0
Saturday 1 Oct 2022 01:01

علامہ ناصر عباس جعفری کا دورہ ایران و عراق، اہم ملاقاتیں

علامہ ناصر عباس جعفری کا دورہ ایران و عراق، اہم ملاقاتیں
رپورٹ: سید عدیل زیدی

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری زیارات مقدسہ کیلئے اربعین حسینیؑ سے قبل سرزمین عراق گئے اور اس سے قبل ایران کا دورہ کیا۔ دونوں ممالک کے دورے کے دوران انہوں نے زیارات مقدسہ کے بعد عراق و ایران سمیت نہ صرف کئی دیگر ممالک کی اہم مذہبی شخصیات سے ملاقاتیں کیں بلکہ اہم تقریبات میں شرکت اور خطابات بھی کئے۔ اپنے دورہ عراق کا آغاز انہوں نے نجف اشرف سے کیا، جہاں سے وہ اربعین حسینیؑ کیلئے پیدل کربلا معلیٰ پہنچے۔ کربلا میں اربعین کے بعد انہوں نے حرم امام حسین علیہ السلام میں منعقدہ کانفرنس بعنوان ’’امام حسینؑ مرکز اتحاد‘‘ میں شرکت اور خطاب کیا۔ اس کانفرنس میں علامہ محمد امین شہیدی، علامہ سید نصرت بخاری سمیت مختلف شخصیات و عوام نے شرکت کی۔ بعدازاں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کربلا میں ہی المصطفیٰ فاونڈیشن یو ایس اے اور ورلڈ مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی طرف سے منعقدہ نویں سالانہ انٹرنیشنل ’’امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ میں شرکت کی۔

حرم امام حسین علیہ السلام کے خاتم الانبیاء کانفرنس ہال میں منعقدہ اس کانفرنس میں دنیا کے متعدد ممالک سے اربعین پر آئی ہوئی جیّد اور موثر شخصیات نے بھی شرکت کی، جن میں چیئرمین سچ ٹی وی پاکستان علامہ سید افتخار حسین نقوی، سربراہ امت واحدہ پاکستان علامہ امین شہیدی، دکتر مقدم فر تھران، ڈاکٹر اسد سہیل، ولایت ٹی وی یو ایس اے کے سید محمد حسن نقوی، نیو جرسی مسلم اسکاوٹس امریکا کے سید احتشام نقوی، ہما جعفری شامل ہیں۔ اس کانفرنس کے بعد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرجع تقلید آیت اللہ حافظ بشیر نجفی سے ملاقات کی۔ اس موقع میں علامہ سید افتخار حسین نقوی اور دیگر علمائے کرام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ قبل ازیں انہوں نے ایران کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مجمع جہانی اہلیبتؑ کے اہم اجلاس میں شرکت کی۔ اس اجلاس میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے دنیا بھر سے اجلاس میں شرکت کرنے والے عالمی مذہبی رہنماوں سے خطاب اور ملاقات کی۔

سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تہران میں عالمی مجمع جہانی اہل بیتؑ کی جنرل اسمبلی کے ساتویں اجلاس میں بھی  شرکت اور خطاب کیا۔ اس اجلاس میں صدر اسلامی جمہوریہ ایران آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے خصوصی خطاب کیا۔ اجلاس میں دنیا کے 130 ممالک سے آئے ہوئے 300 مہمانوں نے شرکت کی۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی اور علامہ ضیغم عباس بھی شریک تھے۔ اپنے دورہ ایران کے دوران سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سربراہ مجلس اعلیٰ اسلامی عراق اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر الشیخ ھمام الحمودی سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر امت مسلمہ کو درپیش مسائل اور عراق کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ علاوہ ازیں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی تہران میں حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم سے بھی ملاقات ہوئی، اس ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری امور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی بھی موجود تھے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ ایران کے سابق رئیس آیت اللہ علی رضا اعرافی سے بھی وفد کے ہمراہ ملاقات کی، اس موقع پر  علامہ سید شفقت حسین شیرازی بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں سربراہ مجلس وحدت مسلمین نے استاد حوزہ علمیہ قم سماحة آیت اللہ ھادوی تہرانی سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دینی تعلیم اور مدارس کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے فرزند ارجمند آیت اللہ العظمیٰ شیخ بشیر حسین نجفی، شیخ علی النجفی سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ سید شفقت حسین شیرازی اور علامہ مقصود علی ڈومکی بھی موجود تھے۔ تہران میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے علامہ ڈاکٹر شفقت شیرازی کے ہمراہ سماحة العلامة عبد الله نظام و سماحة الشيخ الدكتور نبيل الحلباوی سے بھی اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں امت مسلمہ کو مجموعی طور پر درپیش مسائل و حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 1017003
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش