0
Sunday 20 Nov 2016 23:17

سعودی عرب کی یمنی عوام پر بمباری کیلئے پاکستان سے JF17 تھنڈر طیارے خریدنے کی تیاری

سعودی عرب کی یمنی عوام پر بمباری کیلئے پاکستان سے JF17 تھنڈر طیارے خریدنے کی تیاری
رپورٹ: ایس اے زیدی

یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک کی افواج بے گناہ عوام کے قتل عام میں ملوث ہیں، جسے کبھی پراکسی وار کا رنگ دیا جاتا ہے، تو کبھی مقدس مقامات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے دفاع کی جنگ۔ اس جنگ کو بنیاد بناتے ہوئے سعودی عرب دنیا بھر میں فرقہ وارانہ جنگ شروع کرنے کے مزموم عزائم رکھتا ہے، سعودی عرب کی جانب سے آئے روز یمن میں بے گناہ عوام کو بمباری کرکے شہید کیا جا رہا ہے، اس جنگ کا اب تک پاکستان عملی طور پر حصہ نہیں بنا، تاہم باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی عرب یمنی عوام پر بم برسانے کیلئے پاکستان سے انتہائی جدید ٹیکنالوجی کے حامل اور جنگوں کے اہم اہم ہتھیار ’’جے ایف 17 تھنڈر‘‘ طیارے خریدنے کا خواہاں ہے۔ ذرائع نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ بتایا ہے کہ سعودی فضائیہ پاکستانی ان لڑاکا طیاروں میں کافی دلچسپی لے رہی ہے اور یہ طیارے بڑی تعداد میں خریدنے کی خواہش مند بھی ہے۔ اس خواہش کا اظہار سعودی فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل محمد صالح العتیبی نے کچھ عرصہ قبل اپنے دورہ پاکستان میں کیا تھا، تاہم پاکستانی حکام کی جانب سے اب تک اس کی کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔

قبل ازیں پاکستان میں سعودی عرب کے موجودہ سفیر عبداللہ مرزوق الظہرانی کے حوالے سے بھی ایسی خبریں آچکی ہیں کہ سعودی حکومت، پاکستانی دفاعی مصنوعات میں دلچسپی لے رہی ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ جب خاص طور پر سعودی فضائیہ کے لئے جے ایف 17 تھنڈر کی ممکنہ خریداری سے متعلق کوئی بات منظر عام پر آئی ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت سعودی فضائیہ کے بھاری لڑاکا طیاروں میں ایف 15، یورو فائٹر ٹائفون اور پاناویا ٹورنیڈو شامل ہیں، جب کہ ہلکے لڑاکا طیاروں میں اس کے پاس پرانی قسم کے ’’ایف 5 ای ٹائیگر II‘‘ ہی موجود ہیں، جو نارتھروپ گرومین کے تیار کردہ ہیں۔ چونکہ پاکستان کا جے ایف 17 تھنڈر ہلکے اور کثیرالمقاصد لڑاکا طیاروں ہی سے تعلق رکھتا ہے، اس لئے ممکنہ طور پر یہ سعودی فضائیہ میں انہی پرانے ایف 5 لڑاکا طیاروں کی جگہ لے گا۔ پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر میں نہ صرف جدید ترین ریڈار نصب کرنے کی تیاری ہے، بلکہ یہ حدِ نظر سے دور تک، فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں سے بھی لیس کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اس طیارے کو استعمال میں رکھنے کی لاگت (آپریشنل کاسٹ) بھی بہت کم ہے، یہ بھی ممکن ہے کہ سعودی عرب، پاکستان سے دو نشستوں والے ’’جے ایف 17 بی‘‘ خریدے، تاکہ انہیں اپنے پائلٹوں کی تربیت کے علاوہ زمینی اہداف کے خلاف مخصوص کارروائیوں میں بھی استعمال کرسکے۔ واضح رہے کہ ’’جے ایف 17 بی‘‘ کی اولین پروازیں اس سال کے اختتام تک متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ امکان بھی بعید از قیاس نہیں کہ سعودی عرب، پاکستان سے دونوں طرح کے (یک نشستی اور دو نشستی) جے ایف 17 لڑاکا طیارے بتدریج خریدنا چاہتا ہو۔ یہ نکتہ اس لئے بھی قابلِ توجہ محسوس ہوتا ہے، کیونکہ اس وقت یمن میں حوثی قبائل کی جانب سے سعودی افواج کو مسلسل مزاحمت کا سامنا ہے اور سعودی عرب پاکستان سے یہ لڑاکا طیارے خرید کر یمن کیخلاف جنگ میں اپنا دفاع مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ یمنی عوام کے خلاف سعودی عرب اور اس کے اتحادی فضائی کارروائیاں میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں، لیکن اس ضمن میں امریکی اور یورپی لڑاکا طیاروں کے اخراجات سعودی عرب پر بھاری اقتصادی بوجھ کے طور پر مسلط ہیں، جنہیں سعودی عرب کم کرنا چاہتا ہے اور پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے کم خرچ بالا نشین حل کا درجہ رکھتے ہیں۔

یمن میں بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے کیلئے سعودی عرب کا پاکستان سے یہ لڑاکے طیارے خریدنے کا معاملہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے، کیونکہ پاکستانی عوام کی ایک واضح اکثریت یمن جنگ کا حصہ بننے کی خواہاں نہیں، بلکہ رائے عامہ یہ ہے کہ یمنی عوام پر سعودی جارحیت کا سلسلہ فوری طور پر رکوانے کیلئے پاکستانی حکومت سفارتی تعلقات استعمال کرے، ایسے میں اگر پاکستان یمنی عوام پر بمباری کیلئے سعودی عرب کو جے ایف 17 تھنڈر طیارے دیتا ہے تو اس کا مطلب بے گناہ لوگوں کے قتل میں ملوث ہونا ہے اور اس اقدام کو پاکستانی عوام کسی صورت پسند نہیں کریں گے، کعبہ اور مدینہ کے دفاع کا کھوکھلا نعرہ لیکر اس وقت سعودی عرب عالم اسلام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے اور پاکستان میں بھی سعودی ریالوں پر نظر رکھنے والے عناصر یمن جنگ کو پراکسی وار یا پھر مقدسات کے تحفظ کی جنگ قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت پاکستان اور عسکری حکام کو یمن جنگ کا حصہ بننے کی بجائے اس جنگ کو روکنے کیلئے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی یمن میں بے گناہ لوگوں کے قتل عام میں مصروف ہیں۔
خبر کا کوڈ : 582107
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش