0
Saturday 21 Nov 2015 08:45

داعش کیخلاف ایران، حزب اللہ اور روس کا اتحاد

داعش کیخلاف ایران، حزب اللہ اور روس کا اتحاد
تحریر: ایاز امیر

دولت ِ اسلامیہ عراق و شام، یا داعش، شدت پسند مذہب کی انتہائی شکل ہے۔ اس کے سامنے طالبان معتدل مزاج اور القاعدہ مفلوک الحال گروہ معلوم ہوتے ہیں۔ القاعدہ ایک نظریئے کا نام تھا، داعش کی صورت نظریئے اور جغرافیے کا ادغام وجود میں آیا۔ القاعدہ نے افغانستان کی اسلامی امارت ہائی جیک کرنے کی کوشش کی، داعش نے زور ِ بازو سے اپنی ایک اسلامی امارت تخلیق کرلی۔ تیل کے ذخائر، وزارت ِ خزانہ اور فعال بیورو کریسی کے ساتھ داعش اپنے زیر ِ قبضہ علاقے میں ایک ریاست کی طرح کام کر رہی ہے، جسے اس نے اپنی ترجیح کے مطابق اسلامی خلافت قرار دیا، جبکہ اس کا رہنما ابو بکر البغدادی خلیفہ کہلاتا ہے۔ یہ بات سنجیدگی سے سوچنے کی ہے کہ داعش نہ صرف عراق اور شام بلکہ لیبیا اور سینائی میں بھی اپنا وجود رکھتی ہے، تو دوسری طرف اس کے قدموں کے نشانات افغانستان اور گرد و نواح کے علاوہ مسلم آبادی رکھنے والی یورپی ریاستوں میں بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ پیرس حملے اُنہوں نے کئے جو بلجیئم اور فرانس میں اپنی موجودگی رکھتے تھے۔

پاکستانی حکام کا یہ بیان نادانی کے سوا اور کچھ نہیں کہ پاکستان میں داعش اپنا وجود نہیں رکھتی۔ نہایت جانفشانی، محنت اور توجہ سے جہاد کے لئے تیار کی گئی پاکستانی سرزمین میں ہر قسم اور ہر مسلک
کی انتہا پسندی کے لئے موزوں نم موجود ہے۔ یہاں انواع و اقسام کے لشکر، انتہا پسند تنظیمیں اور جہادی گروہ اپنا وجود رکھتے ہیں، جو انتہا پسندانہ مذہب کی مختلف شکلیں ہیں۔ یہاں ایک وضاحت کرتا چلوں، شدت پسندی کا یہ مسلک ایسے تمام افراد کو موت کا حقدار قرار دیتا ہے جو سچے عقیدے (عرب ممالک میں مستعمل ایک مکتبہ فکر کی تشریح کے مطابق) کے حامل نہ ہوں۔ فرقہ واریت اور مسلک کی بنیاد پر ہونے والی قتل و غارت اسی سوچ کا شاخسانہ ہے۔

افغان جہاد کے نتیجے میں پاکستان میں انتہا پسندی کی پہلی لہر نمودار ہوئی، سی آئی اے اور ایک برادر عرب ملک نے پاکستان میں انتہاء پسندی کی فصل اُگانے میں بھرپور تعاون کیا، جنرل ضیاء الحق اور ان کے دست ِ راست لگنے والے ’’پھل‘‘ پر شادمان ہوئے، اور جب دیوار ِ برلن گری اور سوویت یونین کا شیرازہ بکھرا تو اُنھوں نے سینہ تان کر دعویٰ کیا کہ اس انہونی کی بنیاد افغانستان میں رکھی گئی۔ روسیوں کو گھائل کرنے کے بعد امریکی افغانستان سے چلتے بنے تو آلودہ کاٹھ کباڑ پاکستان کے لئے رہ گیا۔ اس کے پاس بھی ایسے جنگجوئوں کی مطلق کمی نہیں جو اس ریاست کو اسلامی امارت میں ڈھالنے کا عزم رکھتے ہیں۔ تاہم اس وقت فوجی آپریشن کی وجہ سے اُن کی ایک نہیں چل رہی، وہ کمزور ہوچکے یا چھپتے پھر
رہے ہیں۔ اگرچہ یہ دستے ماضی میں عسکری اداروں نے ہی تیار کئے تھے، لیکن اب فوج اپنی حکمت ِ عملی کو مکمل طور پر تبدیل کرچکی ہے اور ملک کو ایک نئی سمت میں گامزن کرنا چاہتی ہے۔

شکر ہے کہ داعش نے انتہا پسندی کے سرخیل ہونے کا ٹائٹل پاکستان سے چھین کر اپنے نام کرلیا۔ آج انتہا پسندی کا پرچم پوری آب و تاب سے دولت ِ اسلامیہ عراق و شام پر لہرا رہا ہے اور یہ القاعدہ کی نسبت مغرب کے لئے کہیں مہیب خطرہ ہے۔ القاعدہ نے اپنا مرکز افغانستان میں بنایا جو یورپ سے بہت دور تھا ، لیکن داعش تو یورپ کی دہلیز پر کھڑی ہے، اور پھر اس کے یورپ کے اندر روابط اُس سے کہیں بڑھ کر ہیں، جن کا القاعدہ خواب بھی نہیں دیکھ سکتی تھی۔ یہ بات بھی یاد رکھنے کی ہے کہ داعش عراق پر امریکی حملے کے نتیجے میں وجود میں آئی۔ اس کے بہت سے رہنمائوں نے عراق میں امریکہ کے حراستی مراکز، خاص طور پر بغداد کے جنوب میں باکوبا جیل (Bakuba) میں تعلیم پائی۔ ابوبکر البغدادی نے بھی وہیں وقت گزارا۔ صدام حسین کی انٹیلی جنس مشینری کے اہم ممبر آج داعش میں کام کر رہے ہیں۔ تاہم انتہا پسندی کا جن بوتل سے نکالنے کے بعد امریکہ مکمل طور پر کنفیوژن کا شکار ہے کہ اب اس کالی آندھی سے کیسے نمٹا جائے۔ اسے بہت دیر کے بعد داعش کے خطرے کا احساس ہوا، اس کے یورپی حلیفوں،
بشمول فرانس کا بھی یہی حال ہے۔ دراصل مغرب بیک وقت دو کشتیوں میں پائوں رکھنے کی کوشش میں ہے، وہ داعش کا خاتمہ بھی چاہتا ہے اور اسدکو بھی اقتدار سے ہٹانا چاہتا ہے۔

پیرس حملوں کے بعد اب کچھ توجہ کا ارتکاز بہتر ہو رہا ہے۔ آہستہ آہستہ مغرب کے ذہن میں یہ بات آرہی ہے کہ داعش کا خطرہ کہیں زیادہ مہیب ہے۔ تاہم ابھی اس خیال کو سوچ کی حقیقی تبدیلی، خطرے سے نمٹنے کے لئے بنائی جانے والی حکمت ِعملی اور اٹھائے جانے والے اقدامات کی شکل اختیار کرنے میں بہت وقت لگے گا۔ امریکی تذبذب میں فرانس، ترکی اور خلیجی ریاستیں بھی شامل ہیں کیونکہ یہ سب بھی داعش سے لڑنے کی نسبت شام میں اقتدار کی تبدیلی چاہتے ہیں۔ اگر دارالعوام اجازت دیتا تو اب تک برطانیہ بھی فرانس کے ساتھ داعش پر بمباری میں شریک ہوچکا ہوتا۔ یورپ کو مہاجرین کے جس مسئلے کا سامنا ہے، اس کے پیچھے شام میں مداخلت کرنے کی پالیسی تھی۔ اب شام کی گلیوں میں جنم لینے والی شورش پیرس تک پہنچ چکی ہے۔

ہمیں اس وقت اسلامی دنیا میں گہری ہونے والی تفریق کی لکیر سے باخبر رہنا چاہیے۔ مغرب کے علاوہ، کچھ ریاستیں، جیسا کہ ترکی اور بعض عرب ملک، اسد کے خلاف ہیں، تو دوسری طرف ایران اور حزب اﷲ اسد کے ساتھ کھڑے ہیں، اور ان سب کے پیچھے ولادیمر پیوٹن پورے قد کے ساتھ موجود
ہیں۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ اس تفریق میں ایک طرف امریکہ تو دوسری طرف روس ہے۔ مت بھولیں کہ ایران کچھ عرصے سے عراق میں بھی یہی لکیر کھینچ رہا ہے، لیکن اگر وہ ایسا نہ کرتا تو اب تک داعش بغداد کے دروازے پر دستک دے چکی ہوتی۔ چنانچہ تلخ حقیقت یہ ہے کہ سنی ریاستوں کو اوہام نے گھیرا ہوا ہے۔ ترکی کے اردوان کا شام میں راستہ گم ہوجاتا ہے، ہمارے عرب دوست ایران اور حزب اﷲ کو برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں۔ امریکیوں کے سامنے بھی یہی مسئلہ ہے اور اس پر مستزاد، انہیں شام میں روس کا کردار ہضم نہیں ہو پا رہا ہے۔ اس سے یوکرائن اور کریمیا کی یاد تازہ ہوجاتی ہے۔ یہ بات سمجھنی آسان ہے کہ اس تمام تذبذب اور کنفیوژن کا حتمی طور پر داعش کو فائدہ ہو رہا ہے۔

داعش کے خلاف سنی ریاستیں یا مغربی ممالک نہیں بلکہ شیعہ ریاستیں اور ان کی معاونت کے لئے میدان میں موجود، روس، اصل دفاعی حصار ہیں۔ اگر داعش کو شکست دی جانی ہے تو یہ نیکی اس الائنس کے ہاتھوں سرانجام پائے گی۔ امریکہ نے جن جنگجو دستوں کو تربیت دے کر داعش کے مقابلے میں اتارنے کی کوشش کی، اس کا مطلق فائدہ نہ ہوا۔ یہ پروگرام مکمل طور پر ناکامی سے دوچار ہوچکا ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ امریکی خود میدان میں آکر لڑنے کے لئے تیار نہیں۔ وہ نہ تو اسد کے اقتدار کو طول پاتے اور نہ ہی
حزب اﷲ کو شام میں کردار ادا کرتے دیکھنا چاہتے ہیں، اُن کی خواہش کہ کسی طرح داعش ختم ہوجائے۔ وہ اس کے مقابلے میں پراکسی دستے اتار کر کامیابی کی امید لگائے ہوئے ہیں۔ بدقسمتی سے یہ نام نہاد ’’افغان جہاد‘‘ نہیں ہے۔ یہاں پاکستان یا افغانستان کے جہادی موجود نہیں جو امریکہ کے لئے بہت کم اجرت پر خود کو جھونک دیں۔

فضائی حملوں اور بمباری کے بعد کسی نے تو میدان میں اتر کر داعش کا سامنا کرنا ہے۔ ایسا کون کرے گا؟ گفتار کے غازیوں کے پاس میدان میں آنے کا حوصلہ نہیں۔ شام کے حوالے سے وہ سب کاغذ کے شیر ثابت ہو رہے ہیں۔ خلیجی ممالک کھوکھلے ڈرم ہیں۔ اب کے پیٹرو ڈالر کے ذخائر بھی اتنے نہیں رہے جتنے ہوتے تھے۔ چنانچہ زمین پر فوجی دستے کس کے ہیں؟ اسد یا حزب اﷲ کے، باقی سب زبانی جمع خرچ۔ ان کے پیچھے ایران اور روس۔ پیوٹن کی فضائیہ اسد کی مدد کے لئے موجود ہے۔ اس وقت داعش سے صرف شام یا عراق کو ہی نہیں، یورپی زندگی کو بھی خطرہ ہے، لیکن یہ خطرہ محض انسانیت کے لئے نیک تمنائوں کے اظہار سے ختم نہیں ہوگا۔ اس کے مقابلے پر صرف شیعہ اتحاد اور ان کے پیچھے روس کھڑا ہے۔ انسانیت کو بچانے کے لئے یہی ڈھال میدان میں ہے۔ کیا امریکہ اور مغربی ممالک اس بات کو تسلیم کرنے کے لئے تیار ہیں۔؟
(بشکریہ روزنامہ جنگ)
خبر کا کوڈ : 499359
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش