اسلام ٹائمز 30 Sep 2022 گھنٹہ 23:02 https://www.islamtimes.org/ur/news/1016994/افغان-سرزمین-سے-پاک-فوج-پر-فائرنگ-سپاہی-شہید -------------------------------------------------- ٹائٹل : افغان سرزمین سے پاک فوج پر فائرنگ سے سپاہی شہید -------------------------------------------------- آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرم کے علاقہ خرلاچی میں افغان سرحد پار سے دہشت گردوں کی پاکستانی فوجیوں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں چنیوٹ کا رہائشی 27 سالہ سپاہی جمشید اقبال شہید ہوگیا۔ متن : اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں افغان سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے سپاہی نے جام شہادت نوش کرلیا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کرم کے علاقہ خرلاچی میں افغان سرحد پار سے دہشت گردوں کی پاکستانی فوجیوں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں چنیوٹ کا رہائشی 27 سالہ سپاہی جمشید اقبال شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی مؤثر جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کی تیرہ تاریخ کو بھی افغانستان سے دہشت گردوں کی ضلع کرم کے علاقے خرلاچی میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین جوان شہید ہوگئے۔