0
Sunday 1 Oct 2023 13:29

الخلیل شھر کو درپیش خطرات

الخلیل شھر کو درپیش خطرات
تحریر: احمد کاظم زادہ

دوحہ (قطر کے دارالحکومت) میں ہونے والے اپنے اجلاس میں اسلامی دنیا کی ثقافت کی کونسل نے فلسطین میں واقع شہر الخلیل کو 2026ء میں اسلامی دنیا کے ثقافتی دارالحکومت کے طور پر منتخب کیا ہے۔ فلسطینی وزیر ثقافت عاطف ابو یوسف نے اس موقع پر کہا ہے کہ یہ تقریب بہت اہم ہے، کیونکہ عالم اسلام کی طرف سے 2026ء میں الخلیل کو ثقافتی دارالحکومت کے طور پر منتخب کرنے کے بعد عالم اسلام اور امت مسلمہ اس شہر میں اپنی ثقافتی کوششوں پر توجہ مرکوز کرے گی۔ اس سلسلے میں شہر الخلیل  میں اسلامی تشخص کو مضبوط کرنے کے لیے منصوبے اور پروگرام بنائے جائیں گے اور اس شہر کے تاریخی، قومی اور اسلامی تشخص کو مٹانے کے لیے قابض حکومت کی کسی بھی کارروائی اور پالیسی کا مقابلہ کیا جائے گا۔

قبل ازیں قدس کو 2019ء میں اسلامی دنیا کا ثقافتی دارالحکومت اور 2009ء میں عرب ثقافت کا دارالحکومت منتخب کیا گیا تھا۔ بیت الحم شہر کو 2020ء میں عرب ثقافت کا دارالحکومت منتخب کیا گیا تھا۔ اسلامی اور عرب دنیا کے لیے فلسطینی شہروں کی ثقافتی اہمیت بہت زیادہ ہے اور اس کی کئی وجوہات ہیں۔ فلسطینی شہروں کی اسلامی اور عرب دنیا کے لیے ثقافتی اہمیت کے پیش نظر عالمی ادارے اس پر توجہ دیتے ہیں۔ اس سے قبل اقوام متحدہ کے سائنسی، تعلیمی، ثقافتی اور تعلیمی ادارے (یونیسکو) نے بھی صیہونی حکومت کے بڑھتے ہوئے عزائم کے پیش نظر فلسطینی شہر "الخلیل" کے پرانے حصے کو خطرے کے شکار مقامات کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ یہ فیصلہ پولینڈ میں یونیسکو کے 41ویں اجلاس میں صرف تین منفی ووٹوں کے مقابلے میں 12 مثبت ووٹوں سے منظور کیا گیا۔

عام طور پر یونیسکو کی فہرست میں اس طرح کے تاریخی مقامات کو شامل کرنے کے عمل میں کئی سال لگتے ہیں، لیکن فلسطینیوں نے اس بارے میں تیز تر مذاکرات اور مشاورت کا مطالبہ کیا ہے۔ فلسطینیوں کا استدلال یہ تھا کہ الخلیل غاصب صیہونی حکومت کے قبضے میں ہونے کی وجہ سے تباہی سے دوچار ہے اور اس میں تاخیر خطرناک نتائج کی حامل ہوسکتی ہے۔ اس مسئلے کو قبول کرتے ہوئے یونیسکو نے اس شہر کو خطرے سے دوچار مقامات کی فہرست میں شامل کرنے کے عمل کو تیز کر دیا۔ یونیسکو کے اس فیصلے کی بنیاد پر صیہونی حکومت کے تمام دعوے مسترد ہو جاتے ہیں اور صیہونی حکومت اب الخلیل کے علاقے پر حکمرانی یا تاریخی دعویٰ نہیں کرسکتی۔ اب یہ علاقہ سرکاری طور پر فلسطینیوں کا ہے اور اس علاقے میں صیہونی حکومت کے غیر قانونی اقدامات بین الاقوامی سطح پر زیادہ سے زیادہ جانچ پڑتال کی زد میں ہیں۔

الخلیل شھر کا تعارف: 
الخلیل دریائے اردن کے مغربی کنارے کا سب سے بڑا شہر ہے، جو قدس شھر سے 30 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ یہ شہر بظاہر فلسطینی اتھارٹی کے زیر انتظام ہے اور اس میں مسلمانوں کی آبادی تقریباً 230,000 ہے۔ یہ علاقہ فلسطین کے قدیم ترین شہروں میں سے ایک ہے، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کی تاریخ 6000 سال  قدیم ہے اور یہ تمام آسمانی مذاہب کے لیے مقدس ہے۔ مکہ، مدینہ اور قدس کے بعد الخلیل مسلمانوں کا چوتھا مقدس شہر سمجھا جاتا ہے۔ الخلیل میں میں بہت سی پرانی عمارتیں ہیں، جن میں حضرت ابراہیم (ع)، اسحاق (ع)، یعقوب (ع) اور ان کی بیویوں کے مقبرے شامل ہیں۔ 1972ء میں الخلیل شھر کو بین الاقوامی معاہدہ "UNESCO World Heritage" کی جنرل کانفرنس میں منظوری دی گئی۔

اس معاہدے کا موضوع بنی نوع انسان کے ایسے تاریخی، قدرتی اور ثقافتی کاموں کا تحفظ ہے، جو عالمی اہمیت کے حامل ہیں اور ان کا تعلق نسل، مذہب اور قومیت سے قطع نظر کرہ ارض کے تمام لوگوں سے ہے۔ اس کنونشن کی بنیاد پر یونیسکو کے رکن ممالک اپنے ملک کی تاریخی، قدرتی اور ثقافتی یادگاروں کو عالمی ورثے کے طور پر رجسٹرڈ کرنے کے لیے نامزد کرسکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے بعد ان کاموں کا تحفظ متعلقہ ملک کے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے تمام رکن ممالک کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ اس کنونشن کے اہم فوائد میں سے خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کے لیے عالمی ثقافتی ورثہ فنڈ تک رسائی ہے۔

عالمی ثقافتی ورثے کے مقامات کی شناخت، تحفظ اور تعارف کے لیے ممبر ممالک کو سالانہ تقریباً چار ملین ڈالر کی رقم فراہم کی جاتی ہے۔ نیز ان مقامات کو انسانی یا قدرتی نقصان کے خطرے کی صورت میں، ان نقصانات کی مرمت کے لیے رقم رکن ممالک کو فوری مدد فراہم کی جاتی ہے۔ مذکورہ معاہدے کے تحت بین الاقوامی مالی امداد ان مقامات کے تحفظ کے لیے وقف ہے، جو خاص طور پر خطرے میں ہیں۔ اب 2026ء میں الخلیل کو عالم اسلام کا دارالخلافہ قرار دیئے جانے سے امید کی جا رہی ہے کہ یہ شہر عالمی اور علاقائی بالخصوص عالم اسلام کی توجہ کا مرکز بنے گا اور اس کے نتیجے میں صیہونی حکومت کے زیر اثر سے باہر ہو جائے گا اور صیہونی حکومت کے توسیع پسندانہ پالیسیوں کو جاری رکھنے کے خلاف عالمی دباؤ ڈالا جاسکے گا۔
خبر کا کوڈ : 1084817
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش