سے مکمل کرکے بل کی صورت میں ایوان میں پیش کیا جائے اور آئے روز بچوں کے قتل اور جنسی تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے باقاعدہ بل کی صورت میں منظوری دی جائے۔