QR CodeQR Code

قرآن پاک کے ترجمے کی آڑ میں فرقہ واریت، مذہبی انتہاء پسندی اور فساد کو فروغ دینے کی سازش

23 Sep 2022 00:19

اسلام ٹائمز: حیرت کی بات یہ ہے کہ تقریباً ایک سال سے یہ ترجمہ مختلف شہروں بشمول لاہور اور کراچی کے، سرعام بیچا جا رہا ہے اور ابھی تک اسکے حوالے سے کسی طرف سے نہ احتجاج کی صدا سننے کو ملی، نہ حکومتی اداروں نے اس حوالے سے کچھ توجہ دی ہے۔ یہ ترجمہ جو صریح تحریف پر مبنی ہے، اسے شیعہ ترجمہ قرآن کہنا بھی مکتب تشیع کی توہین ہے۔ جید شیعہ علماء کے قرآنی تراجم موجود ہیں۔ مکتب اہلبیت علیھم السلام کی بنیاد ہی وجود خدا اور توحید پر ہے، ایسے میں اللہ کا مطلب مخلوقات پر محمد و آل محمد کی نعمتیں بیان کرنا ہرگز درست نہیں۔


تحریر: امجد عباس مفتی

اس سال جنوری میں سوشل میڈیا پر "قرآن مجید، شیعہ اردو ترجمہ" از: سید ابو محمد نقوی کے متعدد اشتہارات پڑھنے کو ملے۔ ہمارے لیے بظاہر یہ خوشی کی نوید تھی کہ قرآن مجید کے اردو تراجم میں ایک نئے ترجمے کا اضافہ ہونے جا رہا ہے۔ جیسے یہ ترجمہ قرآن فروخت ہونا شروع ہوا، ہم نے ایک کتب فروش دوست کے ذمہ لگایا کہ وہ ایک عدد نسخہ ہمیں دیں گے۔ اسی دوران میں، اس ترجمے کی پی ڈی ایف فائل مختلف ویب سائٹس پر موجود ہونے کی خبر پا کر میں نے فوری اسے ڈاؤنلوڈ کیا۔ قرآن مجید کے اس ترجمے پر ناشر کا تذکرہ موجود نہیں ہے، البتہ پی ڈی ایف فائل میں ناشر: ڈاکٹر سید گلزار علی شاہ نقوی البخاری درج ہے، مزید پتہ یا تفصیل درج نہیں ہے۔ ہم نے محض سورہ فاتحہ کو دیکھنا شروع کیا تو حاشیہ میں مترجم نے اللہ کا مطلب یہ بیان کیا کہ اس سے مراد مخلوقات پر محمد و آل محمد کی نعمتیں ہیں۔

گویا مترجم نے اللہ تعالیٰ کا ہی سرے سے انکار کر دیا۔ یوں اس ترجمے اور حاشیے کو مزید مختلف مقامات سے دیکھنے سے اندازہ ہوا کہ یہ ترجمہ درحقیقت ملک میں بین المسالک نفرت، فرقہ واریت، فتنہ و فساد اور تفرقہ ڈالنے کے لیے چھاپا گیا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ تقریباً ایک سال سے یہ ترجمہ مختلف شہروں بشمول لاہور اور کراچی کے، سرعام بیچا جا رہا ہے اور ابھی تک اس کے حوالے سے کسی طرف سے نہ احتجاج کی صدا سننے کو ملی، نہ حکومتی اداروں نے اس حوالے سے کچھ توجہ دی ہے۔ یہ ترجمہ جو صریح تحریف پر مبنی ہے، اسے شیعہ ترجمہ قرآن کہنا بھی مکتب تشیع کی توہین ہے۔ جید شیعہ علماء کے قرآنی تراجم موجود ہیں۔ مکتب اہل بیت علیھم السلام کی بنیاد ہی وجود خدا اور توحید پر ہے، ایسے میں اللہ کا مطلب مخلوقات پر محمد و آل محمد کی نعمتیں بیان کرنا ہرگز درست نہیں۔

ارباب اختیار سے درخواست ہے کہ فی الفور معاملے کی حساسیت کا احساس کرتے ہوئے سید ابو محمد نقوی نامی شخص کے اس ترجمے کی روک تھام اور اسے ویب سائٹس سے ہٹوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ناشر کے حوالے سے تفصیلات اس ترجمے کے ڈسٹری بیوٹرز سے لی جا سکتی ہیں، اس ترجمے کی پی ڈی ایف فائل راقم السطور کے پاس موجود ہے۔ علماء کرام، اسلامیان پاکستان اور ارباب اختیار جلد اس سارے معاملے کا جائزہ لیکر اس خیانت پر مشتمل، ترجمے کی روک تھام کے سلسلے میں فوری اقدامات اٹھائیں۔


خبر کا کوڈ: 1015753

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/1015753/قرآن-پاک-کے-ترجمے-کی-آڑ-میں-فرقہ-واریت-مذہبی-انتہاء-پسندی-اور-فساد-کو-فروغ-دینے-سازش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org