0
Thursday 15 Jan 2015 16:05

سندھ کے تعلیمی کلینڈر کی منظوری دیدی گئی، میٹرک کے امتحانات 7 اپریل اور انٹر کے 28 اپریل سے ہونگے

سندھ کے تعلیمی کلینڈر کی منظوری دیدی گئی، میٹرک کے امتحانات 7 اپریل اور انٹر کے 28 اپریل سے ہونگے
ترتیب و تزئین: ایس زیڈ ایچ جعفری

محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں تعلیمی کلینڈر کی منظوری دیدی، تعلیمی کلینڈر کے مطابق روایتی طور پر سندھ بھر میں میٹرک نظام تعلیم کے اسکولوں میں تعلیمی سیشن یکم اپریل جبکہ کیمبرج اسکولوں میں کلاسز یکم اگست سے شروع ہوں گی۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات 7 اپریل جبکہ انٹر کے 28 اپریل سے شروع ہوں گے، تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے شروع ہو کر یکم اگست تک جاری رہیں گی اور تعلیمی ادارے 3 اگست سے دوبارہ کھولے جائیں گے، موسم سرما کی تعطیلات 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک ہونگی، اس بات کی منظوری بدھ کو صوبائی محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی جو صوبائی وزیرتعلیم نثار کھوڑو کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں صوبائی سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو، ڈائریکٹر جنرل کالجز پروفیسر ناصر انصار، ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ ڈاکٹر منسوب صدیقی، چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی پروفیسر انوار احمد زئی، چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ و ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میرپورخاص کراچی فصیح الدین خان، چیئرمین لاڑکانہ بورڈ داؤد میمن، چیئرمین سکھر بورڈ مجتبیٰ شاہ، ڈائریکٹر اسکولز کراچی عبدالوہاب عباسی، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شرف الزمان اور المرتضیٰ اسکول کے سربراہ جمیل یوسف سمیت دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے مطابق کالجوں میں تعلیمی سیشن کا آغاز 2 اگست سے ہوگا، کراچی میں انٹر سال اول میں داخلے مرکزی داخلہ پالیسی کے تحت میٹرک کے نتائج کے اجراء کے فوری بعد شروع کئے جائیں گے، انٹر سال دوئم میں داخلے دوران تعطیلات شروع ہو کر یکم ستمبر تک مکمل کرلئے جائیں گے، پہلی جماعت سے تیسری جماعت تک طلبہ کی اگلی جماعتوں میں ترقی امتحان سے مشروط نہیں ہوگی، تاہم انھیں امتحانی نظام سے آشنائی کے لئے مقامی سطح پر ان کے امتحان لئے جائیں گے، آٹھویں جماعت تک کے امتحانات 15 مارچ تک مکمل اور نتائج 31 مارچ کو جاری ہونگے، میٹرک (دسویں جماعت) کے نتائج اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈز کے تحت 15 جولائی تک جاری کر دیئے جائیں گے۔ کراچی بورڈ کے تحت میٹرک کے نتائج 31 جولائی تک جاری ہونگے جبکہ نویں جماعت کے نتائج میٹرک کے امتحانی نتائج کے اجراء کے 60 روز میں جاری کئے جائیں گے، اسی طرح انٹر سال دوئم کے نتائج اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈز میں 31 اگست جبکہ کراچی بورڈ کے تحت 15 ستمبر تک جاری کئے جائیں گے، انٹر سال اول کے نتائج سال دوئم کے نتائج کے اجراء کے 60 میں جاری ہونگے۔ اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے تحت تمام اسکول اور کالج امتحانی مراکز کے قیام کے پابند ہونگے، جبکہ تعلیمی بورڈ امتحانی مراکز کی تعداد کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ تعلیمی بورڈ، تعلیمی اداروں کے سربراہ اور متعلقہ ڈی اے اووز اور رینجل ڈائریکٹرز طلبہ کی 75 فیصد حاضری کی بنیاد پر ان کی امتحان میں شرکت کے فیصلے پر عملدرآمد کے پابند ہونگے، امتحانات میں غیر تدریسی عملے کو انویجیلیشن کی خدمات نہیں دی جا سکیں گی، جبکہ تمام تدریسی عملہ انویجیلیشن کا پابند ہوگا۔ سندھ بھر کے اسکولوں اور کالجوں میں ہم نصابی اور کھیل کی سرگرمیاں تعلیمی سیشن کے دوران منعقد ہونگی۔

محکمہ تعلیم سندھ نے تعلیمی سال 2015ء میں ہونے والی سالانہ تعطیلات کی منظوری دیدی، منظوری کے تحت سندھ کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں رواں سال موسم گرما اور سرما کی چھٹیوں کے علاوہ مجموعی طور پر 20 سالانہ تعطیلات ہونگی، جس میں سے پہلی سالانہ تعطیل بسلسلہ عید میلادالنبیؐ 4 جنوری کو کی جا چکی ہے، جبکہ 6 سالانہ تعطیلات موسم گرما اور موسم سرما کی تعطیلات میں شامل ہو جائیں گی، جن میں شب برأت، یوم علیؑ، شب قدر اور عیدالفطر کی تعطیلات موسم گرما، جبکہ قائد اعظمؒ کے یوم پیدائش کے سلسلے میں ہونیوالی چھٹی موسم سرما کی تعطیلات میں آئیں گی۔ سالانہ تعطیلات میں 5 فروری کو یوم کشمیر، 23 مارچ کو یوم پاکستان، یکم مئی کو عالمی یوم مزدور، شب معراج 27 رجب ممکنہ طور پر 16مئی ،شب برأت 15 شعبان ممکنہ طور پر 3جون، یوم علیؑ 21 رمضان ممکنہ طور پر 8 جولائی، شب قدر 27 رمضان المبارک ممکنہ طور پر 15 جولائی، عیدالفطر 18 اور 19 جولائی، 14 اگست یوم آزادی، عیدالاضحی ممکنہ طور پر 22 اور 23 ستمبر، عاشورا محرم ممکنہ طور پر 22 اور 23 اکتوبر، یوم علامہ اقبال 9 نومبر، یوم شاہ عبدالطیف بھٹائی 14 صفر ممکنہ طور پر 25 نومبر، چہلم امام حسینؑ 20 صفر ممکنہ طور پر 2 دسمبر اور قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی یوم پیدائش کے سلسلے میں 25 دسمبر کو ہونے والی چھٹی شامل ہے۔ محکمہ تعلیم نے میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے کرنے پر غور شروع کر دیا اور اس سلسلے میں جلد ایک ورکنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی، یہ تجویز ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ پروفیسر ناصر انصار کی جانب سے سندھ اسمبلی میں منعقدہ صوبائی محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی، تجویز پر عملدرآمدکی صورت میں سندھ میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات کے لئے امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔

محکمہ تعلیم کے اعلامئے کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم نے سندھ میں کاپی کلچر کے خاتمے کے لئے امتحانی مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے پر غور شروع کر دیا ہے اور اس سلسلے میں حتمی فیصلہ مستقبل قریب میں ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔ سندھ اسمبلی میں منعقدہ اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ پروفیسر ڈاکٹر ناصر انصار نے بینظیر آباد یونیورسٹی کی مثال پیش کرتے ہوئے اس بات کی تجویز دی کہ سندھ کے تعلیمی بورڈ، محکمہ تعلیم اور جامعات بینظیرآباد میں قائم شہید بینظیر یونیورسٹی کی طرز پر سرکاری کالجوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر سکتے ہیں، کیونکہ بینظیرآباد میں قائم اس یونیورسٹی کی جانب سے اس کے ماتحت کام کرنے والے 18 سرکاری کالجوں میں کیمرے نصب کرکے امتحانات کا انعقاد اور مانیٹرنگ کا تجربہ انتہائی کامیاب رہا ہے۔ اجلاس میں ڈائریکٹرجنرل کالجز سندھ کی جانب سے آنے والی اس تجویز سے اصولی اتفاق کرتے ہوئے اس معاملے پر جلد کمیٹی بنا کر عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 432699
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش