QR CodeQR Code

لاہور، فیروز والا واقعہ کے دہشتگردوں کی شناخت ہوگئی

30 Jun 2015 20:30

اسلام ٹائمز: ذرائع کے مطابق دہشتگرد یوم علیؑ اور عیدالفطر پر بڑی کارروائیوں کی تیاری کرچکے تھے۔ ذرائع کے مطابق دہشتگرد آئی جی آفس سمیت دیگر سکیورٹی اداروں کے دفاتر اور مختلف شاپنگ سنٹر کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔


لاہور سے ابو فجر کی رپورٹ

لاہور کے نواحی علاقے فیروز والا کی پٹھان کالونی میں سرچ آپریشن کے دوران خود کو اڑانے والے اور ہلاک اور زخمی حالت میں گرفتار دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ 4 دہشت گردوں کا تعلق پنجاب سے اور 2 کا شمالی وزیرستان سے ہے۔ خود کو دھماکے سے اڑانے والے دہشت گرد کا نام ابدالی اور تعلق وانا سے ہے۔ دہشت گرد ابدالی القاعدہ پنجاب کا کمانڈر تھا جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، راکٹ لانچرز، ہینڈ گرنیڈ، حساس مقامات کے نقشے، لیپ ٹاپ اور بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا، 2 دہشت گرد شمالی وزیرستان جبکہ 4 دہشت گرد پنجاب کے مختلف اضلاع سے لاہور آئے تھے۔ حساس اداروں اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران ایک خودکش بمبار نے خود کو اُڑا لیا تھا جبکہ تین دہشتگرد فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے اور دو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق تمام دہشت گردوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت صفی اللہ، حبیب، علی اور مزمل کے نام سے ہوئی۔ دہشت گرد عبدالرشید اور عدنان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ گرفتار دہشت گردوں سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

پٹھان کالونی (فیروز والا) میں مارے جانے والے چاروں دہشت گردوں کے فنگر پرنٹ فرانزک لیب کے ایکسپرٹ نے حاصل کرلئے، جن کا نادرا کے ذریعے ریکارڈ چیک کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں مارے جانے والے دہشت گردوں کی نعشوں کا پوسٹ مارٹم کروانے کیلئے انکی نعشوں کو ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ بھیج دیا گیا۔ 2 دہشت گردوں نے داڑھی رکھی ہوئی تھی جبکہ دو بغیر داڑھی کے تھے۔ دہشت گردوں کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان تھیں۔ مزید براں پٹھان کالونی میں دہشت گردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر شہریوں نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے بلند کئے۔ سارا دن علاقے میں خوف و ہراس کی فضا رہی۔ شہریوں کے مطابق دہشت گردوں نے بارہ روز قبل مکان کرایہ پر حاصل کیا تھا۔ اس مکان کے مالک کا نام مبشر فیصل بتایا گیا ہے۔ کرایہ داری کے بارے میں مالک مکان نے متعلقہ تھانہ فیروز والا میں کوئی اندراج نہیں کرایا۔ اس سانحہ کے بعد پٹھان کالونی، رچنا ٹاﺅن، سگیاں پل، بیگم کوٹ، کوٹ عبدالمالک، شاہدرہ کے ملحقہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا گیا ہے۔ چند مشکوک افراد کی گرفتاری کے بارے میں اطلاع ملی مگر اس کارروائی کو خفیہ رکھا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں جی ٹی روڈ کی آبادی پٹھان کالونی (فیروز والا) میں آپریشن کے دوران مقامی پولیس کو آگے جانے سے روکدیا گیا۔ قائم مقام ڈی پی او شیخو پورہ نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پہنچ گئے، جن کو آگے جانے کی اجازت دی گئی۔ حساس ادارے کے ہاتھوں آپریشن کے دوران مارے جانے والے دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ مناواں سنٹر تھانہ سی ٹی ڈی میں درج ہوگا۔

دہشت گردوں کی ہلاکت اور گرفتاری کو پولیس اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے کامیابی قرار دی گئی ہے، دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ کے ساتھ ساتھ مختلف سرکاری عمارتوں کے نقشے بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس اور سکیورٹی ادارے کئی روز سے ان کی ریکی کر رہے تھے اور کارروائی کیلئے مناسب موقع کی تلاش میں تھے۔ دہشت گرد 21 رمضان کو یوم حضرت علیؑ اور عید پر بڑی کارروائیوں کی تیاری کرچکے تھے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گرد آئی جی آفس سمیت دیگر سکیورٹی اداروں کے دفاتر اور مختلف شاپنگ سنٹر کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔ دہشت گردوں کو گذشتہ دنوں جناح ہسپتال کے قریب سے دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والے ان کے ساتھی حسن ظہیر کی گرفتاری کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔ آپریشن میں کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ، ایلیٹ فورس، سپیشل کمانڈرز سمیت مختلف سکیورٹی اداروں نے حصہ لیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاعات کی بنا پر شہر میں سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ادھر صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ 3 مارے گئے۔ دہشت گردوں سے 3 خودکش جیکٹس، ایک راکٹ لانچر اور دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔


خبر کا کوڈ: 470502

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/470502/لاہور-فیروز-والا-واقعہ-کے-دہشتگردوں-کی-شناخت-ہوگئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org