0
Monday 21 Nov 2022 12:58

ایم ڈبلیو ایم وفد کا اہم دورہ ڈی آئی خان

ایم ڈبلیو ایم وفد کا اہم دورہ ڈی آئی خان
رپورٹ: سید عدیل زیدی

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ایک وفد نے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی کی سربراہی میں خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا، اس وفد میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب علی جعفری، انجمن حسینہ خواجگان لاہور کے مسئول باقر حسین جاوا اور ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی شامل تھے۔ ڈیرہ اسماعیل خان پہنچنے پر ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی نائب صدر سید اسد علی زیدی اور ضلعی رہنماوں نے وفد کا استقبال کیا۔ اس دورے کا اہم مقصد حالیہ سیلاب سے متاثرہ عوام سے ان کے تباہ حال گھروں کی تعمیر نو کے حوالے سے کئے گئے وعدے کی تکمیل تھا۔ یاد رہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر شیرازی نے سیلاب کے ابتدائی دنوں میں ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا تھا اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں فتح حاجی مورہ میں متاثرہ گھروں کی تعمیر کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔

اسی سلسلے میں بیت امام علی علیہ السلام پراجیکٹ کے تحت انجمن حسینیہ خواجگان کے تعاون سے اس وعدے کو عملی شکل دی گئی اور ڈی آئی خان کے علاقہ حاجی مورہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سید ناصر عباس شیرازی، علامہ جہانزیب علی، محمد باقر جاوا، سید اسد علی زیدی، شبیر ساجدی اور ضلعی ممبران ایم ڈبلیو ایم نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ سیلاب سے متاثرہ لوگ بھی شریک ہوئے۔ اس تقریب میں بیت امام علیؑ پراجیکٹ کے تحت انجمن حسینیہ کے اشتراک سے سیلاب زدہ علاقوں میں گھروں کی تعمیر نو کے پہلے مرحلے میں صوبہ خیبر پختونخوا سے آغاز کیا گیا اور مختلف دیہات میں 40 گھروں اور 2 مساجد کی تعمیر کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ اس تقریب میں مستحقین میں ایک کمرے کے گھر کی تعمیر کے لئے پہلی قسط نقد رقم کی صورت میں تقسیم کی گئی۔

اس موقع پر صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم علامہ جہانزیب علی، انجمن حسینہ خواجگان کے باقر حسین جاوا اور مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے خطاب کیا۔ معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز بھی دی گئیں۔ اس تقریب کے علاوہ سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ نے صوبائی اور ضلعی رہنماوں کے ہمراہ بستی فتح سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیت شفقت بلوچ ایڈووکیٹ، عتیق اللہ بلوچ کے جواں سال بھانجے عاطف کی ناگہانی وفات پر ان سے تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقع پر شفقت بلوچ ایڈووکیٹ نے مجلس وحدت مسلمین کی قیادت کا دکھ کی اس گھڑی میں درد بانٹنے پر شکریہ ادا کیا اور علاقہ میں مجلس وحدت کی مضبوطی کے لئے فعالیت کا یقین بھی دلایا۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے چاہ سید منور شاہ قبرستان کا بھی دورہ کیا اور وہاں شہداء کی قبور پر حاضری اور فاتحہ خوانی کی۔

اس کے علاوہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی اور علامہ جہانزیب علی نے صوبائی اور ضلعی عہدیداران کے ہمراہ کوٹلی امام حسین علیہ السلام میں شہداء کے مزارات پر حاضری دی۔ اس موقع پر علامہ جہانزیب علی نے مختصر مجلس عزا پڑھی اور امام حسین علیہ السلام کے مصائب بیان کئے۔ سینیئر تنظیمی ساتھی اور علاقہ کے فعال کارکن شکیل کی ناگہانی وفات پر تعزیت کے لئے سید ناصر عباس شیرازی وفد کے ہمراہ ان کے گھر گئے اور فاتحہ خوانی اور لواحقین سے تعزیت کی۔ سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ نے تنظیمی وفد کے ہمراہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنماء علی امین گنڈا پور سے بھی ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم خیر پختونخوا علامہ جہانزیب علی جعفری، صوبائی کابینہ کے دیگر اراکین سید اسد علی زیدی، شبیر ساجدی، اراکین ضلعی کابینہ بھی موجود تھے۔

اس اہم ملاقات کے دوران دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماء علی امین گنڈاپور نے صوبہ میں مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی نشاندہی پر ان مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوٹلی امام حسین علیہ السلام کی جگہ پر کسی کو قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے موقف کے ساتھ ہیں۔ ملاقات کے آخر میں ملکی صورت حال پر میڈیا بریفنگ ہوئی۔ اس کے علاوہ سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ ڈیرہ اسماعیل خان سٹی میں صوبائی اور ضلعی رہنماوں کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین ڈیرہ اسماعیل خان کے رہنماء اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سابق ڈویژنل صدر ارتضیٰ کی والدہ اور بہنوئی کی ناگہانی وفات پر تعزیت کے لئے ان کے گھر گئے، انہوں نے فاتحہ خوانی اور مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی۔
خبر کا کوڈ : 1025804
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش