1
0
Thursday 3 Mar 2016 07:40

علامہ ناصر عباس جعفری کا طوفانی دورہ پاراچنار

علامہ ناصر عباس جعفری کا طوفانی دورہ پاراچنار
تحریر: ایس این حسینی

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اپنے  ہنگو، اورکزئی اور کرم ایجنسی کے طوفانی دورے کے آخری مرحلے میں اتوار کو پاراچنار پہنچے۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے مرکزی امام بارگاہ شلوزان، مرکزی جامع مسجد و مدرسہ جعفریہ پاراچنار، دفتر مجلس علمائے اہلبیت، دفتر تحریک حسینی و مدرسہ آیۃ اللہ خامنہ ای میں عوام الناس کے علاوہ علمائے کرام، سیاسی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ شلوزان کے دورے کے دوران انہوں نے علاقے کی مرکزی امام بارگاہ میں لوگوں کے اجتماع سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں باہمی اتحاد و اتفاق پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ جب تک متحد ہیں، کوئی طاقت آپکو شکست نہیں دے سکتی، لیکن اگر نفاق کا شکار  رہوگے تو تمہاری طاقت تقسیم ہوجائے گی اور ہر میدان میں شکست سے دوچار ہونگے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے اگلے روز پیر کو صبح دس بجے مجلس علمائے اہلبیت کے دفتر میں مجلس کے صدر مولانا یوسف حسین جعفری اور انکی کابینہ سے ملاقات کی اور علاقے میں تبلیغی حوالے سے انکی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ تاہم انہوں نے مجلس کے اراکین سے سفارش کی کہ منبر کو کبھی بھی ذاتی مقاصد کے لئے استعمال نہ کیا جائے بلکہ یہاں سے سیرت اہلبیتؑ پر مبنی تعلیمات کی نشر و اشاعت کی جائے۔ انہوں نے علمائے کرام سے یہ سفارش بھی کی کہ اجتماعات اور مجالس میں عوام کو اتحاد کا درس دیا جائے۔

اسکے بعد ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے مدرسہ آیۃ اللہ خامنہ ای میں تحریک حسینی کے سرپرست اعلٰی اور سابق سینیٹر علامہ سید عابد حسین الحسینی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر کرم ایجنسی کے مسائل تفصیل سے زیر بحث لائے گئے۔ علامہ سید عابد الحسینی نے انہیں کرم ایجنسی میں طوری بنگش اقوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلاً آگاہ کیا اور یہاں کے مسائل کو مرکزی سطح پر اٹھانے کی سفارش کی۔ علامہ عابد الحسینی نے بالش خیل، شورکو، شلوزان تنگی اور لنڈیوان میں مقامی انتظامیہ کی ناانصافی کو ہائی لائٹ کرتے ہوئے کہا کہ کرم ایجنسی کی انتظامیہ یہاں پر آباد طوری بنگش قبائل کو پاکستانیوں کی نظر سے نہیں دیکھتی بلکہ انکے ساتھ ایک غیر پاکستانی کی طرح سلوک کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے اصل باشندے جنہوں نے ہر مشکل اور کڑی آزمائش میں پاکستانی سرحدوں کا تحفظ اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہر وقت بھرپور تعاون کیا ہے جبکہ اسکے مقابلے میں دیگر اقوام نے فوج اور ایف سی کو وقتاً فوقتاً اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا ہے، لیکن پھر بھی ایجنسی کے انتظامیہ طوری اقوام کے مقابلے میں ہمیشہ انہی پاکستان دشمن قوتوں کی کمک اور معاونت کی ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اہلیان کرم کے مسائل کے لئے ہر وقت قیام کرنے اور علاقے میں دیگر خدمات پر علامہ عابد حسینی کو خراج تحسین پیش کیا اور اسکے لئے دعائے خیر کی۔

اسکے بعد علامہ ناصر عباس جعفری مرکزی جامع مسجد پاراچنار تشریف لے گئے اور نماز ظہرین مرکزی جامع مسجد میں پڑھی، انہوں نے نماز کے بعد اجتماع سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے علامہ شیخ محمد نواز عرفانی کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا اور انکے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے عوام کو علامہ فدا حسین مظاہری کی سرپرستی میں متفق و متحد رہنے کی سفارش کی۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ اپنے اختلافات کو ختم کر دیں اور مل بیٹھ کر، باہمی گفت وشنید سے قومی مسائل کا حل ڈھونڈیں۔ انہوں نے اہلیان پاراچنار کو اتحاد اور اتفاق سے زندگی بسر کرنے کی تلقین کی۔ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے کہا کہ 2007ء کے بعد سے پانچ سال تک مسلسل محاصرے اور لڑائیوں کی زد میں رہ کر یہاں کے عوام و خواص نے جس صبر اور جوانمردی کا مظاہرہ کیا اور طالبان کو شکست فاش دی، وہ نہایت قابل تحسین ہے۔ تاہم یہ سب کچھ ویسے ہی نہیں ہوا بلکہ یہ سب کچھ آپ لوگوں کی اتحاد کی بدولت ممکن ہوا۔ حالانکہ طالبان اس زمانے میں ایک ناقابل شکست طاقت سمجھی جاتی تھی۔ مگر جب انکا سامنا غیور اہلیان پاراچنار سے ہوا تو انکی وہ طاقت خاک میں مل گئی اور حکومتی اہلکاروں سمیت جن جن کے دلوں میں طالبان کی دھاک بیٹھی تھی، وہ زائل ہوکر رہ گئی اور پھر سب کو پتہ چل گیا کہ طالبان نہیں بلکہ اہلیان کرم ہی ناقابل شکست قوم ہیں۔  
انہوں نے اتحاد کے لئے آقائے مظاہری کی کوششوں کو بھی سراہا۔ اور انکی طول عمری اور کامیابی کے لئے دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 524571
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
kia matlab tofan a gaya tha raja sb ki amad sy
ہماری پیشکش