اسلام ٹائمز 10 Oct 2019 گھنٹہ 10:13 https://www.islamtimes.org/ur/news/821159/لائن-آف-کنٹرول-پر-بھارت-کی-بلااشتعال-فائرنگ-پاک-فوج-کا-جوان-شہید -------------------------------------------------- ٹائٹل : لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید -------------------------------------------------- پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بروھ اور چری کوٹ سیکٹرز میں آرمی کی چیک پوسٹوں اور شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ، مارٹر گولے اور راکٹ فائر کیے گئے۔ متن : اسلام ٹائمز۔لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر بھارت کی بلااشتعال شدید فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید اور 2 خواتین زخمی ہو گئیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بروھ اور چری کوٹ سیکٹرز میں آرمی کی چیک پوسٹوں اور شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ، مارٹر گولے اور راکٹ فائر کیے گئے۔ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں بھرپور کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والی بھارتی چیک پوسٹوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس سے بھارتی چوکیوں کو بھاری نقصان پہنچا۔ تاہم فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی نعمت ولی شہید جبکہ ایل او سی کے سریاں گاؤں کی 2 خواتین زخمی ہو گئیں۔ خیال رہے کہ ۷ اکتوبر کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر کی خاتون جاں بحق ہو گئی تھیں۔ اس سے قبل 3 اکتوبر کو آزادکشمیر کے مختلف سیکٹرز پر بھارتی فوج کی شیلنگ کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور 3 شہری زخمی ہو گئے تھے۔ واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003ء میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔