اسلام ٹائمز 5 Jan 2020 گھنٹہ 3:49 https://www.islamtimes.org/ur/news/836615/آج-سے-عراقی-سکیورٹی-فورسز-امریکی-فوجی-اڈوں-دور-ہو-جائیں-کتائب-حزب-اللہ-کا-انتباہ -------------------------------------------------- عراق، کتائب حزب اللہ نے قابض غیر ملکی افواج سے انتقام لینے کا اعلان کر دیا ٹائٹل : آج سے عراقی سکیورٹی فورسز امریکی فوجی اڈوں سے دور ہو جائیں، کتائب حزب اللہ کا انتباہ -------------------------------------------------- اپنے ایک اعلان میں کتائب حزب اللہ نے عراقی سکیورٹی فورسز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اتوار کے روز سے امریکی فوجی اڈوں سے 1 کلومیٹر کے فاصلے پر چلی جائیں جبکہ انکے کمانڈرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی فورسز کو قابض افواج کے ہاتھوں انسانی ڈھال میں تبدیل نہ ہونے دیں۔ متن : اسلام ٹائمز۔ عراق کی سرکاری افواج میں شامل عوامی مزاحمتی فورس حشد الشعبی کی ذیلی بریگیڈ کتائب حزب اللہ نے عراق میں موجود قابض افواج کیخلاف انتقامی کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔ کتائب حزب اللہ نے اپنے اعلان میں تمام عراقی سکیورٹی فورسز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اتوار کے روز سے امریکی فوجی اڈوں سے 1 کلومیٹر کے فاصلے پر چلی جائیں۔ کتائب حزب اللہ نے تمام عراقی سکیورٹی فورسز کے کمانڈرز سے بھی یہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی فورسز کو قابض افواج کے ہاتھوں انسانی ڈھال میں تبدیل نہ ہونے دیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ جمعے کے روز علی الصبح بغداد کی ایئرپورٹ کے قریب قابض امریکی فورسز نے اپنے ہوائی حملے میں حشد الشعبی کے نائب کمانڈر ابو مھدی المھندس اور سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو انکے متعدد ساتھیوں سمیت شہید کر دیا تھا، جبکہ اس سے چند روز قبل امریکہ نے ہی اپنے ایک اور ہوائی حملے میں حشد الشعبی کے 5 سے زائد فوجی مراکز کو بھی نشانہ بنایا تھا، جس میں کتائب حزب اللہ کے 4 اعلیٰ سطحی کمانڈرز سمیت 28 مجاہد شہید جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، جس پر عراق میں موجود تمام فورسز نے اس کا انتقام لینے کا اعلان کیا تھا۔