QR CodeQR Code

کراچی ضمنی الیکشن، الطاف حسین کیجانب سے متحدہ پاکستان کے بجائے پیپلز پارٹی کی حمایت متوقع

8 Jul 2017 00:19

اسلام ٹائمز: ماضی میں الطاف حسین سے خونی بغاوت کرنیوالے مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد نے اپنی روایتی حریف ایم کیو ایم پاکستان کے انتخابی میدوار کامران ٹیسوری کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ مجلس وحدت مسلمین اور عوامی نیشنل پارٹی پہلے ہی پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کرچکی ہیں۔


رپورٹ: ایس جعفری

کراچی کے صوبائی حلقے پی ایس 114 میں 9 جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے دو انتہائی اہم پیشرفت سامنے آچکی ہیں، میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلی پیشرفت میں پیپلز پارٹی اور متحدہ لندن میں خفیہ گٹھ جوڑ ہوگیا ہے، جبکہ دوسری جانب ماضی میں الطاف حسین سے خونی بغاوت کرنے والے مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد نے اپنی روایتی حریف ایم کیو ایم پاکستان کے انتخابی امیدوار کامران ٹیسوری کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد حلقے میں انتخابی صورتحال دلچسپ صورت اختیار کرچکی ہے، مجلس وحدت مسلمین اور عوامی نیشنل پارٹی پہلے ہی پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کرچکی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ جو کہ 22 اگست 2016ء کو متحدہ قائد الطاف حسین کی پاکستان مخالف اشتعال انگیز تقریر کے بعد تقسیم کا شکار ہوچکی ہے اور دیگر گروپ کی طرح متحدہ پاکستان کے نام سے بھی ایک بڑا دھڑا فاروق ستار کی قیادت میں وجود میں آچکا ہے، ایم کیو ایم پاکستان کے اثر کو زائل کرنے کیلئے متحدہ لندن کے سربراہ الطاف حسین سے پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنماء اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کئی ہفتوں قبل اس بات کی سفارش کی تھی کہ وہ متحدہ کی سیاست کو بچانے کیلئے ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کرنے کے بجائے پیپلز پارٹی کے امیدوار سینیٹر سعید غنی جو کہ خود اردو بولنے والے ہیں، کی حمایت کریں۔

متحدہ قائد الطاف حسین نے رحمان ملک کی اس تجویز کو قبول کر لیا ہے اور انہیں اپنی حمایت کی یقین دہانی کروا دی ہے، جس کے بعد اطلاعات ہیں کہ الطاف حسین کسی بھی وقت سوشل میڈیا کے ذریعے مہاجر عوام سے اس بات کی اپیل کریں گے کہ وہ پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں۔ ذرائع کے مطابق اس انتخابی گٹھ جوڑ کی خبر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کو بھی ہوچکی ہے، جس پر انہوں نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ لندن اور پیپلز پارٹی کے درمیان رحمان ملک کے توسط سے یہ معاہدہ امریکی شہر شگاگو میں طے ہوا تھا، مگر وہ اس قسم کے کسی بھی معاہدہ کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، تاہم متحدہ لندن کے قریبی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ متحدہ لندن اور پیپلز پارٹی کے درمیان یہ معاہدہ طے پا چکا ہے اور اس بات کا واضح اعلان کسی بھی وقت متحدہ کے قائد الطاف حسین کی اپیل کی صورت میں سامنے آنے کا امکان ہے۔ الطاف حسین کی جانب سے حمایت کا پیپلز پارٹی کے امیدوار کو فائدہ اس وقت ممکن ہے کہ جب مہاجر ووٹرز الیکشن کے روز گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشنز جائیں، اس صورت میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی جیت کے امکانات میں کافی حد تک اضافہ ہو جائے گا، کیونکہ مہاجر عوام کیلئے ابھی بھی الطاف حسین کی اہمیت برقرار ہے، لیکن پارٹی میں دھڑے بندی کے بعد مہاجر عوام کو ووٹ ڈالنے کیلئے گھروں سے نکالنے کیلئے متحدہ لندن کی گراؤنڈ پر فعالیت تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متحدہ لندن کی کسی بھی قسم کی فعالیت کو تقریباً ناممکن بنا دیا ہے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان گراؤنڈ پر فعالیت کے حوالے سے تمام تر نامساعد حالات کے باوجود عہدیداران و کارکنان پر مشتمل ایک بڑی ٹیم رکھتی ہے، جو مہاجر عوام کو اپنے امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کیلئے گھروں سے نکالنے پر آمادہ کرسکتی ہے، اس کے ساتھ ساتھ ماضی میں ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین سے خونی بغاوت کرنے والے مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد نے بھی کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اپنی رہائش گاہ پر ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کر دیا ہے، ایم کیو ایم پاکستان نے بھی آفاق احمد کی جانب سے حمایت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے مہاجر عوام و مہاجر سیاست کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے، اس سے انکار ممکن نہیں کہ آفاق احمد کی حمایت متحدہ پاکستان کے امیدوار کے پلڑے کو بھاری کرنے میں کافی مؤثر و مددگار ثابت ہوگی، کیونکہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری آپس کی خونی لڑائی سے پریشان مہاجر عوام ایم کیو ایم پاکستان اور مہاجر قومی موومنٹ کی اس حالیہ نزدیکی اور ایک دوسرے کیلئے نرم گوشے پر اطمنان کا اظہار کر رہی ہے، بہرحال ضمنی الیکشن کے حوالے سے انتخابی سرگرمیوں کا وقت ختم ہوچکا ہے، اب کس کی حمایت کا کس کو کتنا فائدہ پہنچتا ہے، اس بات کا فیصلہ نو جولائی کو ہی ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 651566

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/article/651566/کراچی-ضمنی-الیکشن-الطاف-حسین-کیجانب-سے-متحدہ-پاکستان-کے-بجائے-پیپلز-پارٹی-کی-حمایت-متوقع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org