0
Tuesday 14 Mar 2017 23:00

سندھ بھر میں مردم شماری، تمام انتظامات مکمل، فوج اور رینجرز تعینات

سندھ بھر میں مردم شماری، تمام انتظامات مکمل، فوج اور رینجرز تعینات
رپورٹ: ایس ایم عابدی

سندھ بھر میں خانہ اور مردم شماری کا آغاز ہونے کو ہے۔ ادارہ شماریات، وفاقی اور سندھ حکومتوں نے خانہ شماری اور مردم شماری کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ مردم شماری کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے۔ سکیورٹی کے لئے پاک فوج، رینجرز اور پولیس تعینات ہوگی۔ صدر مملکت ممنون حسین اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ملک میں 19 سال بعد ہونے والی مردم شماری کا آغاز کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے 8 اضلاع میں چھٹی مردم شماری کے پہلے مرحلے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ پیر اور منگل کو شمار کنندگان کو مردم شماری کا سامان فراہم کردیا ہے اور خانہ شماری کا آغاز بدھ سے شروع ہوگا، جبکہ 12 ہزار سے زائد مردم شماری عملہ اور ہر شمار کنندہ کے ہمراہ ایک فوجی اہلکار بھی اعداد و شمار جمع کرے گا۔ سندھ میں مردم شماری کے پہلے مرحلے میں کراچی ڈویژن کے 6 اضلاع، ضلع حیدرآباد اور ضلع گھوٹکی شامل ہیں، سیکیورٹی کے لئے فوج، رینجرز اور پولیس تعینات ہوگی۔ کراچی کے اضلاع کو 21 مردم شماری اضلاع میں تقسیم کیا گیا ہے۔

ذرائع سے حاصل اعداد و شمار کے مطابق مردم شماری کے لئے کراچی میں 365 چارجز ہیں۔ ان چارجز کو 2401 سرکلز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سرکلز کو 14550 بلاکوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 10 ہزار 68 افراد پر مشتمل عملہ تعینات کیا گیا ہے، جن میں ایک ڈویژنل انچارج، 6 ضلعی انچارجز، 21 مردم شماری اضلاع انچارجز، 365 چارج سپریٹنڈنٹ، 2401 سرکلز سپروائز اور 7 ہزار 274 شمار کنندگان شامل ہیں۔ کراچی کے 21 مردم شماری اضلاع میں کراچی غربی میں سائٹ، بلدیہ ٹاون، اورنگی ٹاون، معین آباد، منگھوپیر، ماڑی پور، ہاربر اور منوڑا کنٹونمنٹ، جبکہ کراچی جنوبی میں لیاری، گارڈن، آرام باغ، صدر، سول لائن، کراچی کنٹونمنٹ اور کلفٹن کنٹونمنٹ شامل ہیں۔ کراچی شرقی میں جمشید کوارٹرز، گلشن اقبال، فیروز آباد، گلزار ہجری (اسکیم 33) اور فیصل کنٹونمنٹ، جبکہ کورنگی کراچی میں شاہ فیصل کالونی، مدینہ کالونی، کورنگی اور لانڈھی شامل ہیں۔ کراچی وسطی میں نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، گلبرگ، لیاقت آباد اور ناظم آباد اور ملیر کراچی میں بن قاسم، ابراہیم حیدری، شاہ مراد، گڈاپ، مراد میمن گوٹھ، ائیرپورٹ، کورنگی کریک کنٹونمنٹ اور ملیر کنٹونمنٹ کو مردم شماری ضلع بنایا گیا۔

ضلع حیدر آباد میں مردم شماری کے لئے 71 چارجز ہیں۔ ان چارجز کو 339 سرکلز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سرکلز کو 2072 بلاکوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر ایک ہزار 448 افراد پر مشتمل عملہ تعینات کیا گیا ہے، جن میں ایک ڈویژنل انچارج، ایک ضلعی انچارج، 5 مردم شماری اضلاع انچارجز، 71 چارج سپریٹنڈنٹ، 339 سرکلز سپروائز اور ایک ہزار 38 شمار کنندگان شامل ہیں۔ ضلع حیدرآباد کے 5 مردم شماری اضلاع میں تعلقہ حیدرآباد سٹی، تعلقہ لطیف آباد، تعلقہ قاسم آباد، حیدر آباد کنٹونمنٹ اور تعلقہ اندرون حیدرآباد۔ ضلع گھوٹکی میں مردم شماری کے لئے 20 چارجز ہیں۔ ان چارجز کو 101 سرکلز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سرکلز کو 1284 بلاکوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 763 افراد پر مشتمل عملہ تعینات کیا گیا ہے، جن میں ایک ڈویژنل انچارج، ایک ضلعی انچارج، 5 مردم شماری اضلاع انچارجز، 20 چارج سپریٹنڈنٹ، 101 سرکلز سپروائز اور 642 شمار کنندگان شامل ہیں۔

ضلع گھوٹکی کے 5 مردم شماری اضلاع میں تعلقہ گھوٹکی، تعلقہ خان گڑھ، میرپور ماتھیلو، تعلقہ اوباڑو اور تعلقہ ڈھرکی۔ مردم شماری شیڈول کے مطابق 15 سے 17 مارچ تک بلاک نمبر 1 کی گھر شماری ہوگی اور اسی دوران شمار کنندہ گھر کے کسی بھی بالغ فرد کا شناختی کارڈ نمبر حاصل کرکے گھر کے افراد کی تعداد معلوم کرے گا، اسی مرحلے میں گھروں کی مکمل کیفیت بھی درج کی جائے گی۔ 18 سے 27 مارچ تک شمار کنندہ مردم شماری کی معلومات جمع کرے گا۔ 28 مارچ کو بغیر گھروں کی آبادی شمار کی جائے گی اور 29 سے 30 مارچ تک شمار کنندگان سے پہلے بلاک کی جمع شدہ مردم شماری دستاویزات جمع کرکے بلاک نمبر 2 کی مردم شماری دستاویزات فراہم کی جائیں گی۔

شیڈول کے مطابق 31 مارچ سے 2 اپریل تک بلاک نمبر 2 کی گھر شماری ہوگی اور اسی دوران شمار کنندہ گھر کے کسی بھی بالغ فرد کا شناختی کارڈ نمبر حاصل کرکے گھر کے افراد کی تعداد معلوم کرے گا، اسی مرحلے میں گھروں کی مکمل کیفیت بھی درج کی جائے گی۔ 3 سے 12 اپریل تک شمار کنندہ مردم شماری کی معلومات جمع کرے گا۔ 13 اپریل کو بغیر گھروں کی آبادی شمار کی جائے گی اور 14 سے 15 اپریل تک شمار کنندگان سے دوسرے بلاک کی جمع شدہ مردم شماری دستاویزات جمع کی جائیں گی۔ یاد رہے کہ ہر شمار کنندہ کے علاقے کو دو بلاکوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ مردم شماری حکام کے مطابق شمار کنندگان کو تمام ضروری سامان پیر اور منگل کو فراہم کردیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 618270
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش