QR CodeQR Code

گلگت بلتستان کے ضلع دیامیر میں جرگہ نے متفقہ طور پر فیصلہ کر کے خواتین کو ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم کر دیا

1 May 2015 22:20

اسلام ٹائمز: داریل میں جرگہ کے اہم اجلاس میں حلقہ نمبر 3 داریل کے پانچوں اُمیدواروں نے علماء کرام کی جانب سے پیش کردہ 3 نکاتی ایجنڈے پر عمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔


رپورٹ: میثم بلتی

گلگت بلتستان ایل اے 17 حلقہ نمبر 3 دیامر داریل میں اس سال ہونے والے 2015ء کے الیکشن میں خواتین ووٹ کاسٹ نہیں کر سکیں گی۔ داریل کے 40 سے زائد جید علماء کرام اور حلقے کے الیکشن میں حصہ لینے والے 5 اُمیدواروں کا متفقہ فیصلہ سامنے آگیا۔ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس مرکزی جامعہ مسجد داریل گماری میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں داریل کے تمام علمائے کرام، معززین داریل اور حلقہ3 داریل کے پانچوں اُمیدواروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں داریل کے جید علماء مولانا روشن، مولانا فرمان ولی، مولانا سعید الرحمٰن، مولانا انور، مولانا بلال، مولانا فقیر و دیگر کے علاوہ حلقہ 3 داریل کے اُمیدواروں رحمت خالق، حیدر خان، ڈاکٹر زمان، غفار خان اور شمس الرحمٰن نے شرکت کی۔ اجلاس میں داریل کے تمام علماء کرام نے حلقہ نمبر 3 داریل سے الیکشن میں حصہ لینے والے اُمیدواروں کو  3 نکاتی ایجنڈے پر من و عن عمل کرنے کا پابند بنایا گیا اور کہا کہ داریل کے تمام اُمیدوار داریل کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر خواتین کا ووٹ کاسٹ نہیں کرائیں گے اور حلقے کے اندر ایک دوسرے کے خلاف وال چاکنگ اور غیراخلاقی نعرہ بازی سے اجتناب کریں گے۔ اجلاس میں حلقہ نمبر 3 داریل کے پانچوں اُمیدواروں نے علمائے کرام کی جانب سے پیش کردہ 3 نکاتی ایجنڈے پر عمل کرنے پر اتفاق کیا اور علماء کے سامنے قسم پریڈ کیا کہ 8 جون کو ہونے والے الیکشن میں داریل کے حلقے کی تمام پولنگ اسٹیشنوں پر خواتین کو ووٹ کاسٹ کرانے کیلئے نہیں لایا جائے گا اور ایک دوسرے کے خلاف نازیبا اور غیراخلاقی زبان استعمال نہ کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رحمت خالق، حیدر خان، ڈاکٹر زمان، غفار خان و دیگر نے کہا کہ ہم علماء کی طرف سے پیش کردہ شرائط کو نظر انداز کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے ہیں، علماء جو کہیں گے ہمیں تسلیم ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما و اُمیدوار جی بی اسمبلی حلقہ 3 داریل ڈاکٹر زمان نے کہا کہ داریل کے اندر ماضی میں بھی خواتین نے ووٹ کاسٹ نہیں کئے ہیں داریل میں ایک قبائلی نظام ہے اس لیے لا اینڈ آرڈر کی صورت حال کی پیش نظر اس سال بھی خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روکنے کیلئے علماء نے ہم سے رابطہ کیا، جس پر ہم نے علماء کے فیصلے کو قبول کیا۔ ادھر حلقہ نمبر 4 تانگیر سے الیکشن میں حصہ لینے والے آزاد اُمیدوار مولانا شکرت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تانگیر کے حلقہ نمبر 4 میں ماضی میں علماء نے پردہ کا خیال رکھتے ہوئے خواتین کا ووٹ کاسٹ کرانے سے اُمیدواروں کو منع کیا تھا، اس سال بھی عوام، اُمیدواروں اور علماء سے رابطہ کر کے خواتین کا ووٹ کاسٹ کرانے یا نہ کرانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 457728

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/457728/گلگت-بلتستان-کے-ضلع-دیامیر-میں-جرگہ-نے-متفقہ-طور-پر-فیصلہ-کر-خواتین-کو-ووٹ-ڈالنے-حق-سے-محروم-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org