0
Tuesday 20 May 2014 09:46

حضرت فاطمۃ الزہراؓ کانفرنس

حضرت فاطمۃ الزہراؓ کانفرنس
تحریر: بیرسٹر رباب مہدی رضوی

لندن میں دنیا کے تمام مذاہب کی سرکردہ شخصیات نے اس بات کا اظہار کیا کہ تمام ادیان کے اسکالرز اور شخصیات امن عالم کے قیام، بقائے انسانیت، دہشت گردی، قتل و غارت اور فرقہ واریت کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔ آنحضور نبی اکرمؐ اور حضرت فاطمۃ الزہراؓ ایسی عظیم ہستیاں دنیا بھر کے انسانوں کیلئے مینارۂ نور ہیں اور تمام مذاہب ان کا یکساں احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ہائوس آف لارڈز لندن میں آج شام عالمی بین المذاہب حضرت فاطمۃ الزہراؓ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس کا اہتمام عالمی امام حسین کونسل کی چیئرپرسن بیرسٹر رباب مہدی رضوی نے کیا تھا۔ اس کانفرنس میں قاری تہمینہ نے تلاوت کلام الٰہی کی، جبکہ ہندو پروہت بھارتی، یہودی، راہب ربی مارک اور عیسائی راہب ریورڈ بونی نے اپنی کتابوں سے اللہ تعالٰی کی واحدانیت کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ہی خالق و مالک تمام دنیا کو پالنے والا ہے۔ 

نامور قانون دان لارڈ نذیر احمد، ڈیوای بری، لارڈ میئر ندیم علی، رچرڈ ہیرنگٹن اور ممبر پارلیمنٹ جیرالڈ کوفمین نے بین المذاہب کانفرنس کو دنیا بھر کے انسانوں اور مذاہب کیلئے منفرد تقریب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس سے دنیا بھر کے مذاہب آنحضور نبی المکرمؐ اور حضرت فاطمۃ الزہراؓ کے وسیلے سے ایک دوسرے کے قریب آئیں گے اور ایک دوسرے کے اختلافات ختم ہونگے اور ان عظیم ہستیوں کے زیر سایہ امن عامہ کا پیغام دنیا بھر میں پھیلے گا۔ یہودیوں کے چوٹی کے دانشور روی مارک ونر جو بین المذاہب ہم آہنگی کے چیئرمین ہیں اور میامی کی یونیورسٹی میں مذاہب کے درمیان تعلقات کے پروفیسر ہیں اور انہیں ان کی خدمات کے سلسلے میں حکومت برطانیہ نے ایم بی ای کا اعزاز عطا کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمۃ الزہراؓ ایسی کانفرنسیں بہت پہلے منعقد ہونی چاہئیں تھیں۔ اگر ایسا ہوتا تو آج اسلام و دیگر مذاہب کے درمیان انتہائی خوشگوار تعلقات ہوتے۔
 
عالمی شہرت یافتہ صحافی مریم فرینکو سیرا جس کا تعلق آکسفورڈ یونیورسٹی سے ہے، نے کہا کہ مسلمانوں کی سب سے بڑی غلطی یہ ہوئی ہے کہ انہوں نے آنحضور نبی اکرمؐ اور حضرت فاطمۃ الزہراؓ ایسے رہنمائوں کو صحیح انداز سے روشناس نہیں کرایا۔ ہندو فورم یورپ کے بھارتی ٹیلر نے کہا کہ حضرت فاطمۃ الزہرا ایک عظیم انسان کی دختر ہوکر سارا کام اپنے ہاتھوں سے کرتی تھیں۔ اپنے ہاتھوں سے چکی پیستیں، یہ امر پوری دنیا کی خواتین کیلئے قابل تقلید ہے۔ بدھ مت آرگنائزیشن تنظیم برطانیہ کے سربراہ سنتوش داس نے کہا کہ آنحضور نبی اکرمؓ اور حضرت فاطمۃ الزہراؓ قابل احترام اس لئے ہیں کہ انہوں نے دنیا کو وحشت اور بربریت سے نجات دلائی۔ جوزف انٹر فیتھ فائونڈیشن کے سربراہ میری نیکنام نے کہا کہ تمام مذاہب کی مقدس ہستیوں کو سمجھنے اور سمجھانے کی ضرورت ہے۔ برطانوی چرچ کی اہم رکن ڈاکٹر شنیل لیڈ بیٹر نے حضرت مریمؑ اور حضرت فاطمۃ الزہراؓ کی مماثلت کے کے عنوان سے مقالہ پڑھا۔
 
ہیومن رائٹس برطانیہ کی ترجمان لینی ٹونلی نے کہا کہ آنحضور نبی اکرمؐ انسانوں کے بنیادی حقوق کے سب سے بڑے علمبردار تھے اور حضرت فاطمۃ الزہراؓ کی اولاد میں ان کے مشن کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ عالمی شہرت یافتہ سکالر محمد امین نے کہا کہ حضرت فاطمتہ الزہراؓ جیسی عالمی کانفرنسوں کے انعقاد سے اسلام کا صحیح رُخ دنیا کے سامنے آئے گا۔ عالمی امام حسین کونسل کی چیئرپرسن بیرسٹر رباب مہدی رضوی اور لارڈ نذیر احمد نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کاوش ہے کہ دنیا کو جنگ و جدل، دہشت گردی اور فرقہ واریت اور عصبیتوں سے نجات دلائی جائے۔ کانفرنس میں آخر میں دنیا بھر میں امن عالم اور انسانوں کے درمیان محبت اور بھائی چارے کیلئے دعا کی گئی۔
"روزنامہ نوائے وقت"
خبر کا کوڈ : 384522
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش