اسلام ٹائمز 10 Apr 2020 گھنٹہ 5:31 https://www.islamtimes.org/ur/news/855722/اپریل-کے-آخر-تک-ملک-میں-کورونا-وائرس-کا-بہت-پریشر-ہوگا-وزیراعظم -------------------------------------------------- ٹائٹل : اپریل کے آخر تک ملک میں کورونا وائرس کا بہت پریشر ہوگا، وزیراعظم -------------------------------------------------- دورہ کوئٹہ کے موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ہم اندازہ لگا رہے ہیں کہ اپریل کے آخر تک کورونا وائرس کا بہت پریشر ہوگا جس کے باعث اسپتالوں پر بھی بہت زیادہ دباؤ ہوگا، ہم امریکا، یورپ، چین اور دیگر ممالک میں کورونا کی صورتحال دیکھ رہے ہیں، چین نے کورونا وائرس کا مقابلہ کیا اس کے تجربے سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ متن : اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث اپریل کے آخر تک ہمارے اسپتالوں پر بہت دباؤ ہوگا۔ دورہ کوئٹہ کے موقع پر ایک تقریب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا سے اکیلے کوئی نہیں لڑسکتا، کورونا سے اکیلے نہ وفاقی حکومت لڑ سکتی ہے اور نہ صوبائی حکومت، پوری قوم کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک میں اب لاک ڈاؤن کو ختم کیا جا رہا ہے تاہم صوبے بتائیں گے کہ لاک ڈاؤن مرحلہ وار کیسے ختم کریں گے، 14اپریل کے بعد صوبے فیصلہ کریں گے کہ لاک ڈاؤن میں کہاں نرمی کرنی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اندازہ لگا رہے ہیں کہ اپریل کے آخر تک کورونا وائرس کا بہت پریشر ہوگا جس کے باعث اسپتالوں پر بھی بہت زیادہ دباؤ ہوگا، ہم امریکا، یورپ، چین اور دیگر ممالک میں کورونا کی صورتحال دیکھ رہے ہیں، چین نے کورونا وائرس کا مقابلہ کیا اس کے تجربے سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت کورونا کا کوئی مریض انتہائی نگہداشت میں نہیں، بلوچستان میں کورونا وائرس کو کنٹرول کرنا آسان ہے جبکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بلوچستان زیادہ متاثر ہو سکتا ہے۔