اسلام ٹائمز 3 Dec 2022 گھنٹہ 19:50 https://www.islamtimes.org/ur/news/1028313/بھارت-نے-جنگ-مسلط-کی-بھرپور-جواب-دینگے-ا-رمی-چیف-سی-د-عاصم-منیر-شاہ -------------------------------------------------- ٹائٹل : بھارت نے جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دینگے، آرمی چیف سیّد عاصم منیر شاہ -------------------------------------------------- لائن آف کنٹرول کے رکھ چکری سیکٹر میں اگلے مورچوں کے دورے کے دوران آرمی چیف کا کہنا تھا کہ واضح طور پر بتا دوں کہ ملکی مسلح افواج مادر وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کیلئے تیار ہیں۔ اگر دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کی تو جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ متن : اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر شاہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے معاملے پر بھارتی قیادت کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیانات دیکھے ہیں۔ دشمن نے جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے رکھ چکری سیکٹر میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز نے استقبال کیا۔ بیان کے مطابق سپہ سالار کو لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس دوران جنرل عاصم منیر نے افسران اور سپاہیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مشکل حالات میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ قابلیت اور جنگی تیاریوں کو سراہا۔ سپہ سالار نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے متعلق بھارتی قیادت کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیانات دیکھے ہیں۔ واضح طور پر بتا دوں کہ ملکی مسلح افواج مادر وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ اگر دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کی تو بھی جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ جنرل عاصم منیر شاہ نے مزید کہا کہ پاک فوج عوامی حمایت سے کسی بھی مہم جوئی کا جواب بھرپور طاقت سے دے گی، بھارتی ریاست اپنے مذموم عزائم کو کبھی حاصل نہیں کرسکے گی۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی دنیا کو انصاف یقینی بنانا چاہیئے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیئے جانے کا وعدہ پورا کیا جائے۔