QR CodeQR Code

میثم دوراں، شیخ باقر النمر

4 Jan 2016 22:24

اسلام ٹائمز: جہاں تک دنیا میں انسانی حقوق کے نعرے بلند کرنے والوں اور سوات کی معصوم بچی کے زخموں پر پیٹنے والوں کا تعلق ہے تو ان سے نہ پہلے توقع تھی اور نہ اب ہے۔ ان سے توقع کی بھی کیسے جا سکتی ہے، اربوں ڈالر کا کاروبار، زرمبادلہ، علاقائی مفادات ایسی شراب ہے جو اچھے اچھوں کو ہوش نہیں آنے دیتی۔ انسانی حقوق کے نام پر کام کرنے والے ادارے سال کے آخر میں الشرقیہ، بحرین، یمن فلسطین اور کشمیر پر اپنی مفصل رپورٹیں شائع کرکے یہ سمجھتے ہیں کہ ہم نے اپنا فرض منصبی انجام دے دیا۔ عالمی حکمرانوں کا احوال کسی سے کب پنہاں ہے، اب تو اس بات کا تذکرہ کرتے ہوئے بھی شرم محسوس ہوتی ہے اور یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ایک کھلی حقیقت کو بار بار دہرا کر لوگوں کی سمع خراشی کی جا رہی ہے۔


 ترتیب و تنظیم: سیدہ ایمن نقوی

دو روز قبل بلاد الحرمین کی درباری اور ظالمانہ عدالت نے مسلکی جذبات بر انگیختہ کرنے، دہشت گردوں کی مدد کرنے، خلیجی راہنماؤں اور علماء کی توہین کرنے نیز خدا کے خلاف اعلان جنگ کرنے جیسے بے بنیاد الزامات لگا کر سعودی عرب کے بزرگ شیعہ راہنما آیت اللہ شیخ نمر باقر النمر کو سزائے موت دینے کا حکم سنا دیا۔ شیخ نمر باقر النمر کون ہیں؟ انہیں کب اور کیوں گرفتار کیا گیا؟ کیا وہ واقعاً مندرجہ بالا جرائم کے مرتکب ہوئے؟ ان کے مطالبات کیا ہیں؟ یہ اور اس قسم کے سینکڑوں سوالات اس قضیے کی خبر جاننے کے بعد ذہن انسانی میں ابھرتے ہیں۔ دو سال قبل کا واقعہ ہے کہ شیخ نمر باقر النمر کو سعودی حکومت نے بلاد الحرمین کے مشرقی شہر قطیف سے زخمی کرنے کے بعد گرفتار کیا۔ شیخ نمر کی گرفتاری کا سبب ان کے وہ جرات مندانہ خطابات قرار دیئے جاتے ہیں، جن میں انہوں نے سعودی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کی اور سعودی عرب کے مشرقی خطے کے محروم عوام کے حقوق کی بازیابی کے لئے عوام کو میدان عمل میں اترنے کی دعوت دی۔ یہ شیخ نمر باقر النمر کی پہلی گرفتاری نہیں تھی۔ آپ کے والد نے بھی اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ سعودی عقوبت خانوں میں گزارا۔ اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شیخ نمر بھی متعدد بار پابند سلاسل کئے گئے۔

شیخ نمر ایک بلند پایہ عالم دین ہونے کے ساتھ ساتھ ایک جری اور پرجوش خطیب تھے۔ آپ اکثر خطبات جمعہ میں کہتے تھے کہ میں کلمہ حق ادا کرنے سے نہیں ڈرتا۔ چاہے اس کے لئے مجھے پابند سلاسل کیا جائے، مجھ پر تشدد ہو یا مجھے شہید کر دیا جائے۔ اپنی تقاریر میں انہوں نے اکثر کہا کہ سعودی حکومت کی نظر میں شاہی خاندان کے افراد پہلے درجے کے شہری جبکہ ان سے متمسک افراد دوسرے درجے کے شہری اور مشرقی خطے میں بسنے والے افراد تیسرے درجے کے شہری ہیں۔ وہ کہتے تھے کہ الشرقیہ کے عوام وہ لوگ ہیں، جن کی مٹی سے کالا سونا نکال کر تم (سعودی شاہی خاندان) اپنی تجوریاں بھرتے ہو، لیکن اس خطے میں غربت ہے کہ روز بروز بڑھتی چلی جا رہی ہے۔ وہ کھلے عام سعودی حکمرانوں کو للکار کر کہتے تھے کہ تم نے اس خطے کے عوام کے وقار کو مجروح کیا اور ان کے بنیادی انسانی حقوق کو سلب کیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ قطیف اور سعودیہ کے مشرقی علاقے وہ مقامات ہیں، جہاں تیل اور گیس کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور انہی ذخائر کے طفیل آج سعودیہ کا شاہی خاندان عیش و عشرت کی زندگی بسر کر رہا ہے۔

شیخ نمر سعودی حکومت کو بلاد حرمین اور الشرقیہ میں منظم فرقہ وارنہ امتیازی رویے کا مجرم تصور کرتے ہیں اور اس کی پالیسیوں کے سب سے بڑے مخالف ہیں۔ آپ اپنی تقاریر میں اکثر کہتے تھے کہ عدل و انصاف کا قیام جہاد کے بغیر ممکن نہیں اور پامال شدہ حقوق ایثار، قربانی اور شجاعت کے بغیر واگزار نہیں کرائے جاسکتے۔ انہوں نے اپنے خطبات جمعہ میں بارہا کہا کہ الشرقیہ کے عوام اب توہین اور تجاوز کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔ وہ کہتے تھے کہ میں جانتا ہوں کہ آخر کار تم مجھے گرفتار کرو گے، کیونکہ تمہاری منطق اور راہ و روش گرفتاری، تشدد اور قتل و غارت ہے، لیکن آگاہ رہو کہ ہم تمھاری اس روش سے نہیں ڈرتے، ہمیں خدا کے سوا کسی کا خوف نہیں۔ قارئین کرام! شیخ نمر نے یہ تقاریر دنیا کے کسی جمہوری ملک میں نہیں کیں، نہ ہی شیخ نمر کسی مغربی ملک میں سیاسی پناہ لئے ہوئے تھے۔ نمر باقر النمر نے یہ نعرہ مستانہ ایک مطلق العنان حکومت کے خلاف بارود اور سنگینوں کے سائے میں بلند کیا۔ انھوں نے یہ صدا سعودی عقوبت خانوں میں اپنی زندگی کے کئی سال بسر کرنے، اذیتیں جھیلنے اور مظالم کا مشاہدہ کرنے کے بعد بلند کی۔ یہ نحیف سا مرد قلندر تن تنہا سعودیہ کے مضبوط شاہی نظام کی فصیلوں سے ٹکڑا گیا۔ اس انتظامی شکنجے میں طائر محصور کی یہ صدائے آزادی اگرچہ کوئی معنی نہ رکھتی تھی، پھر بھی نہ جانے کیوں یہ دیوانہ اپنی جان لٹائے بنا نہ ٹلا۔

شیخ نمر کی صدائے رندانہ الشرقیہ کے نوجوانوں کے دلوں میں کچھ یوں گھر کر گئی کہ اب وہ موت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے سے نہیں گھبراتے۔ 2012ء سے شیخ نمر کی گرفتاری کے بعد الشرقیہ میں گرفتاریوں اور ریاستی قتال کا نہ تھمنے والا وہ سلسلہ شروع ہوا، جس کے سبب کئی بوڑھے والدین اپنی زندگی کے آخری سہاروں سے محروم ہوگئے، مگر شیخ نمر کا آزادی، استقلال اور عزت کے لئے جلایا ہوا جرات و ہمت کا چراغ حکومت کی تمام تر کوششوں کے باوجود آج بھی سعودی عرب کے صوبہ الشرقیہ کے ہر گھر میں روشن ہے۔ حکومت جانتی ہے کہ اس شخص کا قتل اور آزادی دونوں شاہی خاندان کے لئے نقصان دہ ہیں۔ یہی سبب ہے کہ آج وہ شیخ نمر پر، وہ الزامات دھر رہے ہیں جو ہر دور کا مطلق العنان حکمران اپنی حکومت و اقتدار کے باغیوں پر دھرتا ہے۔ یہ وہی الزامات ہیں جو ابوذر پر دھرے گئے اور اسے اسی بلاد حرمین میں ربذہ کی جانب بےدخل کر دیا گیا۔ یہ وہی الزامات ہیں جو یزید نے حسین (ع) پر دھرے، یہ وہی الزامات ہیں جو میثم تمار کو سن کر سولی پر جھولنا پڑا۔ ان الزامات کا تانا بانا اسی شاہی فکر سے جڑا ہوا ہے، جو اپنے مخالفین کو راہ سے ہٹانے کے لئے ہر حربے کا استعمال کرتی ہے۔ مگر تاریخ سے آگاہ لوگ جانتے ہیں کہ ابوذر، میثم تمار اور حسین ابن علی (ع) کو مجرم ٹھہرانے والے معدوم ہوگئے اور وہ جو کل ملزم ٹھہرائے گئے تھے، آج حق گوئی، استقلال اور حریت کا استعارہ قرار پائے۔

شیخ نمر باقر النمر کے ساتھ سعودی حکومت جو بھی معاملہ کرے، آج اس کی طاقت اسے اس بات کی اجازت دیتی ہے، لیکن تاریخ کبھی کسی مجرم کو معاف نہیں کرتی۔ اگر تاریخ نے فرعون، ابرھہ، ابوجہل، ابولہب، یزید اور ان جیسوں کو تمام تر شاہی اقتدار اور قوت کے باوصف نہیں بخشا تو پھر یہ یاد رکھنا چاہیئے کہ آج بھی کیا جانے والا ہر ظلم تاریخ کے ابواب کا حصہ بن رہا ہے۔ اگر یزید قریش کے باعزت و عظمت خاندان کا فرد ہونے کے باوجود زمانے سے عزت نہیں پاسکا تو خادم الحرمین کہلوانے والے جان لیں کہ ان کے پاس تو ایسی کوئی نسبت بھی نہیں۔ جہاں تک دنیا میں انسانی حقوق کے نعرے بلند کرنے والوں اور سوات کی معصوم بچی کے زخموں پر پیٹنے والوں کا تعلق ہے تو ان سے نہ پہلے توقع تھی اور نہ اب ہے۔ ان سے توقع کی بھی کیسے جاسکتی ہے، اربوں ڈالر کا کاروبار، زرمبادلہ، علاقائی مفادات ایسی شراب ہے جو اچھے اچھوں کو ہوش نہیں آنے دیتی۔ انسانی حقوق کے نام پر کام کرنے والے ادارے سال کے آخر میں الشرقیہ، بحرین، یمن فلسطین اور کشمیر پر اپنی مفصل رپورٹیں شائع کرکے یہ سمجھتے ہیں کہ ہم نے اپنا فرض منصبی انجام دے دیا۔ عالمی حکمرانوں کا احوال کسی سے کب پنہاں ہے، اب تو اس بات کا تذکرہ کرتے ہوئے بھی شرم محسوس ہوتی ہے اور یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ایک کھلی حقیقت کو بار بار دہرا کر لوگوں کی سمع خراشی کی جا رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 510175

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/510175/میثم-دوراں-شیخ-باقر-النمر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org