0
Sunday 25 Oct 2015 10:38

پشاور سمیت خیبر پختونخوا بھر میں عشرہ محرم کا پرامن اختتام

پشاور سمیت خیبر پختونخوا بھر میں عشرہ محرم کا پرامن اختتام
رپورٹ: ایس اے زیدی

ملک کے دیگر حصوں کی طرح پشاور سمیت خیبر پختونخوا بھر میں بھی یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا، اور گذشتہ شب تمام جلوس عزاء اپنی منزلوں پر پہنچ کر پرامن طور پر اختتام پزیر ہوگئے۔ جس کے بعد شام غریباں کی مجالس بپا ہوں، جن میں مسافران شام کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، پشاور میں روز عاشور کا پہلا جلوس امام بارگاہ آغا سید علی شاہ رضوی چوک ناصر خان سے بر آمد ہوا اور بعد از نماز ظہرین امام بارگاہ علمدار کوچہ رسالدار، اما م بارگاہ آخوند آباد، امام بارگاہ سید عالم شاہ جعفری، امام بارگاہ حاجی رحمان ملک، امام بارگاہ مرزا قاسم، امام بارگاہ باب الحوائج، امام بارگاہ آغہ سید میر حیدر شاہ، امام بارگاہ سائیں سہراب امامیہ کالونی، امام بارگاہ پورن ولی، امام بارگاہ سید میر فضل شاہ محلہ خدادا سے جلوس برآمد ہوئے۔

روز عاشور حسب سابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن کے زیر اہتمام امامیہ دستہ بھی منعقد کیا گیا۔ ماتمی جلوسوں میں عزادار سینہ کوبی، زنجیر زنی اور شہدائے کربلا کو پرسہ دینے کے لئے ذاکرین نوحہ خوانی کرتے رہے۔ پشاور شہر کے تمام داخلی راستوں کو امن و امان کی صورتحال کے باعث سیل کیا گیا تھا۔ اس موقع امامیہ اسٹوڈنٹس کے باوردی سکاؤٹس رضاکار فرائض سر انجام دے رہے تھے اور زنجیرزنوں کو فرسٹ ایڈ کی فراہمی کے لئے حسینی سکاؤٹس اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے پاک فوج، پولیس اور ایف سی کے اہلکاروں نے ڈیوٹی سرانجام دی۔

محرم الحرام کے اوائل میں سیکورٹی انتظامات کوئی خاص تسلی بخش نہیں تھے، تاہم آخری دنوں میں سیکورٹی کو فول پروف کردیا گیا، یوم عاشور کے تمام جلوس مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اذان مغربین تک اختتام پذیر ہوئے، جس کے بعد امام بارگاہ پورن ولی، امام بارگاہ آل سعادات، امام بارگاہ علمدار کربلا، امام بارگاہ حسینیہ ہال پشاور صدر، امام بارگاہ سائیں سہراب، برمکان حاجی سردار علی مرحوم محلہ مروی ہا، امام بارگاہ آغا سید چن پیر کاظمی، امام بارگاہ سائیں انار، امام بارگاہ الرضا میں بعداز نماز مغربین مجلس شامِ غریباں منعقد ہوئیں۔

علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، کوہاٹ، بنوں، نوشہرہ، لکی مروت، ہنگو، ہری پور اور مانسہرہ میں بھی جلوس عاشورہ اپنی منازل پر پہنچ کر اختتام پزیر ہوگئے۔ صوبہ کے مختلف اضلاع میں یکم محرم الحرام سے مجالس عزاء کا اہتمام بھی کیا گیا، اس موقع پر صوبہ بھر میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے، واضح رہے کہ صوبہ کے بعض مقامات پر محرم الحرام سے قبل دہشتگرد گروہوں کی جانب سے دھمکی آمیز خطوط بھی تقسیم کئے گئے تھے، تاہم عزاداران امام حسین (ع) نے دشمن کی کسی قسم کی دھمکیوں سے مرعوب نہ ہوتے ہوئے سید الشہداء (ع) اور ان کے جانثاران کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 493311
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش