اسلام ٹائمز 23 Mar 2019 گھنٹہ 9:14 https://www.islamtimes.org/ur/news/784720/23-مارچ-یوم-پاکستان-کے-موقع-پر-صدر-مملکت-اور-وزیراعظم-کا-قوم-نام-پیغام -------------------------------------------------- ٹائٹل : 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم کا قوم کے نام پیغام -------------------------------------------------- وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر دوستانہ اور پُرامن تعلقات کے خواہاں ہیں، ہماری خواہش ہے کہ جنوبی ایشیا میں ہم سب مل کر غربت کا خاتمہ کریں۔ متن : اسلام ٹائمز۔ یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے قوم کو امن، ترقی اور خوشحالی کا پیغام دیا ہے۔ یوم پاکستان کے موقع پر وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ ہماری ملی تاریخ کا عظیم دن ہے، آج کے دن مسلمانان ہند نے اپنی منزل کا تعین کیا اور سخت جدوجہد کے باعث 14 اگست 1947ء کو پاکستان معرض وجود میں آیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے قیام کی صورت میں عوام کو اپنے حقوق اور مذہبی آزادی ملی، آج کا پاکستان ایک نیا پاکستان ہے، جبکہ ہم پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہم اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر دوستانہ اور پُرامن تعلقات کے خواہاں ہیں، ہماری خواہش ہے کہ جنوبی ایشیا میں ہم سب مل کر غربت کا خاتمہ کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع کی خاطر ہر قدم اٹھانے کا حق رکھتا ہے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان کا دفاع نا قابل تسخیر ہو چکا، ہمیں اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے۔ وزیراعظم نے کشمیر کے حوالے سے پیغام دیا کہ آج کے دن ہمیں اپنے ان کشمیری بھائیوں کو ہرگز نہیں بھولنا، جو بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ہم حق خودارادیت کے حصول کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت دنیا کے ہر فورم پر جاری رکھیں گے۔ صدر مملکت عارف علوی نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ قوم نے غیر معمولی حالات میں ہمیشہ استقامت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے غیر معمولی چیلجنز کا سامنا کیا اور سرخرو ہوا۔ صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف مثالی کامیابیاں حاصل کیں، لہٰذا ہم جمہوریت، انصاف اور امن کیلئے پُرعزم ہیں، جبکہ ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہمیں مزید محنت درکار ہے۔