1
Thursday 24 Nov 2022 00:23

تھل جیپ ریلی اور ثقافتی میلہ اختتام پذیر

تھل جیپ ریلی اور ثقافتی میلہ اختتام پذیر
رپورٹ: سید عدیل زیدی

جنوبی پنجاب کے ضلع لیہ کے ریگزاروں میں ساتویں ’’تھل جیپ ریلی اور ثقافتی میلہ‘‘ کا رنگا رنگ انعقاد کیا گیا، چار روز تک جاری رہنے والی اس تفریحی اور ثقافتی گہما گہمی نے نہ صرف اس علاقہ بلکہ دور دراز سے آئے مہمانوں کو بھی ملکی حالات کے پیش نظر تناو کے اس ماحول سے نکال کر ایک چند دنوں کی خوشی، سکون اور مناسب تفریح فراہم کی۔ تھل جیپ ریلی اور ثقافتی میلہ کا باقاعدہ افتتاح لیہ ہی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار شہاب الدین خان سیہڑ نے تحصیل چوبارہ میں کیا۔ یاد رہے کہ اس رنگا رنگ محفل کا آغاز رکن صوبائی اسمبلی قیصر عباس خان مگسی نے 2016ء میں کیا تھا، اس کے بعد سے جیپ ریلی اور ثقافتی میلے کو ہر آنے والے سال میں ترقی ملتی رہی۔ افتتاحی تقریب میں میزبان قیصر عباس مگسی کے علاوہ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سید رفاقت گیلانی، ایم این اے ملک نیاز احمد جکھڑ لیہ، صدر چیمبر آف کامرس شکیلہ بانو، عوامی و سیاسی رہنماء، افسران، میڈیا نمائندگان اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا، المرتضیٰ کیڈٹ اسکول و کالج کے طلبہ نے سلامی پیش کی۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر سکول طلبہ نے خوبصورت ٹیبلوز اور خاکے پیش کئے، میلہ میں مختلف محکموں کے اسٹالز بھی سجائے گئے، جبکہ خواتین کے لئے مینا بازار کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تھل میلہ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر شاندار گھوڑ ڈانس پیش کیا گیا، جس کے بعد اس تقریب کے سب سے اہم ایونٹ جیپ ریلی کا آغاز ہوا، اس جیپ ریلی میں ملک کے مختلف شہروں سے ملکی سطح کے نامور ڈارئیورز نے شرکت کی۔ ساتویں تھل جیپ ریلی 2022ء میں صاحبزادہ زین محمود ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہے اور جیت کا تاج میر نادر مگسی کے سر سج گیا۔ سرکاری نتائج کے مطابق پری پیئرڈ کیٹگری کی اے، بی، سی اور ڈی کلاس میں نادر مگسی، اسد خان شادی خیل، سید ظہیر حسین شاہ، ظفر بلوچ جبکہ وویمن کیٹگری میں رباب سلطان نے کامیابی حاصل کی ہے۔ پری پیئرڈ کی اے کیٹگری میں معروف ریسر میر نادر مگسی نے 195 کلومیٹر کا سفر 2 گھنٹے 10 منٹ 15 سکینڈ میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

آصف فضل چوہدری نے دوسری پوزیشن حاصل کی، انہوں نے یہ فاصلہ 2 گھنٹے 12 منٹ اور 35 سکینڈ میں طے کیا، تیسری پوزیشن معروف ریسر جعفر خان مگسی نے حاصل کی، انہوں نے یہ فاصلہ 2 گھنٹے 50 منٹ 16 سکینڈ میں طے کیا۔ پری پیئرڈ بی کیٹگری میں پہلے نمبر پر ملتان کے ریسر اسد خان شادی خیل آئے، انہوں نے فاصلہ 2 گھنٹے 15 منٹ میں طے کیا، دوسرے نمبر پر سعود جی یاد آئے، یہ فاصلہ انہوں نے 2 گھنٹے 26 منٹ 58 سکینڈ میں مکمل کیا۔ اس کیٹگری میں تیسرے نمبر پر گوہر سانگی آئے، انہوں نے ٹریک 2 گھنٹے 28 منٹ اور 48 سکینڈ میں طے کیا۔ سی کیٹگری میں ظہیر حسین شاہ اول آئے، انہوں نے فاصلہ 2 گھنٹے 27 منٹ 43 سکینڈ اور دوسرے نمبر پر آنے والے محمود مجید نے فاصلہ 2 گھنٹے 36 منٹ 8 سکینڈ میں طے کیا۔ اس کیٹگری میں ہمال ہوت تیسرے نمبر پر آئے، جیپ ریلی کے کھلاڑیوں نے ٹریک کو دشوار گزار قرار دیا، گاڑیاں خراب ہونے کے باعث بعض ریسرز کو ریس سے باہر ہونا پڑا۔

تھل جیپ ریلی کے مڈ پوائنٹ پر منعقدہ اس میلہ کے آخری روز ہزاروں کی تعداد میں شائقین موجود تھے، اس روز والی بال میچ بھی کھیلا گیا، علاوہ ازیں میلہ کے آخری روز کا بڑا ایونٹ دیسی کشتی تھا، ان مقابلوں میں ڈی جی خان، لیہ، بہاولپور اور جھنگ کے پہلوانوں نے اپنی پہلوانی کے جوہر دکھائے۔ تھل میلہ کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات منعقد کی گئی۔ جہاں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اور سٹال منتظمین میں انعامات تقسیم کئے گئے، اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سید رفاقت گیلانی نے کہا کہ حکومت پنجاب پسماندہ علاقوں کی فلاح و بہبود کے لیے دور رس نتائج کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، لیہ تھل میلہ اس سلسلہ کی عملی تعبیر ہے۔ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عبدالمجید خان نیازی نے کہا کہ تھل میلہ علاقہ کی شناخت اور ثقافت کو زندہ رکھنے کی بہترین کوشش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب مقامی دستکاروں کو منڈیوں تک اپنی اشیاء لے جانے کی ضرورت نہیں بلکہ مارکیٹ خود چل کر ان کی دہلیز پر آئی ہے، جہاں وہ اپنی محنت اور ہنر کا مناسب صلہ پاسکیں گے۔ اس رنگا رنگ محفل کے میزبان اور ایم پی اے قیصر عباس مگسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل چوبارہ کی عوام انتہائی خوش نصیب ہے کہ یہاں ایک بین الاقوامی سطح کا ایونٹ منعقد ہوا ہے، علاقہ اور مکینوں کی فلاح و بہبود میں اس قسم کے ایونٹ کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ قیصر عباس مگسی کی کوششوں سے شروع ہونے والے اس میلہ اور جیپ ریلی نے یقینی طور پر اس پسماندہ علاقہ کی نہ صرف اہمیت میں اضافہ کیا ہے بلکہ علاقہ کے عوام سمیت ملک کے دیگر حصوں سے لوگوں کو یہاں لاکر ایک صاف ستھری تفریح اور مقامی ثقافت کو پذیرائی بخشنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ کھیل، تفریح اور ثقافت کا یہ خوبصورت امتزاج آہستہ آہستہ ملکی سطح پر متعارف ہو رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1026036
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش