اسلام ٹائمز 23 Feb 2020 گھنٹہ 1:58 https://www.islamtimes.org/ur/news/846199/سب-کو-دعوت-دیتا-ہوں-کہ-ظلم-کیخلاف-ہماری-آواز-میں-اپنی-شامل-کریں-مصطفی-کمال -------------------------------------------------- ٹائٹل : سب کو دعوت دیتا ہوں کہ ظلم کیخلاف ہماری آواز میں اپنی آواز شامل کریں، مصطفیٰ کمال -------------------------------------------------- کراچی میں جلسے کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس چکے ہیں اور حکمرانوں کو آپسی اختلافات اور ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے سے فرصت نہیں ملتی، قانون سازی کیلئے بنائے گئے ایوانوں میں قانون سازی نہ ہونے سے عوام متاثر ہو رہی ہے۔ متن : اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اپنی ماؤں اور بہنوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ ظلم کے خلاف ہماری آواز میں اپنی آواز شامل کریں، حکمرانوں کو بتانے کی ضرورت ہے کہ اب بہت ہوچکا، کفر کی حکومت چل سکتی ہے لیکن ظلم کی نہیں، عوام مہنگائی کی چکی میں پس چکے ہیں اور حکمرانوں کو آپسی اختلافات اور ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے سے فرصت نہیں ملتی، قانون سازی کے لئے بنائے گئے ایوانوں میں قانون سازی نہ ہونے سے عوام متاثر ہو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناظم آباد 2 نمبر پر الفارق گراؤنڈ میں خواتین کے جلسے کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر صدر انیس قائم خانی، انفارمیشن سیکرٹری افتخار عالم اور ممبر نیشنل کونسل ڈاکٹر ارشد وہرا بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ حکمران اپنا آئینی کردار ادا نہیں کر رہے، یکم مارچ 2020ء بروز اتوار کو کراچی کی ہر ماں، بہن، بیٹی خواتین کے جلسے میں اپنی اور اپنے ساتھ اپنے حلقے کی تمام خواتین کی شرکت یقینی بنائیں کیونکہ یہ سیاسی جلسہ نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کیلئے ہر ماں کی آواز ہوگا، اس جلسے کے ذریعے ہمیں تاریخ رقم کرنی ہے کہ ضرورت پڑنے پر عورتیں بھی مردوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر اس ملک خداد کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گی۔