0
Wednesday 7 Dec 2016 20:30

امام حسن عسکری (ع) کا اسحاق کندی اور جاثلیق نصرانی کو جواب

امام حسن عسکری (ع) کا اسحاق کندی اور جاثلیق نصرانی کو جواب
تحریر: محمد لطیف مطہری کچوروی

اسحاق کندی عراق کے دانشوروں اور فلاسفہ میں سے تھا اور لوگوں میں علم، فلسفہ اور حکمت کے میدان میں شہرت رکھتا تھا، لیکن اسلام قبول نہیں کرتا تھا اور اُس نے اپنی ناقص عقل سے کام لیتے ہوئے فیصلہ کر لیا کہ قرآن میں موجود متضاد و مختلف امور کے بارے میں ایک کتاب لکھے، کیونکہ اُس کی نظر میں قرآن کی بعض آیات بعض دوسری آیات کے ساتھ ہم آہنگ اور مطابقت نہیں رکھتی ہیں اور ان کی تطبیق سے معلوم ہوتا ہے کہ قرآن میں (نعوذ باللہ) نا ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ اس لئے اُس نے سوچا کہ ایسی کتاب لکھے، جس میں وہ یہ ثابت کرے کہ قرآن میں تناقض اور ضد و نقیض چیزیں پائی جاتی ہیں۔ اس کے لکھنے میں وہ اس قدر سرگرم ہوا کہ لوگوں سے الک تھلگ ہوکر اپنے گھر کے اندر ایک گوشہ میں بیٹھ کر اس کام میں مصروف ہوگیا، یہاں تک اس کا ایک شاگرد، امام حسن عسکری علیہ السلام کی خدمت میں شرفیاب ہوا، امام نے اس سے فرمایا: کیا تم لوگوں میں کوئی ایک عقلمند اور باغیرت انسان نہیں ہے، جو اپنے استاد کو دلیل و برہان کے ساتھ ایسی کتاب لکھنے سے روک اور اُسے اس فیصلے پر پشیمان کرسکے۔ اس شاگرد نے عرض کیا: ہم اس کے شاگرد ہیں، اس لئے اعتراض نہیں کرسکتے۔

امام نے فرمایا: کیا جو کچھ میں تم سے کہوں گا، اس تک پہنچا سکتے ہو۔؟ شاگرد نے کہا: ہاں، امام نے فرمایا: اس کے پاس جاؤ  اور وه جو کام کرنا چاہتا ہے، اس میں اس کی مدد کرو، پھر اس سے کہو استاد ایک سوال ہے، اگر اجازت دیں تو پوچھوں؟ جب وه تم کو سوال کرنے کی اجازت دے تو اس سے کہو: اگر قرآن کا بیان کرنے والا آپ کے پاس آئے (اور کہے کہ میری مراد یہ نہیں ہے، جو تم سمجھ رہے ہو) کیا آپ یہ احتمال نہیں دیں گے کہ قرآنی الفاظ کے وه مفهوم و معانی نہیں ہیں، جو آپ نے سمجھا ہے؟ وه کہے گا: ہاں یہ احتمال پایا جاتا ہے، چونکہ اسحاق کندی اگر مطلب پر توجہ کرے گا تو بات کو سمجھ لے گا، جب وه تمهارے سوال کا مثبت جواب دے تو اس سے کہو: آپ کو یہ یقین کہاں سے حاصل ہوگیا کہ قرآنی الفاظ کے وہی معنی مراد لئے گئے ہیں، جو آپ سمجھ رہے ہیں؟! ہوسکتا ہے کہ قرآن کا مفهوم کچھ اور ہو، جس تک آپ کی رسائی نہ ہوسکی ہو اور آپ قرآنی الفاظ و عبارتوں کو دوسرے معانی و مفاہیم کے سانچے میں ڈھال رہے ہوں۔!

شاگرد اپنے استاد کے  پاس گیا اور جس طرح امام نے فرمایا تھا ہو بہو اس نے اپنا سوال اسحاق کندی کے سامنے پیش کر دیا، اسحاق کندی نے اس سے سوال دهرانے کے لئے کہا، اس کے بعد وه فکر میں غرق ہوگیا۔ اس نے اپنے شاگرد کو قسم دے کر پوچھا کہ یہ سوال تمهارے ذھن میں کہاں سے آیا، شاگرد نے کہا: بس ایسے ہی میرے ذہن میں ایک سوال اٹھا اور میں نے آپ سے پوچھ لیا۔ استاد بار بار شاگرد سے پوچھتا رہا اور شاگرد بھی ٹال مٹول کرتا رہا۔ آخر کار اسحاق کندی نے کہا: یہ سوال تمهارے ذھن کی پیداوار نہیں ہے اور ممکن ہی نہیں ہے کہ تم اور تمهارے جیسے افراد کے اذہان میں اس طرح کے سوال آجائیں۔ اس دفعہ شاگرد نے حقیقت سے پردہ اٹھاتے ہوئے جواب دیا: ابو محمد امام حسن عسکری علیہ السلام نے مجھے اس سوال کی تعلیم دی تھی، اسحاق کندی نے کہا: اب تم نے سچ بات بتائی، یہ سوال اس خاندان کے علاوه کسی اور کے ذهن میں نہیں آسکتا ہے۔ اس کے بعد اسحاق کندی نے اس سلسلے میں اب تک جو کچھ لکھا تھا، اسے آگ میں ڈال کر جلا دیا۔۱

تاریخ میں نقل ہے کہ جس زمانے میں حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام سامرا قید میں تھے، شیدید قحط پیش آگیا، خلیفۂ وقت معتمد عباسی نے مسلمانوں کو حکم دیا کہ صحرا میں جائیں، نماز استسقاء بجالائیں اور خداوند متعال سے بارش کی دُعا کریں۔ مسلمانوں نے تین دن تک مسلسل ایسا ہی کیا، لیکن بارش نہ برسی۔ چوتھے دن جاثلیق نصرانی مسلمانوں کی ایک تعداد کے ساتھ طلب باران کے لئے صحرا گئے۔ وہاں مسیحی راہب نے اپنے ہاتھ آسمان کی طرف پھیلائے اور بارش برسنے لگی۔ اگلے دن پھر لوگوں نے طلب باران کیلئے ایسا ہی کیا اور راہب کی دعا سے آسمان سے بارش برسنا شروع ہوگئی اور لوگ سیراب ہوئے۔ لوگوں کو راہب کے اس عمل پر تعجب ہونے لگا اور وہ اسلام کی حقانیت پر شک کرنے لگے۔ خلیفۂ وقت کیلئے یہ مسئلہ بہت پریشانی کا باعث بن گیا۔ لہٰذا اس مشکل سے نکلنے کیلئے اُس نے صالح بن وصیب کو حکم دیا کہ امام حسن عسکری علیہ السلام کو آزاد کر دے اور انہیں اس کے پاس لے آئے۔ حضرت نے خلیفہ سے فرمایا: لوگوں سے کہو کہ کل پھر حاضر ہوں۔ خلیفہ کہنے لگا: لوگوں کی ضرورت پوری ہوگئی ہے اور دوبارہ طلب باران کی اب ضرورت نہیں۔ حضرت نے فرمایا، میں چاہتا ہوں لوگوں کے اذہان سے شک نکال دوں اور اس واقعے سے اُنہیں نجات بخشوں۔

خلیفہ نے حکم دیا کہ جاثلیق اور مسیحی راہب تیسرے دن بھی طلب باران کے لئے حاضر ہوں اور لوگ بھی ساتھ آئیں۔ خلیفے کے حکم کے مطابق یہ سب آگئے۔ تمام مسیحوں نے حسب عادت ہاتھوں کو آسمان کی طرف پھیلایا، اُس راہب نے بھی ایسا ہی کیا، اچانک آسمان پر بادل نمودار ہونے لگے اور بارش برسنے لگی۔ اس موقع پر حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام نے لوگوں کا شک و شبہہ دور کرنے اور اپنے جد بزرگوار حبیب خدا حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین مبین ’’اسلام‘‘ کی حقانیت ثابت کرنے کیلیے راہب سے فرمایا کہ اپنے ہاتھوں کو کھولے، جب اُس نے ہاتھ کھولے تو سب نے دیکھا کہ اُس کی انگلیوں کے درمیان کسی آدمی کے بدن کی ہڈی ہے۔ پس امام علیہ السلام نے مسیحی راہب کے ہاتھ سے وہ ہڈی لے لی، ایک کپڑے میں لپیٹ دی اور پھر راہب سے فرمایا: اب طلب باران کرو۔ راہب نے پھر اُسی طرح کیا، لیکن بارش برسنے کی بجائے سورج ظاہر ہوگیا۔

لوگوں کو اس واقعے سے مزید تعجب ہوا۔ اس وقت خلیفہ نے حضرت سے سوال کیا: یا ابا محمد! اس امر کی وجہ بیان فرمائیں۔ حضرت نے فرمایا: ان لوگوں نے کسی قبرستان میں ایک پیغمبر کے بدن کی ہڈی حاصل کر لی تھی اور کسی بھی پیغمبر کے بدن کی ہڈی زیر آسمان جب بھی آشکار و ظاہر ہو تو آسمان سے بارش برسنا شروع ہو جاتی ہے۔ لوگوں نے حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی وضاحت پر یقین کر لیا، پھر اسی طرح خود بھی آزمائش کرکے دیکھا تو قضیہ ویسے ہی تھا جیسے حضرت نے بیان فرمایا تھا۔ اس واقعہ کے بعد لوگوں کے اذہان سے دین اسلام کے بارے میں شکوک برطرف ہوگئے۔ خلیفہ اور دوسرے مسلمان سب خوش ہوگئے۔ یہاں حضرت نے دوسرے قیدیوں کی رہائی کے بارے میں بھی خلیفے سے فرمایا اور خلیفے نے حکم دیا کہ تمام قیدیوں کو آزاد کر دیا جائے۔
حوالہ جات
۱۔ مناقب، ج۴، ص۴2۴
۲۔ زندگی حضرت امام حسن عسکری(ع)، علی‌اکبر جہانی، ص۱۳۵
خبر کا کوڈ : 589586
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش