0
Thursday 11 Feb 2016 21:19

اسلام آباد میں انقلاب اسلامی کی37ویں سالگرہ، تقریب میں شام کا موضوع چھایا رہا

اسلام آباد میں انقلاب اسلامی کی37ویں سالگرہ، تقریب میں شام کا موضوع چھایا رہا
رپورٹ: محمد مہدی

انقلاب اسلامی ایران کی 37ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے کی طرف سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، اس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ پورے پروگرام میں شام کا موضوع خصوصی طور پر زیربحث رہا۔ اس موقع پر جہاں سیاسی اور سفارتی حلقوں کی جانب سے جمہوری اسلامی ایران کے عالمی طاقتوں سے مذاکرات کی کامیابی کا چرچا رہا، وہیں شام میں سعودی عرب کی جانب سے زمینی کارروائی کے اعلان پر بھی گرما گرم بحث ہوتی رہی۔ تقریب میں شریک کئی دفاعی تجزیہ نگار اپنی غیر رسمی گفتگو میں اس بات پر متفق نظر آئے کہ سعودی عرب نے شام میں زمینی فورسز اتارنے کا اعلان کرکے اپنی قبر خود کھودنے کا اعلان کر دیا ہے، ان تجزیہ نگاروں کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اگر ایسا کرتا ہے تو یہ بہت بڑی اسٹریٹیجک غلطی ہوگی، جس کی سعودی حکومت کو ہر حال میں قیمیت چکانا ہوگی۔ ایک تجزیہ نگار کا کہنا تھا کہ آج کی تقریب واضح کر رہی ہے کہ ایران کی پوزیشن کیا ہے۔

تقریب کی خاص بات یہ بھی تھی کہ سفارت خانے کی طرف سے جہاں امام خمینی رضوان اللہ کی تحریک اور خطابات پر مبنی ویڈیوز ملٹی میڈیا پر چلائی گئیں، وہیں ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی حکومت کی جانب سے عالمی طاقتوں سے کامیاب مذاکرات کے عمل کی مختلف فوٹیجز بھی بار بار نشر کی گئیں، تقریب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق، پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک، مسلم لیگ نون کے سینیٹر عبدالقیوم، اقبال ظفر جھگڑا، آئی ایس آئی کے سابق سربراہ حمید گل مرحوم کے صاحبزادے عبداللہ گل، محمود خان اچکزئی، اسلامی تحریک کے رہنما علامہ سید ساجد نقوی، علامہ عارف واحدی، وزیر اطلاعات پرویز رشید، مفتی گلزار نعیمی اور ثاقب اکبر سمیت کئی دیگر اہم سیاسی و سفارتی شخصیات شریک تھیں۔ یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ اس بار بہت سارے سفارتخانوں کے نمائندوں کی بھی بڑی تعداد دیکھنے کو ملی، جس سے اندازہ ہو رہا تھا کہ دنیا ایران کی حالیہ مذاکرات کی کامیابی کے بعد تہران کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ اس سے پہلے ہونے والی تقریبات میں سفرا کی اتنی شرکت دیکھنے کو نہیں ملی۔

تقریب میں شرکاء کی جانب سے نئے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کے ساتھ سلفیاں بنوانے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ فرداً فرداً تقریب کے شرکاء نے مہدی ہنر دوست کے ساتھ سیلفیاں بنائیں، ایرانی سفیر کی جانب سے بھی کھلے دل کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا، انہوں نے کسی کو سیلفی یا تصویر لینے سے منع نہیں کیا۔ تقریب سے خطاب میں مہدی ہنر دوست نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے، انہوں نے تقریب کے شرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنی دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ملک اب تجارت سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید بلدیوں پر لے جانے کیلئے پرعزم ہیں۔
خبر کا کوڈ : 519948
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش