0
Tuesday 2 May 2017 15:32

حکمرانوں کے عوام کی آنکھ میں دھول جھونکنے کی روش

حکمرانوں کے عوام کی آنکھ میں دھول جھونکنے کی روش
رپورٹ: ایس اے زیدی

سیاستدان اقتدار میں آنے کیلئے عوام کو مختلف طریقوں سے دھوکہ دینے کی کوششوں میں اکثر مصروف رہتے ہیں، کبھی بلند بانگ دعوے، وعدے اور یقین دہانیاں کرائی جاتی ہیں تو کبھی دوسری حکومتوں اور جماعتوں کے ترقیاتی کاموں پر اپنے نام کی تختیاں لگادی جاتی ہیں۔ اس قسم کا ایک واقعہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ ضلع لیہ میں بھی پیش آیا، جہاں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف جلسہ سے خطاب کیلئے تشریف لائے، وزیراعظم نے دیگر ترقیاتی منصوبوں سمیت لیہ، تونسہ پل اور سڑک کا سنگ بنیاد رکھا۔ مزے کی بات یہ ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے 700 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے اس لیہ، تونسہ پل کا سنگ بنیاد کوئی پہلی بار نہیں رکھا بلکہ اس سے پہلے 1988ء میں بھی وہ لیہ، تونسہ پل کا بطور وزیراعلیٰ پنجاب سنگ بنیاد رکھ چکے ہیں۔ اس حوالے سے منعقد کیے گئے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ پل 700 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگا، جس کی وجہ سے لیہ اور تونسہ کے درمیان 180 کلومیٹر کا فاصلہ کم ہو کر صرف 24 کلومیٹر رہ جائے گا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے 29 سال پہلے بھی اسی پل کا بطور وزیراعلیٰ پنجاب سنگ بنیاد رکھا تھا۔ لیہ، تونسہ پل کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف تین بار ملک کے وزیر اعظم بنے جبکہ ان کے چھوٹے بھائی میاں شہباز شریف صوبے کی وزارت عالیہ کی گدی پر تین بار براجمان ہوئے۔ اس دوران 29 سال گزر گئے لیکن لیگی قیادت کو یہ پل مکمل کرانے کا کوئی خیال نہیں آیا، اس پل کا دوبارہ سنگ بنیاد رکھنا مسلم لیگ نون کی حکومت کی جانب سے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا اور اپنے اقتدار کو بچانے کی کوششوں کی طرف واضح اشارہ ہے۔ 
قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مخالفین کا ایجنڈا جھوٹ اور الزام تراشی ہے، وہ ہمیں گالیاں نکالتے ہیں ہم گالی کا جواب گالی سے نہیں دیتے۔ وہ روز جھوٹ بولتے ہیں ہم عوام کی خدمت پریقین رکھتے ہیں۔ نواز شریف وعدے پورے کرتا ہے، ہم صرف فیتہ کاٹ کر نہیں چلے جاتے۔ میں نے ہدایت کی ہے کہ پل کا کام مکمل ہونا چاہیے۔

سابق وفاقی وزیر برائے دفاعی پیدوار سردار بہادر احمد خان سیہڑ نے نواز شریف کے دورہ لیہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیہ تونسہ پل عسکری ضرورت کے تحت بنایا جارہا ہے جوکہ سی پیک کا حصہ ہے، میاں صاحب نے اپنی طرف سے ضلع لیہ میں سمرا نشیب کے لیے ایک سڑک کا اعلان کیا ہے اور اپنی طرف سے کچھ نہئں دیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ لیہ تونسہ پل بننے سے لیہ تونسہ کے بہت سارے مواضعات دریا بردی کا شکار ہوجائیں گے، یہاں پر پل کے ساتھ سپر بند کا اعلان بھی کرنا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیہ کو کچھ نہ دے کر لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑکا گیا ہے، ایم ایم روڈ دو رویہ نہ ہونے سے حادثات معمول بن گئے ہیں۔ ایم ایم روڈ کو دو رویہ نہ کرکے لیہ کی عوام کو مایوس کیا گیا۔ این اے ایک سو اکیاسی کی عوام کو کچھ نہیں دیا گیا، تحصیل کروڑ اور تحصیل چوبارہ کے عوام کو بھی مایوس کیا گیا۔ تحصیل چوبارہ کا تو میاں صاحب نے اپنے خطاب میں ذکر تک نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ جلسہ میں لوگوں کی کم تعداد نے مسلم لیگ نون کی قیادت کو مایوس کیا ہے، لیہ کی عوام نے مسلم لیگ نون کی پالیسیوں سے مایوس ہوکر جلسہ میں شرکت نہ کرکے عدم اعتماد کیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے لیہ، چوک اعظم، فتح پور اور کروڑ لعل عیسن کے لیے سوئی گیس کی فراہمی کا اعلان کیا، وزیراعظم نے چک نمبر ایک سو اٹھائیس سے سمرا نشیب تک پچاس کلومیٹر سڑک کی تعمیر کے احکامات بھی جاری کیے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ہیلتھ کارڈ سکیم میں لیہ کو بھی شامل کیا گیا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ لیہ کے کئی مسائل نواز شریف صاحب کی تقریر سے غائب رہے، ان میں بے گھر شہریوں کے لیے رہائشی منصوبے، ریلوے اسٹیشن لیہ کی تعمیر و مرمت، سال ہا سال سے بند تھل ایکسپریس کی بحالی، بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب اور ٹرپنگ کے پیش نظر ضلع لیہ کی حدود میں واقع گرڈ اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن وغیرہ شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 632732
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش