0
Tuesday 9 Aug 2022 21:39

سکردو میں عاشور کا جلوس(آنکھوں دیکھا حال)

فرزندِ رسول امام حسین (ع) کے غم میں ہر آنکھ اشک بار تھی
سکردو میں عاشور کا جلوس(آنکھوں دیکھا حال)
تحریر: آغا زمانی

دنیا بھر کی طرح بَلتستان کے صدر مقام سکردو میں بھی یومِ عاشور کا جلوس انتہائی عقیدت و احترام سے نکالا گیا۔ سَکردو کی بعض مساجد اور امام بارگاہوں میں صبح نمازِ فجر کے بعد ہی مجالسِ عزاء کے سلسلے کا آغاز ہوگیا تھا۔ جس میں مرثیہ خوانوں اور نوحہ خوانوں نے بَلتی زبان میں امام عالی مقام کی مظلومیت کو انتہائی رقت آمیز انداز میں پیش کیا، ذاکرین اور علماء نے قیامِ مقصدِ امام حسین علیہ السلام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام حسین کی یاد دراصل حق کی طرفداری اور حریت و آزادی کے راستے کو زندہ رکھنے کا ایک عملی جذبہ ہے اور عزاداری یزید اور یزیدیت سے بیزاری بھی ہے۔ لہذا اس یاد کو قیامت تک باقی رکھنا ہے، جب تک امام حسین کی یاد باقی ہے، ہم بھی باقی رہیں گے، ہم امام حسین کی عزاداری کی وجہ سے زندہ ہیں، ہمارے پاس جو کچھ ہے، اس عزاداری کی وجہ سے ہے۔

سکردو کے مختلف امام بارگاہوں سے عزاداروں کے ماتمی جلوس نمازِ ظہرین سے قبل ہی جامع مسجد سکردو پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ عزادارانِ امام حسین نے جامع مسجد سکردو میں نمازِ ظہرین ادا کی اور بعد از نماز جلوسِ عزا اپنی منزل کی جانب روانہ ہوا۔
سر کٹ گیا بدن سے تلاوت نہیں رُکی
قرآن سے حسین کا رشتہ عجیب تھا

دورانِ عاشورہ جلوس آئی ایس او بَلتستان ڈویژن کے تحت حُسینی چوک پر ایک جلسے سے نڈر عالمِ دین اور ایم ڈبلیو ایم بَلتستان کے رہنما آغا سید علی رضوی نے خطاب کرتے ہوئے غواڑی میں عاشورہ جلوس کا مسئلہ حل کرنے پر اہلِ حدیث جوانوں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ انہوں نے بَلتستان کے تمام مسالک کے علماءِ کرام، تمام تنظیموں، حکومتی ذمہ داران کا بھی شکریہ ادا کیا۔

آغا سید علی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ امن معاہدے سے حُسینیوں اور یزیدیوں میں فرق واضح اور آسان ہوگیا ہے، اس کے لیے آپ معاہدے کے متن کو ملاحظہ کریں تو بہتر انداز میں سمجھ سکتے ہیں کہ کس کے کیا عزائم ہیں۔ یہ احتجاجی جلسہ ہزاروں عزاداراں پر مشتمل تھا، آخر میں یہ جلسہ حُسینیت زندہ باد اور یزیدیت مردہ باد اور لبیک یاحسین کی گونج میں اختتام پذیر ہوا۔
حقیقتِ ابَدی ہے مقامِ شبیری
بدلتے رہتے ہیں اندازِ کوفی و شامی
(علامہ اقبال)
اس جلسے کے بعد کرسمہ تھنگ، کھرگوڑونگ، سکیمیدان، اُلڈنگ، حسن کالونی، حسنین نگَر، نرو، حسین آباد اور دیگر علاقوں سے ماتمی دستے عاشور کے جلوس میں شامل ہوتے رہے اور امام عالی مقام کو نوحوں کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کرتے رہے۔

دورانِ جلوس بہت سے رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، فرزندِ رسول امام حسین علیہ السلام کے غم میں ہر آنکھ اشک بار تھی، سوگواری ہر عزادار کے چہروں سے عیاں تھی۔
صدقِ خلیل بھی ہے عشق، صبر حسین بھی ہے عشق
معرکہ وجود  میں، بدر و حنین بھی ہے عشق
(علامہ اقبال)
دورانِ جلوس عزاداروں کے لیے شربت اور پانی کی سبیلوں کا بھی بھرپور انتظام تھا، مجلسِ وحدتِ مسلمین اور مختلف ماتمی انجمنوں اور تنظیموں کی جانب سے نذر اور لنگر کا بھی اہتمام تھا۔ اس دوران وزیرِ زراعت گلگت بَلتستان میثم کاظم ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے لگائی گئی سبیل پر عزادارانِ امام عالی مقام کو شربت اور پانی پیش کرتے دکھائی دیئے۔

محکمہ صحت سکردو اور دیگر مذہبی تنظیموں اور این جی اوز کی جانب سے عزاداروں کے لیے فرسٹ ایڈ کی سہولت بھی موجود تھی۔ سلیم ویلفیئر فاؤنڈیشن بَلتستان کے زیرِاہتمام بھی فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا تھا۔ اتحاد بین المسلمین کا عملی مظاہرہ بھی سکردو عاشور کے جلوس کے دوران دیکھنے میں آیا، جماعتِ اہلِ سنت بَلتستان، شیعہ علماء کونسل پاکستان و کفالت ٹیم بَلتستان نے مشترکہ طور پر "میڈیکل کیمپ بسلسلہ عاشورہ محرم الحرام 2022ء" لگایا۔ جماعت اہلِ سنت بَلتستان کی جانب سے ایک بینر شاہین گراؤنڈ کے پاس لگا ہوا نظر آیا، جس کی عبارت پڑھ کر دل کو تسکین ہوئی کہ بَلتستان کے تمام مسالک کے ذمہ داران اس خطے کے مفاد میں بہتر فکر رکھتے ہیں، اللہ اس فکر کو زندہ رکھے، آمین۔ بینر کی عبارت یہ تھی، "سفیرِ امن حجۃ الاسلام علامہ شیخ محمد حسن جعفری کی عمر درازی کے لیے جماعت اہلسنت بَلتستان ہمہ تن دعاگو ہیں۔"

شہید فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستان بھر میں جہاں جہاں دہشت گردانہ واقعات اور سانحات میں شہید ہونے والے شہداء کی تصویری نمائش پر مبنی کیمپ بھی لگایا گیا تھا، جو عزاداروں کی خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔ عاشورہ کا مرکزی جلوس "شبیہِ قتل گاہ" سکردو پر اختتام پذیر ہوا۔ سکردو بَلتستان کے عاشورہ جلوس میں امن و امان قائم رکھنے والے حکومتی اداروں کی جانب سے بھرپور سکیورٹی کا انتظام تھا، جو واقعاً لائقِ تحسین ہے۔
غریب و سادہ و رنگیں ہے داستانِ حرم
نہایت اس کی حسین، ابتدا ہے اسمٰعیل
(علامہ اقبال)
خبر کا کوڈ : 1008352
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش