0
Sunday 13 Aug 2017 18:34

متحدہ لندن کی ٹارگٹ کلر ٹیم کا سربراہ ہلاک

متحدہ لندن کی ٹارگٹ کلر ٹیم کا سربراہ ہلاک
رپورٹ: ایس ایم عابدی

متحدہ قومی موومنٹ لندن کی لانڈھی میں ٹارگٹ کلر ٹیم چلانے والے خطرناک ٹارگٹ کلر کو مقابلے کے بعد ہلاک کردیا گیا ہے جبکہ پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے خطرناک دہشت گردوں سمیت 184 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ آپریشن ون نے باغ کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ لندن کی لانڈھی میں ٹارگٹ کلر ٹیم چلانے والے خطرناک ٹارگٹ کلر کو مقابلے کے بعد ہلاک کردیا، جبکہ تین خطرناک ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ دو ٹارگٹ کلرز موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران پولیس نے علاقے کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرنے کے بعد دہشت گردوں کے ٹھکانے کی طرف پیش قدمی شروع کی تو پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی گئی اور دہشت گرد موقع سے فرار ہونے لگے، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد زخمی ہوگیا۔ پولیس نے زخمی ہونے والے دہشت گرد سمیت چار دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 222 رائفل، رپیٹر، چار تیس بور پستول اور بھاری مقدار میں گولیاں برآمد کرلیں، زخمی ہونے والے دہشت گرد کو قریبی اسپتال پہنچایا جارہا تھا کہ وہ خون بہہ جانے کی وجہ سے ہلاک ہوگیا۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی آپریشن ون منیر شیخ کے مطابق ہمیں اطلاع ملی تھی کہ ایم کیو ایم لندن کے دہشت گرد باغ کورنگی میں جمع ہوئے ہیں اور شہر میں کسی بڑی دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کی، ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت جاوید ولد عبدالخالق کے نام سے ہوئی، جبکہ گرفتار ہونے والے تین ٹارگٹ کلرز کی شناخت سابق سیکٹر انچارج لانڈھی تقی، ارشد جمال اور حنیف کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والا دہشت گرد لانڈھی میں متحدہ قومی موومنٹ لندن کی ٹارگٹ کلر ٹیم چلا رہا تھا اور اس نے شہر کے مختلف علاقوں میں 35 سے زائد افراد کو قتل کیا، اس کے علاوہ لانڈھی کی چار مارکیٹوں سے روزانہ کی بنیاد پر بھتہ وصول کررہا تھا، ہلاک ہونے والا دہشت گرد ڈکیتی کے کیسوں میں جیل کے اندر کافی عرصے رہا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ہلاک ٹارگٹ کلر جاوید متحدہ قومی موومنٹ کے سابق کورنگی سیکٹر انچارج رئیس مما کا دست راست تھا، گرفتار ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ کے ٹارگٹ کلر ارشد جمال نے تین افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے جبکہ گرفتار ہونے والا ٹارگٹ کلر تقی متحدہ قومی موومنٹ لندن لانڈھی کا سابق سیکٹر انچارج ہے۔

دریں اثناء پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے ایم کیو ایم لندن گروپ کے 2 ٹارگٹ کلرز سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ رینجرز ترجمان کے مطابق زمان ٹاؤن اور سہراب گوٹھ کے علاقوں میں 2 ملزمان محمد صفدر اور کاشف دشتی کو گرفتار کیا جن کی سیاسی وابستگی ایم کیو ایم لندن سے ہے، لیاری سے 3 ملزمان محمد شاہد عرف پپو، ملک ضمیر عرف بٹ اور یاسین کو گرفتار کیا، سہراب گوٹھ سے ایک ملزم سمیع اللہ کو گرفتار کیا، ملزم دہشت گردوں کو ڈیٹونیٹر اور فیوز سپلائی کرنے میں ملوث ہے، گڈاپ پولیس نے دو ملزمان غلام علی اور محمد علی جکو کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، رضویہ انویسٹی گیشن پولیس نے ناظم آباد میں کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان اقبال اور مختیار کو گرفتار کر لیا ہے، گرفتار ملزمان اقدام قتل کے مقدمہ میں مفرور تھے۔ سعود آباد پولیس نے تین ملزمان محمد نعیم، عدنان اور محمد یوسف کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور مال مسروقہ برآمد کرلیا۔ مبینہ ٹاؤن پولیس نے فارن ایکٹ کے تحت ملزم علی ریاض کو گرفتار کر لیا ہے۔

بغدادی پولیس نے منشیات فروش ملزم شاہد کو گرفتار کرکے 1130 گرام چرس برآمد کر لی۔ سعید آباد پولیس نے ملزم سلمان کریم کو گرفتار کرلیا ہے۔ سچل پولیس نے تین ملزمان دلشاد احمد لغاری، طالب حسین لغاری اور عبدالجبار کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ نیو کراچی پولیس نے ملزم نور احمد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں گٹکا برآمد کر لیا ہے۔ بلدیہ پولیس نے ملزم غلام حسین کو گرفتار کرکے 120 گرام چرس برآمد کرلی۔ اقبال مارکیٹ پولیس نے شہزاد آفتاب اور ملک شیر کو گرفتار کر لیا، ملزمان سے 250 گرام چرس برآمد کر لی ہے۔ سرجانی پولیس نے دو ملزمان عمیر اور عاطف کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان سے 40 شراب کی بوتلیں اور 250 گرام چرس برآمد کر لیں۔ موچکو پولیس نے بیٹری چور شاہ نواز کو گرفتار کرکے مسروقہ سامان برآمد کر لیا ہے، ایس آئی یو پولیس نے حسن رضا، محمد نعمان، اویس اور یعقوب کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ دوسری جانب پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں اور مقابلوں کے بعد مزید 151 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ و منشیات برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 660729
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش