اسلام ٹائمز 15 Oct 2021 گھنٹہ 0:01 https://www.islamtimes.org/ur/news/958772/بھارت-کی-نام-نہاد-سرجیکل-اسٹرائیک-دھمکی-مذمت-کرتے-ہیں-دفتر-خارجہ -------------------------------------------------- ٹائٹل : بھارت کی نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کی دھمکی کی مذمت کرتے ہیں، دفتر خارجہ -------------------------------------------------- ترجمان نے کہا کہ ایسے بیانات آڑ کے طور پر استعمال ہوتے ہیں، تاکہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین و منظم خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹائی جائے اور بھارت کے اندر مسلمانوں اور اقلیتوں کیخلاف ہونیوالے مظالم کو چھپایا جا سکے۔ متن : اسلام ٹائمز۔ حکومت نے بھارتی وزیر داخلہ کی پاکستان میں نام نہاد ’’سرجیکل اسٹرائیک‘‘ کی دھمکی کے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ خود فریبی پر مبنی بھارتی بیان سے ایک مرتبہ پھر اظہار ہوتا ہے کہ بی جے پی، آر ایس ایس پاکستان دشمنی کی بنیاد پر اپنے سیاسی و نظریاتی مفادات کی تکمیل کے لیے مل کر خطے میں کشیدگی بڑھا رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ایسے بیانات آڑ کے طور پر استعمال ہوتے ہیں، تاکہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین و منظم خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹائی جائے اور بھارت کے اندر مسلمانوں اور اقلیتوں کے خلاف ہونے والے مظالم کو چھپایا جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بار بار عالمی برادری کی توجہ بھارت کے مذموم عزائم کی طرف دلائی ہے کہ وہ پاکستان اور کشمیریوں کو ملوث کرنے کے لیے کوئی ’’فالس فلیگ‘‘ آپریشن کرسکتا ہے، پاکستان امن سے محبت رکھنے والا ملک ہے، لیکن ہم کسی بھی طرح کے جارحانہ مذموم عزائم کو پورے عزم سے ناکام بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2019ء میں بھارت کی بالا کوٹ میں مہم جوئی کا پاکستان نے موثر انداز میں جواب دیتے ہوئے بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا اور بھارتی ائیر فورس کے پائلٹ کو گرفتار کر لیا تھا، پاکستان کی مسلح افواج کی تیاری اور کسی بھی بھارتی جارحیت کو ناکام بنانے کی صلاحیت کا مظاہرہ کرچکی ہے۔