0
Sunday 18 Sep 2016 19:30

کراچی میں روپوش 8000 دہشتگردوں کو پکڑنے کیلئے تیاریاں مکمل

کراچی میں روپوش 8000 دہشتگردوں کو پکڑنے کیلئے تیاریاں مکمل
رپورٹ: ایس جعفری

ملکی سلامتی کے ذمہ دار حساس اداروں نے 8000 دہشت گردوں کو پکڑنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، دہشت گردوں کے بیرون ملک رابطے پکڑے گئے ہیں، کراچی میں ہاٹ آپریشن ٹین نائٹ کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں عید قربان کے بعد 10 بڑے مرحلوں میں شہر کے خفیہ مقامات پر مقیم سیاسی و مذہبی وابستگی والے دہشت گردوں، جن کی تعداد 8 ہزار سے زائد بتائی جا رہی ہے، کے خلاف ملکی حساس اداروں ک جانب سے ہاٹ آپریشن ٹین نائٹ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ان چھپے ہوئے دہشت گردوں میں تحریک طالبان پاکستان، افغان طالبان، کالعدم لشکر جھنگوی، کالعدم جنداللہ، کالعدم لشکر احرار، لیاری گینگ وار، متحدہ قومی موومنٹ سمیت دیگر کالعدم دہشتگرد تنظیمیں اور سیاسی و لسانی جماعتوں کے عسکری ونگز شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملکی حساس اداروں نے کراچی میں چھپے ہوئے دہشت گردوں کے بیرون ملک رابطے پکڑے لئے ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ، سیکٹرز اور زون لیبر ونگ کے لاتعداد لوگ جو جنوبی افریقہ، بنکاک (تھائی لینڈ)، ملائیشیا، امریکا، برطانیہ میں مقیم ایسے لوگوں سے رابطہ میں ہیں، جو مختلف سموں کے ذریعے جڑے ہوئے ہیں اور رابطے میں ہیں، ان تمام افراد نے ان سموں کے نمبروں پر واٹس اپ، ایمو (imo)، اسکائپ سمیت کئی دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنا رکھے ہیں، جن پر وہ رابطے میں رہتے ہیں، جس کا انکشاف ایم کیو ایم کے عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والے پہلے سے گرفتار دہشتگردوں نے کیا ہے، ان گرفتار دہشتگردوں سے ملنے والی معلومات پر حساس اداروں نے بیرون ملک روابط اور روپوش دہشتگردوں کے بارے میں تفصلات حاصل کر لی ہیں، جس کی مدد سے عنقریب بڑے کریک ڈاؤن کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشتگردوں کے رابطہ کاروں میں افغانستان میں مقیم تخریب کار عناصر شامل ہیں، جبکہ افغانستان میں مقیم عناصر سے ہی کالعدم لشکر جھنگوی، کالعدم لشکر احرار سمیت کئی کالعدم دہشتگرد تنظیمیں رابطے میں ہیں۔

کالعدم لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ لندن، سلطنت اومان اور قطر میں مقیم لوگوں سے ہدایت ملنے کے دوران ہونے والے رابطے پکڑے گئے ہیں۔ ایران کے شہر سیستان سے آئے ہوئے کالعدم دہشتگرد تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھی تلاش جاری ہے، جو کوئٹہ میں دہشت گردی کے کئی واقعات میں ملوث ہیں۔ حساس اداروں نے کراچی کے بارہ سے زائد علاقوں جن میں لیاقت آباد، نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، لانڈھی، کورنگی، ملیر، خدا کی بستی، شاہ فیصل، کیماڑی، منگھو پیر اور کنواری کالونی شامل ہیں، کی کڑی نگرانی شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق 8000 دہشت گردوں کو پکڑنے کیلئے بنائے گئے ہاٹ آپریشن ٹین نائٹ کی ایک بڑی وجہ کراچی آپریشن کی کامیابی، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اور غیر ملکی مداخلت روکنے کے ساتھ ساتھ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی سکیورٹی کو ممکن بنانا ہے، کیونکہ امریکہ، بھارت، افغانستان سمیت کئی ممالک اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل کے حق میں نہیں ہیں، اس کیلئے یہ ممالک کالعدم دہشتگرد تنظیموں، مختلف سیاسی و لسانی جماعتوں کے عسکری ونگز کو مالی و عسکری سپورٹ کر رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 568282
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش