0
Thursday 29 Sep 2022 16:20

ایون فیلڈ ریفرنس کی مختصر تاریخ، کب کیا ہوا؟

ایون فیلڈ ریفرنس کی مختصر تاریخ، کب کیا ہوا؟
رپورٹ: ایم سید

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس سے بری کردیا ہے۔ مریم نواز کو 2018ء میں 8 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ سال 2016ء میں پاناما پیپرز سامنے آنے کے بعد معلوم ہوا تھا کہ 90ء کی دہائی سے لندن کے مہنگے ترین علاقے مے فیئر میں اور پارک لین کے قریب واقع شریف خاندان کے زیر استعمال 4 رہائشی فلیٹس دراصل ان ہی کی ملکیت ہیں۔ شریف خاندان پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے ان فلیٹس کو غیرقانونی ذرائع کی مدد سے حاصل ہونے والی آمدنی سے خریدا۔ سپرپم کورٹ نے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں سے تحقیقات کے لئے اعلان کردہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی تھی۔

جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں کئی جلدوں پر مشتمل اپنی رپورٹس جمع کرائی، جس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف قومی احتساب بیورو میں ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کی۔ رپورٹ کی روشنی میں نواز شریف، مریم نواز، حسین نواز اور حسن نواز کے خلاف مختلف ریفرنس دائر کئے جن میں سے ایک ایون فیلڈ ریفرنس بھی تھا۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف خاندان نے مؤقف اختیار کیا کہ 1993ء سے لے کر 2006ء تک ایون فیلڈ پراپرٹی قطر کے شاہی خاندان کی ملکیت تھی لیکن شریف خاندان نے وہاں رہائش اختیار کی تھی جس کے لئے وہ وہاں کے کرائے اور دوسرے اخراجات خود اٹھاتے تھے۔

خاندان کا مزید کہنا تھا کہ اس کے کوئی دستاویزی ثبوت نہیں ہیں کیونکہ یہ ایک غیر رسمی معاہدہ تھا جسے کرنے والے دونوں افراد، نواز شریف کے والد محمد شریف اور موجودہ قطری حکمران کے والد شیخ جاسم بن جبر الثانی فوت ہوچکے ہیں۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 2018ء میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو اس مقدمے میں 11 سال قید اور 80 لاکھ برطانوی پاؤنڈ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ اس کے علاوہ مریم نواز کو 8 سال قید اور 20 لاکھ برطانوی پاؤنڈ جرمانہ جبکہ ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو 2 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

ایون فیلڈ ریفرنس: کب کیا ہوا؟
ایون فیلڈ ریفرنس مختلف عدالتوں میں 5 سال زیر سماعت رہا اور اس دوران مریم نواز اور ان کے شوہر جیل بھی گئے۔

28 جولائی 2017ء کو سپریم کورٹ نے پاناما پیپرز کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ کی روشنی میں نواز شریف کو قومی اسمبلی کی رکنیت اور وزارتِ عظمیٰ کے عہدے سے بھی نااہل قرار دیا۔

نیب نے خلاف 8 ستمبر 2017ء کو پاناما پیپرز کی جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں نواز شریف، مریم نواز، حسین نواز، حسن نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا۔

14 ستمبر 2017ء کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریفرنس پر پہلی سماعت کی۔

26 ستمبر کو نواز شریف جب کہ 9 اکتوبر 2017ء کو مریم نواز پہلی مرتبہ عدالت میں پیش ہوئیں۔

19 اکتوبر 2017ء کو نواز شریف کی عدم موجودگی کی وجہ سے ان کے نمائندے ظافر خان، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پر فرد جرم عائد کی گئی۔

8 نومبر 2017ء کو پیشی کے موقع پر نواز شریف پر براہ راست فرد جرم عائد کی گئی۔

3 جولائی 2018ء کو احتساب عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔

6 جولائی 2018ء کو احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 11 سال، مریم نواز کو 8 سال اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو 1 سال قید کی سزا سنادی۔

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

ستمبر 2018ء میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سزاؤں کو کالعدم قرار دے دیا جس کے بعد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر جیل سے رہا ہوگئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی ایون فیلڈ ریفرنس پر اپیلوں اور سزا ختم کرنے کی متفرق درخواستوں پر سماعت کی۔

10 فروری 2022ء کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب سے مریم نواز کے خلاف مزید شواہد طلب کرلئے۔

20 ستمبر کو نیب پراسیکیوٹر نے اعتراف کیا کہ لندن کی جائیداد خریدنے میں مریم نواز کا کردار نہیں تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف درخواست پر نیب کو مریم نواز سے قبل نواز شریف پر جرم ثابت کرنے کی ہدایت کردی۔

اسی سماعت کے دوران عدالت نے لندن کے اپارٹمنٹس اور نواز شریف کے درمیان تعلق پر نیب سے 4 سوالات کے جوابات بھی مانگ لئے۔

29 ستمبر 2022ء کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو باعزت بری کردیا۔
خبر کا کوڈ : 1016752
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش