QR CodeQR Code

آرمی چیف کا شاندار خطاب اور پاکستانی قوم کا عزم

8 Sep 2016 19:54

اسلام ٹائمز: کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کشمیریوں کی تحریک آزادی کی ہر سطح پر سفارتی و اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔ بھارت کشمیریوں کو نہایت ظلم و ستم سے ریاستی دہشتگردی اور جبر کا نشانہ بنا رہا ہے، جس کی طرف دنیا کو توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان شہداء کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دے گا۔ یوم دفاع کے موقع پر جنرل راحیل شریف کا ولولہ انگیز خطاب پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے۔


تحریر: تصور حسین شہزاد

پاکستانی قوم نے یوم دفاع پورے جوش و خروش سے منایا۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے یوم دفاع کے موقع پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پہلے مضبوط تھا، اب ناقابل تسخیر ہوچکا ہے، ہماری عسکری طاقت ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ سی پیک منصوبے کو ہر حال میں مکمل کرنے کیلئے ہر طرح کا تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ دشمن کو باور ہو جانا چاہئے کہ پاکستان ایک جوہری طاقت ہے، ہم نے ضرب عضب کے عسکری مقاصد حاصل کر لئے ہیں۔ پاکستان مسلح افواج جدید تر جنگی تقاضوں کو سجھتی ہیں، پاکستان دشمنوں کی ظاہری اور خفیہ ہر سازش سے باخبر ہیں۔ ہمارے دشمنوں کو خبردار رہنا چاہیے کہ پاکستان کے محافظ وطن عزیز کے دفاع کیلئے ہر لمحہ چوکس و تیار ہیں اور وہ کسی بھی بڑے سے بڑے چیلنج کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ چیف آف آرمی سٹاف نے مزید کہا کہ چیلنج عسکری ہو یا سفارتی، پاکستان کی عسکری قوت اس سے نمٹنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔ جنرل راحیل شریف نے مزید کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابیاں مسلح افواج کا شاندار کارنامہ ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر پورے ملک میں عملدرآمد کیا جائے۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ قوانین اور نظام انصاف کی ان کمزوریوں کی دور کیا جائے جو دہشتگردی کے مکمل سدباب میں رکاوٹ ہیں۔

جنرل راحیل شریف نے انتباہ کیا کہ سنگین جرائم، کرپشن اور دہشتگردی کا گٹھ جوڑ مکمل امن کی راہ میں رکاؤٹ ہے۔ اسے دور کرنے کیلئے نظام میں موثر اور دور رس اصلاحات کی ضرورت ہے۔ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مسلح افواج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرنے سے ہی ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کشمیریوں کی تحریک آزادی کی ہر سطح پر سفارتی و اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔ بھارت کشمیریوں کو نہایت ظلم و ستم سے ریاستی دہشتگردی اور جبر کا نشانہ بنا رہا ہے، جس کی طرف دنیا کو توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان شہداء کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دے گا۔ یوم دفاع کے موقع پر جنرل راحیل شریف کا ولولہ انگیز خطاب پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے۔ عسکری ادارے نے ملک میں ضرب عضب آپریشن کے ذریعے دہشتگردی کیخلاف جو کامیابیاں حاصل کی ہیں، اس میں عوام اپنے فوج کے شانہ بشانہ کھڑے تھے، جس طرح 65ء کی جنگ میں قوم اپنی فوج کا دست و بازو بنی تھی۔ قوم کو بھی پتہ ہے اور عسکری قیادت کو بھی کہ جب تک عوام مکمل یکجہتی کیساتھ فوج کے پشت بان نہیں بنتے، تب تک کسی بھی طرح کی جنگ میں تنہا فوج کامیابیاں نہیں سمیٹ سکتی۔

عوام اور فوج کی باہمی یکجہتی اور تعاون دشمن کیخلاف جنگ جیتنے کیلئے بہت ضروری ہے۔ اسی تناظر میں چیف آف آرمی سٹاف نے سول حکومت کو باور کرانے کی کوشش کی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں، دہشتگردی کیخلاف جنگ دنیا کی مشکل ترین مہم ہوتی ہے، کیونکہ دشمن واضح اور سامنے نہیں ہوتا، وہ آستین کے سانپ کی طرح معاشرے کو ڈستا ہے۔ جب تک عوام اپنے گردوپیش نگاہ نہیں رکھتے اور ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اپنے اردگرد سرگرم منفی عناصر کو کچلنے کیلئے قانون نافذ کرنیوالی ایجنیسوں اور ملکی تحفظ کیلئے کوشاں اداروں کیساتھ تعاون نہیں کرتے، خطرناک قسم کی گوریلا جنگ جیتنا کارِ دشوار ہوتا ہے۔ یہ امر باعث فخر و انبسات ہے کہ ہمارے غازیوں اور مجاہدوں نے پاکستانی قوم کیساتھ مل کر ملک کو اندرونی خطرے سے بچانے کیلئے شدت پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کا جو عزم کیا ہے، اس میں حاصل ہونیوالی کامیابیاں تاریخ کا روشن باب ہیں۔ بالکل اسی طرح جیسے ستمبر 65ء کی جنگ میں ہماری قوم نے عزم و استقلال سے دفاع وطن کا عظیم مشن سرانجام دے کر تاریخ رقم کی تھی۔

جنرل راحیل شریف نے بجا طور پر کہا کہ دہشتگردی کی جنگ ایک غیر روایتی جنگ ہے، جس میں قوم اور مسلح افواج نے شانہ بشانہ بے انتہا قربانیاں دی ہیں۔ انہی قربانیوں کا صلہ ہے کہ دنیا بھر کے ان ممالک کی نسبت جہاں دہشتگرد آئے روز اپنا اثر دکھاتے ہیں، پاکستان میں دہشتگردی کے عفریت پر پوری کامیابی کیساتھ قابو پایا ہے۔ شمالی وزیرستان جو دہشتگردوں کی پناہ گاہ تھا، آج وہاں حکومتی رٹ قائم ہوچکی ہے۔ جنرل راحیل شریف کی یہ بات پوری قوم کیلئے خوش کن ہے کہ حضور کی تلوار سے منسوب شروع کیا گیا ضرب عضب آپریشن کامیابی کیساتھ اپنے انجام کو پہنچے گا۔ پاکستان نے اپنی بقا کی جنگ میں بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کیلئے عوام اور فوج نے کندھے سے کندھا ملا کر بزدل دشمن کی ساری سازشیں ناکام بنا دی ہیں۔ اس کیلئے قوم اور عسکری ادارہ قابل مبارکباد ہے۔ عوام پُرامید ہیں کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان اور خطے میں قیام امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ اس کیلئے پاک فوج کی لازوال کامیابیاں عسکری تاریخ کا روشن باب رہیں گی۔


خبر کا کوڈ: 566245

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/566245/آرمی-چیف-کا-شاندار-خطاب-اور-پاکستانی-قوم-عزم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org