QR CodeQR Code

کوئٹہ، ساتویں اور دسویں محرم الحرام کا سکیورٹی پلان جاری

20 Oct 2015 19:05

اسلام ٹائمز: سکیورٹی اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے ایس پی سکیورٹی سید جاوید شاہ کا کہنا تھا کہ کوئٹہ شہر میں‌ 21 اکتوبر 2015ء کو محرم الحرام کے ساتویں‌ جلوس کی مناسبت سے ٹریفک پولیس نے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ ٹریفک کے متبادل راستوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی سکیورٹی کا کہنا تھا کہ ساتویں محرم کو آرٹ اسکول روڈ، آرچر روڈ اور لیاقت بازار کی طرف ملحقہ گلیوں سے آنے والی ٹریفک بھی بند رہے گی۔ درج بالا گلیوں اور سڑکوں کی بندش کے دوران متبادل راستوں کے طور پر کانسی روڈ، کواری روڈ، مسجد روڈ، فاطمہ جناح روڈ، مشن روڈ، میزان چوک، قندھاری بازار، جناح روڈ، طوغی روڈ، پٹیل روڈ اور میکانگی روڈ پر (آرچر میکانگی سے میزان چوک تک) ٹریفک چلتی رہے گی۔


ترتیب و تنظیم: این ایچ حیدری

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ داؤد خان خلجی کی زیر صدارت محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کی سکیورٹی، صفائی و دیگر انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ‌ کمشنر سٹی طارق مینگل، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ سید امتیاز شاہ، ایس پی سکیورٹی سید جاوید شاہ، ایس پی ٹریفک سٹی نذیر احمد اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندے موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ محرم الحرام کے دوران جلوس، روٹس اور مجالس کی سکیورٹی، صفائی، لائٹس اور دیگر انتظامات کے حوالے سے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے شہر کے سول ہسپتال، بی ایم سی اور بے نظیر ہسپتال میں ڈاکٹرز اور عملہ موجود رہنے کے علاوہ ایمبولینس کھڑی رہے گی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی سید امتیاز شاہ کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران 70 سے زائد امام بارگاہوں اور ساتویں ودسویں‌ محرم کے جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 5 ہزار پانچ سو پولیس اور بلوچستان کانسٹیبلری، جبکہ ایک ہزار ایف سی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ اسکے علاوہ مجالس کے دوران 71 ناکے قائم کئے گئے ہیں۔ شہر کے 6 داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ ساتویں اور دسویں محرم کے جلوسوں کی فضائی نگرانی کیساتھ ساتھ تمام روٹس پر موجود دکانوں، پلازوں‌ اور مارکیٹوں‌ کو کھوجی کتوں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کی سویپنگ کے بعد جمعرات کو سیل کر دیا جائے گا۔ جلوس کے روٹس پر 30 سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ کیلئے آئی جی اور سی سی پی او آفس میں دو کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔ 5 ہسپتالوں میں‌ بھی کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے بعد ایمرجنسی نافذ کی جائیگی۔ ضلعی انتظامیہ، فائر بریگیڈ، میونسپل کارپوریشن، واپڈا، واسا کی ٹیمیں بھی پولیس کے ہمراہ ہونگی۔

اس موقع پر ایس پی سکیورٹی سید جاوید شاہ کا کہنا تھا کہ کوئٹہ شہر میں‌ 21 اکتوبر 2015ء کو محرم الحرام کے ساتویں‌ جلوس کی مناسبت سے ٹریفک پولیس نے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ ٹریفک کے متبادل راستوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی سکیورٹی کا کہنا تھا کہ ساتویں محرم کو آرٹ اسکول روڈ، آرچر روڈ اور لیاقت بازار کی طرف ملحقہ گلیوں سے آنے والی ٹریفک بھی بند رہے گی۔ ان ملحقہ گلیوں کو جلوس کی مناسبت سے مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ ان مذکورہ روٹس کے متبادل راستوں کے حوالے سے بریفینگ دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ درج بالا گلیوں اور سڑکوں کی بندش کے دوران متبادل راستوں کے طور پر کانسی روڈ، کواری روڈ، مسجد روڈ، فاطمہ جناح روڈ، مشن روڈ، میزان چوک، قندھاری بازار، جناح روڈ، طوغی روڈ، پٹیل روڈ اور میکانگی روڈ پر (آرچر میکانگی سے میزان چوک تک) ٹریفک چلتی رہے گی۔ عوام الناس کی سہولت کیلئے متبادل راستوں کا نقشہ بھی الگ سے تیار کرکے مشتہر کیا جائے گا۔

یوم عاشور کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی سکیورٹی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن سے علمدار روڈ کی جانب آنے والے عزاداروں کی بڑی تعداد جلوس میں دیر سے پہنچتی ہے۔ جسکی وجہ سے اسکاؤٹس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مجبوراً دو جلوس بنا کر میزان چوک کی طرف روانہ کرنا پڑتے ہیں۔ اس حوالے سے سکیورٹی رسک کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال یوم عاشور کے روز عزاداروں کے قافلے کو ہزارہ ٹاون سے ایک قافلے کی صورت میں ایک مرتبہ علمدار روڈ کیجانب لایا جائے گا۔ یوم عاشور کے روز صبح 6 بجے بلاک 1 ہزارہ ٹاؤن سے عزاداروں کے قافلے کو میزان چوک کیجانب لایا جائے گا۔ تاکہ سکیورٹی رسک کو کم سے کم تر کیا جاسکے۔ ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں کو خصوصی پاسز اور گاڑیوں کی اسٹیکرز جاری کئے جائیں گے۔ بلوچستان شیعہ کانفرنس کیجانب سے انکے رضاکاروں کی لسٹ بھی فراہم کی جائیگی۔ جو کہ غیر مسلح حالت میں جلوس میں شامل ہوکر سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینگے۔ اجلاس کے آخر میں ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے حوالے سے خصوصی دعائیں بھی کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 492489

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/492489/کوئٹہ-ساتویں-اور-دسویں-محرم-الحرام-کا-سکیورٹی-پلان-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org