0
Sunday 30 Nov 2014 22:40

ای نائن فورم اپنی افادیت کھو چکا یا ممبر ممالک کی توجہ حاصل نہ ہوسکی۔؟

ای نائن فورم اپنی افادیت کھو چکا یا ممبر ممالک کی توجہ حاصل نہ ہوسکی۔؟
ای نائن فورم اپنی افادیت کھوچکایا ممبر ممالک کی توجہ حاصل نہ ہوسکی، پاکستان، چین اور مصر کے علاوہ کسی ممبر کا وزیر وزراء کانفرنس میں شریک نہ ہوا،برازیل کے وزیر یقین دہانی کے باوجود نہ آئے، میکسیکو نے معذرت کرلی، نچلی سطح کے وفود نے دیگر ممالک کی نمائندگی کی،فورم کو فنڈنگ مشکلات کا سامنا۔ وزارت تعلیم و تربیت کے ذرائع نے ''آن لائن'' کو بتایاکہ E9 ممالک کی دوروزہ کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوئی ۔ کانفرنس کمختلف ممالک کے اتحاد ’’E9‘‘ کی دو روزہ کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوئی، کانفرنس کی میزبانی پاکستان نے کی جبکہ دیگر رکن ممالک چین، بھارت، بنگلہ دیش، مصر، نائیجیریا اور انڈونیشیاء کے وزرائے تعلیم کو مدعو کیا گیا تھا لیکن کانفرنس میں صرف پاکستان، چین اور مصر کے وزرائے تعلیم یا وزرائے مملکت نے شرکت کی۔ جبکہ دیگر ملکوں میں بنگلہ دیش کے پاکستان میں متعین سفیر، بھارت کی جانب سے جوائنٹ سیکرٹری سطح کے وفد، نائیجیریا، انڈونیشیاکے نچلی سطح کے وفد جبکہ برازیل کے وزیر نے کانفرنس میں آنے کی یقین دہانی کرائی مگر اس کے باوجود نہ خود آئے اور نہ ہی کانفرنس میں شرکت کیلئے کوئی نمائندہ بھیجا۔ دوسری جانب ممبر ملک میکسیکو نے پہلے ہی اجلاس میں شرکت سے معذرت کرلی تھی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ای نائن فورم کا بنیادی مقصد ''تعلیم سب کیلئے'' کے ماٹو کے تحت 1993ء میں عمل لایا گیا تھا اور اس کا افتتاحی اجلاس بھی بھارت کے شہر ممبئی میں ہوا تاکہ کم عمر بچوں، نوجوان نسل کو تعلیم اور ذہنی و جسمانی طور پر معذور لوگوں کو ہنر مند بنایا جاسکے۔

فورم کے ہر سال میں 2 اجلاس ہونا قرار پائے تھے، مگر ابھی تک گذشتہ 19 سال میں صرف 9 اجلاس ہوپائے ہیں، جوکہ ماسوائے سفارشات کے کوئی کام نہیں کرسکا اور سفارشات پر بھی ان رکن ممالک میں عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ جس کی بڑی وجہ فنڈنگ کے ساتھ ساتھ فورم اپنے ممبر ممالک کی حکومتوں کی توجہ بھی اس جانب اس طرح مبذول کرانے میں کامیاب نہ ہوسکا، جس کی ضرورت تھی۔ جبکہ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ کیونکہ رکن ممالک میں زیادہ تر ممالک غریب یا ترقی یافتہ ہیں اس فورم کی ناکامی کی بڑی وجہ لٹریسی ریٹ میں نمایاں اضافہ بھی نہ ہونا ہے، دنیا کے سب سے کم تعلیم یافتہ لوگ بھی انہی ممالک میں ہیں جوکہ دنیا کی اس 70 فیصد آبادی کا حصہ ہیں جن میں اکثریت سکولوں کی جانب رجحان نہیں دیتی یا کسی اور وجہ سے تعلیمی اداروں تک پہنچ نہیں پاتی۔

ابھی تک اس جانب توجہ نہیں دی گئی جبکہ کم عمربچوں کی بڑی تعداد کا سکولوں کی طرف راغب نہ ہونے یا کرنے کا رجحان بھی انہی ممالک میں پایا جاتا ہے اور فورم اس سلسلے میں صرف سفارشات مرتب کرسکا ہے البتہ کوئی خاطر خواہ انتظام نہیں کرسکا، اسلام آباد میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں رکن ممالک کی عدم دلچسپی کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ یہ فارم گزرتے وقت کیساتھ ساتھ اپنی اہمیت کھوتا جارہا ہے، اور اس میں یقیناً رکن ممالک کی عدم دلچسپی بھی ایک سوالیہ نشان ہے، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیم کو فروغ دینے کیلئے اس قسم کے فورمز نہ صرف تشکیل دیئے جانے چاہئیں، بلکہ ان پر سرمایہ اور توجہ دیکر مطلوبہ نتائج بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 422348
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش