اسلام ٹائمز 12 Apr 2021 گھنٹہ 4:59 https://www.islamtimes.org/ur/news/926659/کوئی-مائی-کا-لال-اب-ہم-سے-کراچی-کی-سیٹ-نہیں-چھین-سکتا-وسیم-اختر -------------------------------------------------- ٹائٹل : کوئی مائی کا لال اب ہم سے کراچی کی سیٹ نہیں چھین سکتا، وسیم اختر -------------------------------------------------- این اے 249 کے ضمنی انتخاب کی انتخابی مہم کی ریلی سے خطاب میں سابق میئر کراچی نے کہا کہ حیران ہوں دو بار صوبائی اور ایک بار قومی اسمبلی کا الیکشن ہارنے والا پھر یہاں سے انتخاب لڑ رہا ہے، یہ الیکشن اُس پارٹی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا کیونکہ عوام ایم کیو ایم کے ساتھ ہے۔ متن : اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماء اور سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کوئی مائی کا لال اب ہم سے سیٹ نہیں چھین سکتا۔ کراچی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں امیدوار حافظ مرسلین، رابطہ کمیٹی قیادت اور کارکنان نے شرکت کی۔ ریلی کے اختتام پر ایم کیو ایم رہنماء وسیم اختر نے خطاب کیا، جس میں انہوں نے مصطفیٰ کمال کا نام لئے بغیر تنقید کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ حیران ہوں دو بار صوبائی اور ایک بار قومی اسمبلی کا الیکشن ہارنے والا پھر یہاں سے انتخاب لڑ رہا ہے، یہ الیکشن اُس پارٹی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا کیونکہ عوام ایم کیو ایم کے ساتھ ہے۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کوئی مائی کا لال اب ہم سے کراچی کی سیٹ نہیں چھین سکتا، آئندہ آنے والے عام انتخابات میں اپنا چرایا گیا مینڈیٹ اور نشستیں واپس لیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان بنایا تھا، اب اس کو بچائیں گے، اپنے اتحاد سے اپنا وقار اور پوزیشن بحال کریں گے، ہمارے نمائندے حافظ مرسلین کا تعلق اسی علاقے سے ہے، یہ یہاں کے مسائل کو جانتے ہیں اور اسلام آباد جاکر آپ کے مسائل پر آواز اٹھائیں گے۔ وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ بس اب بہت ہوا! بلدیہ والے کسی باہر والے کو برداشت نہیں کریں گے، اس بار حلقہ این اے 249 کے ووٹر اپنے گھر میں باہر سے آنے والے تمام لوگوں کو فارغ کر دیں گے۔